تہران: ایران کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق سابق سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کا تابوت ایک غیر اعلانیہ تقریب کے دوران اس مقام پر لے جایا گیا جہاں وہ فضائی حملے میں جاں بحق ہوئے تھے۔
اسلامی جمہوریہ ایران براڈکاسٹنگ کے مطابق ایک غیر متوقع اور غیر اعلانیہ تقریب میں آیت اللہ خامنہ ای کے جسد خاکی کو ان کی جائے شہادت پر منتقل کیا گیا تاکہ وہاں حاضری اور خراج عقیدت پیش کیا جا سکے۔
ایران میں دو روزہ عوامی الوداعی تقریبات 4 اور 5 جولائی کو تہران میں منعقد ہوں گی۔ اسلامی انقلابی گارڈ کور کے مطابق ان تقریبات میں ایک کروڑ بیس لاکھ سے دو کروڑ افراد کی شرکت متوقع ہے جسے ایران کی تاریخ کے سب سے بڑے عوامی اجتماعات میں شمار کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ایرانی حکومت نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔
ایران کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے اور عالمی صورتحال۔ آبنائے ہرمز۔ لبنان میں جنگ بندی اور جاری سفارتی مذاکرات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
ادھر گھانا میں ایران کے سفارت خانے نے 2016 میں اس وقت کے گھانا کے صدر جان ڈرامانی مہاما اور آیت اللہ خامنہ ای کے درمیان تہران میں ہونے والی ملاقات کو یاد کرتے ہوئے ایک تعزیتی پیغام جاری کیا۔
سفارت خانے نے کہا کہ اس ملاقات میں آیت اللہ خامنہ ای نے تیل یا تجارت کی بات نہیں کی بلکہ افریقہ کو درپیش مسائل پر گفتگو کی تھی۔ ان کا مؤقف تھا کہ انتہا پسندی مقامی پیداوار نہیں بلکہ اس کے سرپرست مغربی ممالک اور صہیونی حکومت ہیں۔ ان کے مطابق اس کا حل انہی طاقتوں پر مزید انحصار نہیں بلکہ آزاد ممالک کے درمیان باہمی تعاون میں ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ آیت اللہ خامنہ ای افریقہ کو کسی مسئلے یا صرف ایک منڈی کے طور پر نہیں بلکہ باوقار اقوام کا خطہ سمجھتے تھے جو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کا حق رکھتا ہے۔ سفارت خانے نے اپنے پیغام میں کہا کہ اگرچہ ایران اس ہفتے اپنے شہید رہنما کو سپرد خاک کر رہا ہے لیکن ان کے افکار ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
ہندوستان کی وزارت خارجہ نے بھی اعلان کیا ہے کہ بہار کے گورنر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سید عطاء حسنین اور وزیر مملکت برائے امور خارجہ پبتر مارگریٹا تین جولائی کو ایران روانہ ہوں گے اور مرحوم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نماز جنازہ میں شرکت کریں گے۔
ادھر موجودہ سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای اپنے والد کی نماز جنازہ اور الوداعی تقریبات میں شرکت نہیں کریں گے۔ ان کے نمائندہ برائے ہند آیت اللہ حکیم الٰہی کے مطابق اسرائیل کی جانب سے لاحق سکیورٹی خطرات اور نگرانی کے خدشات کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے پریس ٹی وی کے مطابق دو روزہ عوامی الوداعی تقریبات کے لیے وسیع انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اسلامی انقلابی گارڈ کور کے تہران کمان کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل حسن حسن زادہ نے بتایا کہ چار جولائی کی صبح چھ بجے تہران کے امام خمینی عظیم جائے نماز پر عوامی دیدار کا آغاز ہوگا اور یہ تقریب رات آٹھ بجے تک جاری رہے گی۔ پانچ جولائی کی صبح نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ تہران میں دو بڑی تقریبات منعقد ہوں گی۔ پہلی تقریب امام خمینی جائے نماز پر عوامی دیدار اور نماز جنازہ پر مشتمل ہوگی جبکہ دوسری تقریب میں جنازے کا جلوس نکالا جائے گا۔
حسن حسن زادہ کے مطابق ماہرین کی رائے کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ ایک ہی سڑک پر جنازے کا جلوس نکالنا ممکن نہیں کیونکہ کسی ایک شاہراہ میں متوقع ہجوم کی گنجائش موجود نہیں۔ اس لیے جلوس کو دارالحکومت کے مختلف راستوں سے گزارا جائے گا جبکہ تقریب کے علاقے میں گاڑیوں کی آمدورفت محدود رہے گی تاکہ عوام کو آسانی ہو۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم رہنما کے جسد خاکی کو عوامی دیدار کے لیے رکھنے کی جگہ اور اہل خانہ کے لیے خصوصی نشستوں کا انتظام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ مرکزی اسٹیج کو بلند مقام پر بنایا گیا ہے تاکہ دور سے بھی واضح طور پر دیکھا جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ معروف قراء۔ مذہبی شعراء۔ نوحہ خواں۔ ثقافتی اور مذہبی تنظیمیں بھی اڑتالیس گھنٹے جاری رہنے والی ان تقریبات میں شریک ہوں گی۔
انتظامات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں۔ صحت عامہ کے محکموں۔ فوج۔ پولیس۔ ثقافتی اداروں اور دیگر سرکاری محکموں کو مکمل طور پر متحرک کر دیا گیا ہے۔ تہران میٹرو اور بس سروس پوری استعداد کے ساتھ چلائی جائے گی جبکہ مختلف مقامات پر ٹریفک کنٹرول زون اور استقبالیہ مراکز بھی قائم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جائے نماز کے اطراف پانچ خصوصی خدماتی مراکز قائم کیے جائیں گے جہاں پانی۔ کھانا۔ طبی امداد۔ صفائی۔ نماز کی سہولت اور دیگر بنیادی خدمات فراہم کی جائیں گی۔
بریگیڈیئر جنرل حسن حسن زادہ نے کہا کہ ابتدائی اندازوں کے مطابق تقریبات میں ایک کروڑ بیس لاکھ سے ڈیڑھ کروڑ افراد کی شرکت متوقع ہے جبکہ بعض تخمینوں کے مطابق یہ تعداد دو کروڑ تک بھی پہنچ سکتی ہے۔
یاد رہے کہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای رواں سال 28 فروری کو امریکی اور اسرائیلی حملوں میں جاں بحق ہوئے تھے جس کے بعد مغربی ایشیا میں وسیع پیمانے پر کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔ ان کی وفات کے بعد ان کے صاحبزادے آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کو اسلامی جمہوریہ ایران کا نیا سپریم لیڈر مقرر کیا گیا۔