ایرانی وزیر خارجہ کی اسلام آباد میں آمد، فوج نے کہا کہ میزائل کی صلاحیت استعمال نہیں کی گئی
تہران
ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے اسلام آباد پہنچنے کے ساتھ، جہاں دو طرفہ بات چیت اور ممکنہ طور پر امریکی نمائندوں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر سے ملاقات متوقع ہے، ایران کی فوج نے اپنی طاقت کا سخت پیغام دیا ہے۔
ایران کی وزارتِ دفاع کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل رضا طلائی نِک نے سرکاری ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ حالیہ کشیدگی کے دوران ایران کی "میزائل صلاحیت کا بڑا حصہ استعمال نہیں کیا گیا" اور ملک کی مسلح افواج نے حکمتِ عملی کے تحت تحمل کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ جنگ بندی کے نفاذ سے عین پہلے تک "مسلح افواج کو مقبوضہ علاقوں کی فضاؤں پر مکمل کنٹرول حاصل تھا۔
سرکاری نشریاتی ادارے پریس ٹی وی کے مطابق ان بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران نے اپنے جدید ہتھیاروں کا بڑا ذخیرہ محفوظ رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ملک میں تیار ہونے والا اسلحہ مکمل طور پر مقامی پیداواری نظام پر مبنی ہے، جس سے خود کفالت ممکن ہوئی ہے۔
فوجی نظام کی مضبوطی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ صلاحیت پچیس سال سے زائد عرصے کی سرمایہ کاری اور دفاعی تیاریوں کا نتیجہ ہے، یہاں تک کہ اگر کچھ تنصیبات کو نقصان بھی پہنچے تو بھی پیداوار اور معاونت کا عمل ملک بھر میں جاری رہتا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ "اس عمل میں تقریباً نو ہزار کمپنیاں مسلح افواج اور وزارتِ دفاع کے ساتھ تعاون کر رہی ہیں۔
ترجمان نے آبنائے ہرمز کی بندش پر بھی بات کی، جو مبینہ طور پر امریکی ناکہ بندی کے جواب میں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اہم بحری راستہ "ایرانی قوم کے مطالبات پورے کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ بن چکا ہے۔پریس ٹی وی کے مطابق انہوں نے دعویٰ کیا کہ فوج نے خلیجِ عمان میں دشمن افواج کو پسپا ہونے پر مجبور کیا اور یہ سب سمندری گزرگاہ پر مکمل اور دانشمندانہ کنٹرول کے ذریعے ممکن ہوا۔
بریگیڈیئر جنرل نے اندرونی یکجہتی کا ذکر کرتے ہوئے حالیہ بڑے عوامی اجتماعات کو "سماجی معجزہ" قرار دیا۔ ان کے مطابق تین کروڑ سے زائد افراد نے ایک قومی مہم میں شرکت کی ہے تاکہ یہ ظاہر کیا جا سکے کہ وہ "ملک کے دفاع کے لیے مضبوطی سے کھڑے ہیں"، اور اس اجتماعی اقدام نے اندرونی اختلافات پیدا کرنے کی کوششوں کو ناکام بنا دیا ہے۔
ادھر ایران کی فوج کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ میں قائم تحقیقی ادارے انسٹی ٹیوٹ فار دی اسٹڈی آف وار کی ایک نئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل احمد واحدی اور ان کے قریبی ساتھیوں نے پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور دیگر معتدل رہنماؤں کی جانب سے ایران کو زیادہ لچکدار مذاکراتی مؤقف اپنانے کی کوششوں کو بار بار روکا ہے۔