واشنگٹن: امریکی گلوکارہ اریانا گرانڈے نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اپنے گانے ’We Can't Be Friends (Wait for Your Love)‘ کو ایک ایسی ٹک ٹاک ویڈیو میں استعمال کرنے پر سخت اعتراض کیا ہے جس میں ٹرانس جینڈر افراد کے خلاف خیالات کو فروغ دیا گیا تھا۔ ان کے ریکارڈ لیبل نے بھی گانے کو ویڈیو سے ہٹوانے کی کوشش شروع کر دی ہے۔
ڈیڈ لائن کے مطابق تین مرتبہ گریمی ایوارڈ جیتنے والی گلوکارہ، جو اس وقت اپنے Eternal Sunshine Tour کے اختتامی مرحلے میں ہیں، نے جمعرات کو ٹرمپ مہم کی جانب سے پوسٹ کی گئی ویڈیو کے کمنٹس میں اپنے گانے کے استعمال پر اعتراض کیا۔ اریانا گرانڈے نے لکھا، ’’میرا میوزک دوبارہ کبھی استعمال نہ کرنا۔ اور یہ بھی کہ تمہارا سچ جھوٹا ہے۔‘
‘ ویڈیو میں ٹرمپ کو ایک ریلی کے اسٹیج پر آتے ہوئے دکھایا گیا تھا، جبکہ اس کے ساتھ گرانڈے کے 2024 میں ریلیز ہونے والے گانے کے بول تحریر تھے: ’’Me and my truth we sit in silence...‘‘ اس کے بعد ویڈیو میں یہ دعویٰ کیا گیا: ’’مرد بچے پیدا نہیں کر سکتے اور انہیں کھیلوں میں کبھی مقابلہ نہیں کرنا چاہیے۔‘‘
ڈیڈ لائن کے مطابق گرانڈے کا ریکارڈ لیبل اس گانے کو ویڈیو سے ہٹوانے کے لیے کارروائی کر رہا ہے۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب اریانا گرانڈے نے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اپنے گانوں کے استعمال پر اعتراض کیا ہو۔ جون میں بھی گلوکارہ نے وائٹ ہاؤس پر تنقید کی تھی، جب ان کا گانا ’Bye‘ ایک پرو-آئی سی ای ویڈیو میں استعمال کیا گیا تھا۔
اریانا گرانڈے ان متعدد معروف گلوکاروں میں تازہ ترین نام ہیں جنہوں نے ٹرمپ سے وابستہ سیاسی مواد میں اپنے گانوں کے مبینہ غیر مجاز استعمال پر عوامی طور پر اعتراض کیا ہے۔ اس سے قبل ٹیلر سوئفٹ، سبرینا کارپنٹر، اولیویا روڈریگو، ایس زیڈ اے، دی رولنگ اسٹونز، نیل ینگ، کیٹی پیری، کیشا، ریڈیوہیڈ، نوح کاہن، جیس گلین اور کینی لاگنز سمیت کئی فنکار اپنے گانوں کے ایسے استعمال کے خلاف آواز اٹھا چکے ہیں۔