نیویارک [امریکہ]: ٹیکنالوجی، کاروبار، معاشرے اور دیگر شعبوں میں اپنی تیزی سے بڑھتی ہوئی اثرانگیزی کے باعث مصنوعی ذہانت (AI) کی بڑھتی طاقت کو تسلیم کرتے ہوئے ٹائم میگزین نے سال 2025 کے لیے "آرکیٹیکٹس آف اے آئی" کو سال کی بااثر ترین شخصیت قرار دیا ہے۔
مصنوعی ذہانت کے عالمی فروغ میں اہم کردار ادا کرنے والی شخصیات میں میگزین نے خاص طور پر اینویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ، میٹا کے چیف مارک زکربرگ، ایکس کے مالک ایلون مسک اور اے آئی کی ’’گاڈ مدر‘‘ کہلانے والی فی فی لی کو اپنے دو خصوصی سرورقوں میں سے ایک پر نمایاں کیا ہے۔
اس سال کے شمارے کے لیے میگزین نے دو الگ الگ کور تیار کیے ہیں ایک میں AI کے حروف کو کارکنوں کے ساتھ ایک فن پارے کی شکل میں دکھایا گیا ہے، جبکہ دوسرے سرورق میں ٹیکنالوجی کے رہنماؤں کی پینٹنگ شامل ہے۔ سی بی ایس کی ایک رپورٹ کے مطابق ایک سرورق پر آرٹسٹ جیسن سیلر نے 1932 کی مشہور تصویر "لنچ ایٹاپ آ سکا ئی اسکریپر" کی تخلیقی انداز میں دوبارہ پیش کش کی ہے، جو نیویارک کے 30 راک فیلر پلازہ کی تعمیر کے دوران آسمان سے بلند اسٹیل بیم پر بیٹھے مزدوروں کو دکھاتی ہےیہ تصویر گریٹ ڈپریشن کے دوران امریکی قوتِ برداشت کی علامت بن گئی تھی۔
سیلر کی اس ازسرِنو تخلیق میں مصنوعی ذہانت کی دنیا کی نمایاں شخصیات کو اسی بیم پر بیٹھا دکھایا گیا ہے، جن میں مارک زکربرگ (میٹا)، لیزا سو (اے ایم ڈی)، ایلون مسک (xAI)، سیم آلٹمین (اوپن اے آئی)، ڈیمِس ہیسابس (ڈیپ مائنڈ)، ڈیاریو امودی (انتھراپک)، فی فی لی (اسٹینفورڈ ہیومن سینٹرڈ اے آئی انسٹیٹیوٹ) اور جینسن ہوانگ شامل ہیں۔
مرکزی فہرست میں آٹھ رہنماؤں جینسن ہوانگ، سیم آلٹمین، ایلون مسک، مارک زکربرگ، لیزا سو، ڈیمس ہیسابس، ڈیاریو امودی اور فی فی لی — کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ جاپان کے سافٹ بینک کے ماسایوشی سون اور بھارتی نژاد مبتکرین کرندیپ آنند اور شرِرام کرشنن کا ذکر بھی اے آئی کے وسیع تر منظرنامے کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
سی بی سی کی رپورٹ کے مطابق دوسرے سرورق کی تصویر آرٹسٹ پیٹر کراؤدر نے بنائی ہے، جس میں انہی ٹیک لیڈرز کو ایک تعمیراتی جگہ کے اسکیفولڈنگ پر دکھایا گیا ہے، جہاں بڑے بڑے حروف "AI" تعمیر ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔ ٹائم میگزین نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا: "2025 وہ سال تھا جب مصنوعی ذہانت کی پوری صلاحیت دنیا کے سامنے پوری قوت سے ابھر کر آئی، اور یہ واضح ہو گیا کہ اب واپسی ممکن نہیں۔
سوچنے والی مشینوں کے اس دور کی بنیاد رکھنے، انسانیت کو حیران اور فکر مند کرنے، حال کو بدلنے اور ممکنات سے آگے بڑھنے پر ‘آرکیٹیکٹس آف اے آئی’ کو ٹائم کا 2025 پرسن آف دی ایئر قرار دیا گیا ہے۔" ٹائم کے ایڈیٹر انچیف سیم جیکبز نے قارئین کے نام اپنے خط میں لکھا کہ: "پرسن آف دی ایئر وہ طاقتور طریقہ ہے جس کے ذریعے ہم دنیا کی توجہ ان شخصیات کی طرف مبذول کراتے ہیں جو ہماری زندگیوں کو شکل دیتی ہیں۔
اور اس سال، کسی نے بھی ان افراد سے بڑھ کر اثر نہیں ڈالا جنہوں نے اے آئی کا تصور پیش کیا، اسے ڈیزائن کیا اور تعمیر کیا۔ 1982 میں ٹائم نے کمپیوٹر کو پرسن آف دی ایئر قرار دیا تھا، جب امریکہ میں لوگ اس نئی ٹیکنالوجی کے لیے ’’جوش و خروش‘‘ کا اظہار کر رہے تھے۔
اس وقت ایپل کے شریک بانی اسٹیو جابز اور آئی بی ایم کے صدر جان اوپل سمیت متعدد ٹیک ماہرین اس کی علامتی نمائندگی کر رہے تھے۔ 2006 میں یہ اعزاز "آپ" یعنی آن لائن دنیا میں فعال عام صارفین کو دیا گیا—جن میں وکی پیڈیا کے رضاکار، ابتدائی یوٹیوبرز اور مائی اسپیس کے استعمال کنندگان شامل تھے، جو اجتماعی طور پر ’’طاقت کو چند ہاتھوں سے نکال کر عوام میں منتقل کر رہے تھے‘‘۔ 2014 میں ایبولا سے لڑنے والے ہیروز کو یہ اعزاز دیا گیا، جبکہ 2002 میں اسے وہسل بلوئرز کے نام کیا گیا۔ 2024 میں ٹائم نے ڈونلڈ ٹرمپ کو پرسن آف دی ایئر منتخب کیا تھا، جس سے پہلے 2023 کی شخصیتِ سال ٹیلر سوئفٹ تھیں۔