ریاض:سعودی عرب، اردن اور قطر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غزہ کے لیے پیش کیے گئے جامع امن منصوبے پر پیش رفت کا خیرمقدم کیا ہے۔ تینوں ممالک نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن اسی وقت ممکن ہے جب اسرائیلی افواج غزہ سے مکمل انخلا کریں اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی راہ ہموار کی جائے۔جمعرات کو جاری کیے گئے مسودہ منصوبے کے مطابق تمام فریقوں کی باضابطہ منظوری کے بعد 14 دن کے اندر اس پر مرحلہ وار عمل درآمد شروع کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق یہ روڈ میپ پہلے سے طے شدہ 20 نکاتی غزہ امن منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ یہ فریم ورک یرغمالیوں کی رہائی اور لاشوں کی واپسی کے بعد آٹھ ماہ تک جاری رہنے والے مذاکرات کا نتیجہ ہے۔
سعودی وزارت خارجہ نے غزہ میں ہتھیاروں کے خاتمے سے متعلق صدر ٹرمپ کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک تاریخی معاہدہ قرار دیا۔ سعودی عرب نے صدر ٹرمپ کی قیادت کو سراہا اور مصر۔ قطر۔ ترکیہ۔ امریکہ اور بورڈ آف پیس سمیت ثالثی کرنے والے ممالک کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔
ریاض نے کہا کہ معاہدے کے تمام مراحل پر بروقت۔ قابل اعتماد اور ناقابل واپسی انداز میں عمل درآمد ضروری ہے۔سعودی عرب نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اسرائیلی افواج کا غزہ سے مکمل انخلا۔ بین الاقوامی استحکامی فورس کی تعیناتی اور فلسطینی عوام تک بلا رکاوٹ انسانی امداد اور تعمیر نو کی سہولت پہنچانا معاہدے کی کامیابی کے لیے ناگزیر ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ غزہ میں فلسطینی اتھارٹی کی واپسی اور فلسطینی علاقوں کے اتحاد کو برقرار رکھنا انتہائی اہم ہے۔ سعودی عرب کے مطابق یہ معاہدہ فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حقوق خصوصاً حق خود ارادیت اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی جانب سیاسی عمل کا آغاز ہونا چاہیے۔ادھر اردن کی وزارت خارجہ نے بھی صدر ٹرمپ کے اعلان اور منصوبے کے آئندہ مراحل کا خیرمقدم کیا جن میں غزہ میں اسلحے کے خاتمے اور اسرائیلی فوج کے انخلا کے اقدامات شامل ہیں۔
اردن نے زور دیا کہ معاہدے کے تمام مراحل مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں تاکہ ان پر مکمل اور مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔اردنی وزارت خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی فوج کا غزہ سے مکمل انخلا۔ بین الاقوامی استحکامی فورس کی تعیناتی اور غزہ میں بلا رکاوٹ اور مستقل انسانی امداد کی فراہمی ناگزیر ہے۔اردن نے ایک بار پھر دو ریاستی حل کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ امن معاہدہ 4 جون 1967 کی سرحدوں کی بنیاد پر مشرقی یروشلم کو دارالحکومت بنانے والی آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی طرف پیش رفت کا ذریعہ بننا چاہیے۔
دوسری جانب قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی نے حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ ڈاکٹر خلیل الحیہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔قطری وزارت خارجہ کے مطابق شیخ محمد نے غزہ جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے کو مکمل کرنے کے لیے حماس کی جانب سے روڈ میپ قبول کرنے کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ اس سے انسانی مصائب میں کمی آئے گی اور غزہ میں استحکام پیدا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے اسرائیل پر دباؤ ڈالنا چاہیے تاکہ وہ معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور فلسطینی عوام کے حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے۔ اس سے روڈ میپ کی تکمیل اور غزہ میں امن و استحکام کے قیام میں مدد ملے گی۔امریکی حکام کے مطابق حماس نے پہلی مرتبہ ایک ایسے تفصیلی روڈ میپ پر رضامندی ظاہر کی ہے جس کے تحت وہ اپنے ہتھیار حوالے کرے گی اور غزہ میں حکومتی کردار بھی ترک کرے گی۔ حکام نے اسے جنگ بندی کے آغاز کے بعد سب سے اہم سفارتی پیش رفت قرار دیا ہے۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس پیش رفت کو مشرق وسطیٰ کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی نے تصور بھی نہیں کیا تھا کہ حماس کو غیر مسلح کرنا ممکن ہوگا۔ ان کے مطابق یہ خطے میں امن کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔