کابل میں ہندوستانی ٹیکنیکل مشن کو سفارت خانے کا درجہ دینے کا اعلان

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 10-10-2025
کابل میں ہندوستانی ٹیکنیکل مشن کو سفارت خانے کا درجہ  دینے کا اعلان
کابل میں ہندوستانی ٹیکنیکل مشن کو سفارت خانے کا درجہ دینے کا اعلان

 



نئی دہلی:ایک اہم سفارتی اقدام کے طور پر ہندستان نے جمعہ کے روز اعلان کیا کہ کابل میں اس کا ٹیکنیکل مشن اب ہندستانی سفارت خانے کے درجے پر اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔یہ اعلان ہندستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے افغانستان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی اور ان کے وفد کے ساتھ دو طرفہ مذاکرات کے دوران کیا۔ایس جے شنکر نے اپنے ابتدائی کلمات میں کہا،ہندستان افغانستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور آزادی کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ اس عزم کو مزید مضبوط بنانے کے لیے میں آج کابل میں ہندستانی ٹیکنیکل مشن کو سفارت خانے کے درجے پر اپ گریڈ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہا ہوں۔

وزیر خارجہ نے نئی دہلی کے حیدرآباد ہاؤس میں امیر خان متقی اور ان کے وفد کا خیرمقدم کیا اور ہندستان و افغانستان کے درمیان پائیدار دوستی پر زور دیا۔اس موقع پر جے شنکر نے کئی ترقیاتی اور انسانی ہمدردی پر مبنی اقدامات کا اعلان کیا جن میں افغانستان میں چھ نئے ترقیاتی منصوبوں کا عزم شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی تفصیلات مذاکرات کے بعد ظاہر کی جائیں گی۔جے شنکر نے پاہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد افغانستان کی یکجہتی اور ہندستان کے سلامتی سے متعلق خدشات کے تئیں افغانستان کے حساس رویے کی بھی تعریف کی۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ آپ کا یہ دورہ ہمارے تعلقات کو آگے بڑھانے اور ہندستان و افغانستان کی دیرینہ دوستی کی توثیق کرنے میں ایک اہم قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاہلگام حملے کے بعد اور کنڑ و ننگرہار کے زلزلے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان گفتگو ہوئی تھی، لیکن یہ بالمشافہ ملاقات خاص اہمیت رکھتی ہے کیونکہ یہ ہمیں اپنے نظریات کے تبادلے، باہمی مفادات کی شناخت اور قریبی تعاون کے مواقع فراہم کرتی ہے۔

جے شنکر نے مزید کہا،ہندستان نے ہمیشہ افغانستان کی صحت اور سلامتی کے شعبے میں تعاون فراہم کیا ہے، خصوصاً کووڈ وبا کے دوران۔ اب ہم چھ نئے ترقیاتی منصوبوں کے لیے تیار ہیں، جن کی تفصیلات مذاکرات کے اختتام پر جاری کی جائیں گی۔ نیک خواہشات کے اظہار کے طور پر ہم افغانستان کو 20 ایمبولینسیں تحفے میں دے رہے ہیں، جن میں سے پانچ آج میں ذاتی طور پر آپ کے حوالے کر رہا ہوں۔ ہندستان افغان اسپتالوں کو ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین مشینیں فراہم کرے گا، ویکسین اور سرطان کی ادویات بھی پہنچائی جائیں گی۔ ہم نے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسداد منشیات(UNODC) کے ذریعے منشیات کے علاج کا سامان بھی فراہم کیا ہے اور آئندہ مزید تعاون کے لیے تیار ہیں۔

جے شنکر نے دہشت گردی کو ہندستان اور افغانستان کی ترقی کے لیے مشترکہ خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا،ہمیں دہشت گردی کے تمام مظاہر اور شکلوں کے خلاف مربوط کوششیں کرنی ہوں گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ خوراک کی امداد کا ایک نیا بیچ آج کابل پہنچ گیا ہے۔
اس کے علاوہ زلزلہ زدہ علاقوں کے لیے امداد، مکانات کی تعمیر نو، اور جبراً واپس بھیجے گئے افغان پناہ گزینوں کے لیے رہائشی و مادی مدد کا بھی اعلان کیا گیا۔افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی جمعرات کو سات روزہ دورے پر ہندستان پہنچے۔
ان کا یہ دورہ 9 اکتوبر سے 16 اکتوبر تک جاری رہے گا اور یہ طالبان کے اگست 2021 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد کابل سے نئی دہلی آنے والا پہلا اعلیٰ سطحی وفد ہے۔

 

افغان وزارت خارجہ کے تعلقاتِ عامہ کے سربراہ ضیا احمد تَکل نے طلوع نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے کے دوران "کابل اور نئی دہلی کے درمیان تعلقات کے فروغ پر توجہ دی جائے گی۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے امیر خان متقی کو بین الاقوامی سفری پابندیوں سے عارضی استثنا دیا ہے، جس کے تحت وہ 9 اکتوبر سے شروع ہونے والے ایک ہفتے تک ہندستان میں قیام کر سکیں گے۔