بیجنگ/ آواز دی وائس
چین نے منگل کے روز اعلان کیا کہ امریکی جہازوں کے لیے نئے خصوصی بندرگاہی فیس کا نفاذ کیا جا رہا ہے، جو چین کی بندرگاہوں پر پہنچنے والے امریکی جہازوں پر لاگو ہوں گی۔ یہ اقدام واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان بڑھتی ہوئی تجارتی کشیدگی کے پس منظر میں اٹھایا گیا ہے۔
چین کے مطابق یہ خصوصی چارجز اس مقصد کے تحت عائد کیے گئے ہیں کہ "چینی شپنگ انڈسٹری اور کاروباری اداروں کے جائز حقوق اور مفادات کا تحفظ کیا جا سکے اور بین الاقوامی شپنگ میں منصفانہ مسابقت کو یقینی بنایا جا سکے،" جیسا کہ گلوبل ٹائمز نے رپورٹ کیا۔
چین کی وزارتِ ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ ان خصوصی بندرگاہی فیسوں کا اطلاق ان تمام امریکی جہازوں پر ہوگا جو امریکی کمپنیوں، تنظیموں یا افراد کی براہِ راست یا بالواسطہ 25 فیصد یا اس سے زیادہ ملکیت میں ہوں، نیز ان تمام جہازوں پر جو امریکی جھنڈا رکھتے ہیں یا امریکہ میں تیار کیے گئے ہیں۔
وزارت کے بیان کے مطابق، ان خصوصی بندرگاہی فیسوں کو مرحلہ وار بڑھایا جائے گا۔ ابتدائی طور پر یہ فیس منگل سے 400 یوان (تقریباً 56 امریکی ڈالر) فی نیٹ ٹن ہوگی، اور اگلے تین برسوں تک ہر سال 17 اپریل کو اس میں اضافہ کیا جائے گا۔ چین نے 10 اکتوبر کو یہ فیس اس وقت نافذ کی جب امریکہ نے اعلان کیا کہ 14 اکتوبر سے چین کے جہازوں پر اضافی بندرگاہی فیس عائد کی جائے گی جو امریکی بندرگاہوں پر آئیں گے۔ وزارت نے گلوبل ٹائمز کے حوالے سے کہا کہ امریکی اقدامات نے ڈبلیو ٹی او کے اصولوں اور چین-امریکہ بحری معاہدے کی سنگین خلاف ورزی کی ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان بحری تجارت میں شدید خلل پیدا ہوا ہے۔ چین نے حال ہی میں اپنی نایاب معدنیات کی برآمدات پر کنٹرول سخت کرنے کے اقدامات کا اعلان بھی کیا تھا۔
اس کے ردِعمل میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے چین پر مزید 100 فیصد اضافی محصولات اور دیگر پابندیوں کے نفاذ کی دھمکی دی تھی، جو یکم نومبر سے مؤثر ہوں گی۔ دوسری جانب، چین نے منگل کو امریکہ پر زور دیا کہ وہ اپنے "غلط اقدامات درست کرے" اور "تجارتی مذاکرات میں خلوص کا مظاہرہ کرے" تاکہ دونوں ممالک نصف راستے پر ایک دوسرے سے ملاقات کر سکیں۔ چین کی وزارتِ تجارت کا یہ بیان پیر کے روز واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان ورکنگ لیول بات چیت کے بعد سامنے آیا، جو دنیا کی دو سب سے بڑی معیشتوں کے درمیان بڑھتی تجارتی کشیدگی کے دوران ہوئی۔
وزارت کے ترجمان نے کہا کہ امریکہ ایک طرف مذاکرات کی بات نہیں کر سکتا اور دوسری طرف نئے پابند اقدامات کی دھمکیاں دے۔ چین کے ساتھ تعلقات کا یہ درست طریقہ نہیں ہے،" یہ بات ترجمان نے آج اپنے بیان میں کہی۔