امریکی خاتون پر غیرقانونی طور پر ہندوستانیوں کو امریکہ لانے کا الزام

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 06-12-2025
امریکی خاتون پر غیرقانونی طور پر ہندوستانیوں کو امریکہ لانے کا الزام
امریکی خاتون پر غیرقانونی طور پر ہندوستانیوں کو امریکہ لانے کا الزام

 



واشنگٹن: امریکہ کے نیویارک میں رہنے والی ایک خاتون پر انسانی اسمگلنگ کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں خاتون حال ہی میں وفاقی جیوری کے سامنے عدالت میں پیش ہوئی۔ خاتون پر الزام ہے کہ اس نے بھارتیوں سمیت کئی افراد کو غیر قانونی طریقے سے امریکی سرحد میں داخل کرایا۔

یہ داخلہ کینیڈا کے راستے کرایا گیا۔ خاتون کی شناخت اسٹیسی ٹیلر کے نام سے ہوئی ہے، جو نیویارک کے پلیٹسبرگ کی رہائشی ہے۔ اسٹیسی کو اکتوبر میں انسانی اسمگلنگ کی سازش کے الزام میں نامزد کیا گیا تھا۔ عدالت کے دستاویزات کے مطابق امریکی بارڈر پیٹرول نے جنوری میں ٹیلر کی گاڑی کو کیوبیک سرحد کے قریب روکا تھا۔

اسٹیسی کی گاڑی سے چار غیر ملکی شہری برآمد ہوئے جن میں تین بھارتی شہری اور ایک کینیڈا کا باشندہ شامل تھا۔ یہ چاروں امریکہ–کینیڈا سرحد عبور کر کے غیر قانونی طور پر داخل ہوئے تھے۔ تفتیشی ایجنسیوں نے جب اسٹیسی کے فون کی جانچ کی تو معلوم ہوا کہ وہ پہلے بھی انسانی اسمگلنگ کے کئی معاملات میں ملوث رہی ہے، جس کا انکشاف اس کے ٹیکسٹ میسیجز سے ہوا۔ اسٹیسی کو جنوری 2025 میں گرفتار کیا گیا تھا اور ستمبر میں اس کے خلاف الزامات طے کیے گئے۔

اسٹیسی پر الزام ہے کہ اس نے مالی فائدے کے لیے چار غیر ملکی شہریوں کو غیر قانونی طریقے سے امریکہ میں داخل کرایا۔ اگر خاتون قصوروار ثابت ہوتی ہے تو ہر انسانی اسمگلنگ کے معاملے میں اسے پانچ سال قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔