ممدانی کی جیت کے بعد امریکہ نے اپنی خودمختاری کھو دی: ٹرمپ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 06-11-2025
ممدانی کی جیت کے بعد امریکہ نے اپنی خودمختاری کھو دی: ٹرمپ
ممدانی کی جیت کے بعد امریکہ نے اپنی خودمختاری کھو دی: ٹرمپ

 



واشنگٹن/ آواز دی وائس
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز دعویٰ کیا کہ امریکہ نے "اپنی خودمختاری کھو دی ہے" جب ڈیموکریٹ سوشلسٹ ظہران ممدانی نے نیویارک سٹی کے میئر کے تاریخی انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔
ٹرمپ نے خبردار کیا کہ ممدانی  ، جنہیں وہ "کمیونسٹ" کہتے ہیں، کی قیادت میں نیویارک شہر کمیونسٹ کیوبا یا سوشلسٹ وینیزویلا کی طرح بن سکتا ہے، جس کی وجہ سے شہری فلوریڈا کی طرف ہجرت کر سکتے ہیں۔ میامی میں ’امریکہ بزنس فورم‘ سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ 5 نومبر 2024 کو امریکی عوام نے اپنی حکومت واپس حاصل کی۔ ہم نے اپنی خودمختاری بحال کی۔ لیکن گزشتہ رات نیویارک میں ہم نے اپنی خودمختاری کا ایک چھوٹا سا حصہ کھو دیا، مگر ہم اس کا حل نکال لیں گے۔ 34 سالہ ظہران ممدانی  نے گریسی مینشن میں میئر کا عہدہ حاصل کیا، انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ وہ سرکاری منصوبوں کے لیے دولت مند طبقے پر زیادہ ٹیکس لگا کر فنڈ فراہم کریں گے۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ڈیموکریٹ رہنما کا ایجنڈا دراصل پارٹی کی پورے امریکہ میں وسیع تر حکمتِ عملی کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر آپ دیکھنا چاہتے ہیں کہ کانگریسی ڈیموکریٹس امریکہ کے ساتھ کیا کرنا چاہتے ہیں، تو بس نیویارک کے کل کے انتخاب کے نتائج دیکھ لیں، جہاں ان کی پارٹی نے قوم کے سب سے بڑے شہر میں ایک کمیونسٹ کو میئر بنا دیا۔ٹرمپ نے مزید کہا  کہ میں برسوں سے خبردار کر رہا ہوں کہ ہمارے مخالفین امریکہ کو کمیونسٹ کیوبا یا سوشلسٹ وینیزویلا میں بدلنے کے درپے ہیں، اور آپ نے دیکھا کہ ان ممالک کے ساتھ کیا ہوا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈیموکریٹس کی انتہا پسند پالیسیوں کے باعث نیویارک کے لوگ فلوریڈا منتقل ہونے پر مجبور ہو سکتے ہیں۔ اب ڈیموکریٹس اتنے انتہا پسند ہو گئے ہیں کہ جلد ہی میامی اُن لوگوں کے لیے پناہ گاہ بن جائے گا جو نیویارک سٹی کے کمیونسٹ نظام سے بھاگ رہے ہیں۔ لوگ کہیں گے ۔ آپ کہاں رہتے ہیں؟ نیویارک سٹی، مگر میں وہاں سے نکلنا چاہتا ہوں کیونکہ میں کسی کمیونسٹ حکومت کے زیرِ سایہ نہیں رہنا چاہتا۔
سابق ڈیموکریٹک میئر بل ڈی بلازیو پر تنقید کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ جب میں وائٹ ہاؤس کے لیے نیویارک چھوڑ کر گیا، تو شہر ٹھیک تھا مگر وہاں مسائل کے آثار نظر آنے لگے تھے، کیونکہ ہمارے پاس ایک شخص تھا جس کا نام ڈی بلازیو تھا… وہ تاریخ کے بدترین میئروں میں شمار ہوگا۔ ظہران ممدانی کی فتحی تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وہ "بہت غصے والی" تقریر تھی اور ممدانی اپنی مدت کے آغاز میں ہی غلط سمت میں جا رہے ہیں۔ ہاں، مجھے لگا وہ بہت غصے میں تھے، خاص طور پر میرے خلاف۔ انہیں میرے ساتھ اچھا رویہ رکھنا چاہیے، کیونکہ آخرکار کئی چیزوں کی منظوری مجھ سے ہی ہوتی ہے۔ لہٰذا وہ ابتدا ہی سے غلط راہ پر ہیں۔ ٹرمپ کے بیانات کے جواب میں ظہران ممدانی نے شہر کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیویارک اب مہاجرین کی قیادت میں چلے گا اور یہ "سیاسی بادشاہت" کے خاتمے کا آغاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ آخرکار، اگر کوئی قوم جو ڈونالڈ ٹرمپ کے ہاتھوں دھوکہ کھا چکی ہے اسے شکست دینا سکھا سکتی ہے، تو وہ وہی شہر ہے جس نے اُسے جنم دیا۔ اور اگر کسی آمر کو خوفزدہ کرنا ممکن ہے، تو وہ اس نظام کو ختم کر کے ممکن ہے جس نے اُسے طاقت بخشی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہی طریقہ ہے جس سے ہم نہ صرف ٹرمپ کو روکیں گے بلکہ آئندہ کسی ایسے شخص کو بھی روکیں گے۔ لہٰذا ڈونالڈ ٹرمپ، چونکہ مجھے پتا ہے آپ دیکھ رہے ہیں، میرے پاس آپ کے لیے صرف چار الفاظ ہیں: آواز ذرا اونچی کر لو۔ ظہران ممدانی  نے استحصالی مکان مالکان اور بدعنوانی کے خلاف کارروائی کا بھی اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم ان لالچی مکان مالکان کو جواب دہ ٹھہرائیں گے کیونکہ ہمارے شہر کے ڈونالڈ ٹرمپ جیسے لوگ اپنے کرایہ داروں کا فائدہ اُٹھانے کے عادی ہو چکے ہیں۔ ہم اس بدعنوانی کے کلچر کا خاتمہ کریں گے جس نے ٹرمپ جیسے ارب پتیوں کو ٹیکسوں سے بچنے اور ٹیکس رعایتوں کا غلط استعمال کرنے کی اجازت دی۔