کویت سٹی
ہندوستان کی سفیر پرمیتا ترپاٹھی نے بدھ کے روز کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والے حملے میں زخمی ہونے والے ہندوستانیوں سے ملاقات کی اور انہیں یقین دلایا کہ سفارت خانہ ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔ انہوں نے کویت کے سینٹرل مارچری (مردہ خانہ) کا بھی دورہ کیا، جہاں حملے میں جان گنوانے والے ایک ہندوستانی شہری کی میت رکھی گئی تھی۔
کویت میں ہندوستانی سفارت خانے نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ سفیر پرمیتا ترپاٹھی نے آج کویت کے سینٹرل مارچری کا دورہ کیا، جہاں کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آج صبح ہونے والے حملے میں جاں بحق ہونے والے ہندوستانی شہری کی میت لائی گئی تھی۔ سفیر نے جنرل ڈیپارٹمنٹ آف کریمنل ایویڈنس کے جنرل منیجر بریگیڈیئر عبدالرحیم العوضی سے ملاقات کی اور اس معاملے میں فوری اور حساس تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
سفارت خانے نے بتایا کہ وہ جاں بحق ہونے والے ہندوستانی شہری کے اہل خانہ سے مسلسل رابطے میں ہے اور کویتی حکام کے ساتھ مل کر میت کو جلد از جلد وطن منتقل کرنے کے انتظامات کر رہا ہے۔
پوسٹ میں مزید کہا گیا kکہ سفیر نے ان ہندوستانی شہریوں سے بھی ملاقات کی جو آج ایئرپورٹ پر ہونے والے حملے میں زخمی ہوئے اور کویت کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ انہوں نے زخمیوں سے بات چیت کی اور انہیں یقین دلایا کہ سفارت خانہ ان کی، ان کے اہل خانہ اور اسپتالوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔
دریں اثنا، ہندوستان نے بدھ کے روز کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والے ڈرون حملے کی سخت مذمت کی، جس میں ایک ہندوستانی شہری ہلاک اور متعدد دیگر ہندوستانی زخمی ہوئے۔ ہندوستان نے ایک بار پھر مغربی ایشیا میں جاری تنازع کے دوران عام شہریوں اور شہری بنیادی ڈھانچے کے تحفظ پر زور دیا۔وزارتِ خارجہ (ایم ای اے) نے ایک بیان میں جاں بحق شخص کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ ہندوستانی حکام متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ہم آج کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہیں، جس میں ایک ہندوستانی شہری ہلاک اور ہمارے کئی شہری زخمی ہوئے ہیں۔ مغربی ایشیا میں تنازع شروع ہونے کے بعد سے ہم مسلسل یہ مطالبہ کرتے رہے ہیں کہ عام شہریوں اور شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ نہ بنایا جائے۔ ہم ایک بار پھر تمام فریقوں سے ایسے حملے بند کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔
کویت کی وزارتِ دفاع کے مطابق، کئی دشمن ڈرونز نے کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل ون ( ٹی 1) کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں مسافروں کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔کویت کی وزارتِ دفاع کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل سعود عبدالعزیز العتیبی نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ بدھ کے روز کئی دشمن ڈرونز نے کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل ون پر حملہ کیا، جسے انہوں نے "ایران کی مجرمانہ جارحیت" قرار دیا۔
العتیبی نے مزید کہا کہ کویتی مسلح افواج متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی ممکنہ پیش رفت سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک کی سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔