تل ابیب [اسرائیل] اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) نے تصدیق کی ہے کہ مزید 13 مغویوں کو حماس نے جنوبی غزہ کے خان یونس میں ریڈ کراس کے حوالے کر دیا ہے، جو اب اسرائیل واپس آرہے ہیں۔آئی ڈی ایف کے مطابق، مغویوں کے ساتھ اسرائیلی فوج اور خفیہ ادارے (آئی ایس اے) کے اہلکار موجود ہیں جو انہیں ابتدائی طبی معائنے کے لیے اسرائیل لے جا رہے ہیں۔آئی ڈی ایف نے اپنے بیان میں کہا کہ آئی ڈی ایف کے کمانڈر اور سپاہی ریاستِ اسرائیل کے ان مغویوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور انہیں گلے لگاتے ہیں جو دو برس کی قید کے بعد وطن واپس آرہے ہیں۔
ریڈ کراس نے اسرائیلی حکام کو پہلے ہی مطلع کر دیا تھا کہ 13 مغویوں کو جنوبی غزہ میں حماس کی قید سے وصول کر لیا گیا ہے اور وہ اسرائیلی علاقے کی جانب روانہ ہو چکے ہیں۔رہا کیے گئے مغویوں کی شناخت ایلکانا بوہبوٹ، آویناتن اور، یوسف حائیم اوہانا، ایویاتار ڈیوڈ، روم برسلاؤسکی، سیگیو کالفون، نمروڈ کوہن، میکسم ہیرکن، ایتان ہورن، ماتان زانگاؤکر، بار کوپرشٹین، ڈیوڈ کونیؤ اور اریل کونیؤ کے طور پر کی گئی ہے۔یہ تمام افراد اپنے اہل خانہ سے دوبارہ ملاقات سے قبل جنوبی اسرائیل کے مخصوص مراکز میں طبی اور نفسیاتی جانچ سے گزریں گے۔
آئی ڈی ایف کے ترجمان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ واپس آنے والے مغویوں اور ان کے اہل خانہ کی نجی زندگی کا احترام کریں۔ بیان میں کہا گیا کہ ہم عوام سے ذمہ داری اور حساسیت کا مظاہرہ کرنے کی درخواست کرتے ہیں، مغویوں کی نجی زندگی کا احترام کریں اور صرف سرکاری اطلاعات پر انحصار کریں۔
اس سے قبل اسرائیلی فوج نے تصدیق کی تھی کہ سات مغویوں کو پہلے ہی ریڈ کراس کے حوالے کر دیا گیا تھا اور وہ غزہ کے اندر اسرائیلی افواج تک پہنچائے جا رہے ہیں۔آئی ڈی ایف کے مطابق پہلی جماعت کے سات مغویوں کی شناخت گالی اور زیو برمن، ماتان انگیریسٹ، آلون اوہیل، عمری میران، ایتان مور اور گائے گل بوا ڈالل کے طور پر ہوئی ہے۔ ان تمام کو خصوصی اسرائیلی فورسز نے غزہ پٹی سے بحفاظت نکالا۔یہ ساتوں مغوی اسرائیل کے ریئم نامی سرحدی علاقے میں واقع ایک فوجی مرکز پہنچ گئے جہاں ان کا جسمانی اور ذہنی معائنہ کیا گیا۔ اس کے بعد وہ اپنے اہل خانہ سے ملاقات کریں گے۔
ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق، جذباتی مناظر سامنے آئے جن میں اسرائیلی خاندان اپنے پیاروں سے بات کرتے دکھائی دیے۔ ایویاتار ڈیوڈ کے والد آویشائی ڈیوڈ نے چینل 12 سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور ان کا خاندان اپنے بیٹے کو ’’گلے لگانے، سونگھنے اور سانس لینے‘‘ کے منتظر ہیں۔ ان کی اپنے بیٹے سے ایک ویڈیو کال پر بات ہوئی تھی جب وہ ابھی حماس کی قید میں تھا۔
ایک ویڈیو میں یوسف حائیم اوہانا کے والد آوی اوہانا اپنے بیٹے سے بات کرتے نظر آتے ہیں اور اسے کہتے ہیں کہ سب تمہارے واپس آنے کا انتظار کر رہے ہیں- وزیراعظم کے دفتر نے بیان میں کہا کہ ساتوں مغویوں کے اہل خانہ کو اطلاع دے دی گئی ہے کہ ان کے پیارے اب آئی ڈی ایف کے تحفظ میں ہیں اور جلد ہی اسرائیل پہنچ جائیں گے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ’’اسرائیل کی حکومت دشمن کے قبضے میں تمام مغویوں کی واپسی کے لیے پرعزم ہے اور اس مشن کو ثابت قدمی سے جاری رکھے گی۔‘‘ حکومت نے وطن لوٹنے والے مغویوں کو خوش آمدید کہا۔یہ رہائی اس وقت عمل میں آئی جب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اسرائیل پہنچے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق، ٹرمپ نے فضائی جہاز ’’ایئر فورس ون‘‘ میں تل ابیب جاتے ہوئے مغویوں کی رہائی کے ابتدائی لمحات براہِ راست دیکھے۔ وائٹ ہاؤس نے اس پیش رفت کو ’’تاریخ رقم ہونے‘‘ کے مترادف قرار دیا۔