ادلب۔ شمالی شام کے صوبہ ادلب کے مشرقی دیہی علاقے میں ابو الظہور فوجی ہوائی اڈے پر 4 فضائی حملے کیے گئے۔ الجزیرہ کے مطابق دسمبر 2024 میں بشار الاسد حکومت کے خاتمے کے بعد اس فوجی اڈے پر یہ اپنی نوعیت کا پہلا حملہ ہے۔الجزیرہ کے مطابق 4 فضائی حملوں میں فوجی ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔ ابھی تک حملوں کے بارے میں کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ حملے کرنے والے طیاروں کی شناخت بھی نہیں ہوسکی ہے۔
شام کے کئی دیگر ہوائی اڈے بھی ماضی میں حملوں کا نشانہ بن چکے ہیں۔ ان میں حلب بین الاقوامی ہوائی اڈہ۔ نیرب فوجی ہوائی اڈہ۔ حمص کا الشعیریت ہوائی اڈہ اور وسطی شام میں تیاس اور الضبعہ کے ہوائی اڈے شامل ہیں۔تاہم دسمبر 2024 میں بشار الاسد حکومت کے خاتمے کے بعد ابو الظہور ہوائی اڈے کو پہلی مرتبہ نشانہ بنایا گیا ہے۔
الجزیرہ کے مطابق سابق حکومت کے خاتمے سے قبل ابو الظہور ہوائی اڈہ شامی انقلابی گروہوں اور سابق حکومت سے وفادار فورسز اور ان کی ملیشیاؤں کے درمیان متعدد مرتبہ ہونے والی جھڑپوں کی زد میں رہا تھا۔ اس دوران ہوائی اڈے کا کنٹرول مختلف فریقوں کے درمیان تبدیل ہوتا رہا۔یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب سابق شامی صدر بشار الاسد کو منگل کے روز دمشق کی ایک فوجداری عدالت نے غیر حاضری میں موت کی سزا سنائی۔ الجزیرہ کے مطابق انہیں منصوبہ بند قتل کے جرم میں قصوروار قرار دیا گیا۔
جنوبی شام کے صوبہ درعا میں سابق سیاسی سکیورٹی کے سربراہ عاطف نجیب کو بھی منصوبہ بند قتل اور تشدد کے جرم میں قصوروار قرار دیتے ہوئے موت کی سزا سنائی گئی ہے۔اس سے ایک روز قبل پیر کو کولمبیا نے مقبوضہ شامی گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیلی خودمختاری کو تسلیم کرلیا۔ اس طرح وہ امریکہ کے بعد دنیا کا دوسرا ملک بن گیا جس نے اس علاقے پر اسرائیلی قبضے اور الحاق کو باضابطہ طور پر تسلیم کیا ہے۔
یہ فیصلہ کولمبیا کے دائیں بازو کے صدر ابیلاردو ڈی لا ایسپرییلا کے عہدہ سنبھالنے کے چند روز بعد سامنے آیا۔کولمبیا کی وزارت خارجہ نے پیر کو جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ مشرق وسطیٰ میں جاری عدم استحکام اور گولان کی پہاڑیوں کی اسرائیل کی سلامتی کے لیے مبینہ تزویراتی اہمیت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔وزارت نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں مسلسل علاقائی عدم استحکام اور اسرائیل کی سلامتی کے لیے گولان کی پہاڑیوں کی تزویراتی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے کولمبیا کی حکومت اس علاقے پر اسرائیلی خودمختاری کو تسلیم کرتی ہے اور بیرونی خطرات سے خود کو محفوظ رکھنے کے اسرائیل کے حق کو بھی تسلیم کرتی ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق یہ اعلان کولمبیا اور اسرائیل کے درمیان 8 اگست کو طے پانے والے ایک معاہدے کے تحت کیا گیا ہے۔اسرائیل نے 1967 کی 6 روزہ جنگ کے دوران گولان کی پہاڑیوں کے بیشتر حصے پر قبضہ کرلیا تھا اور 1981 میں اس علاقے کو باضابطہ طور پر اسرائیل میں ضم کرنے کا اعلان کیا۔ عالمی برادری کی اکثریت نے اس الحاق کو مسترد کردیا ہے۔
شام نے 1973 کی عرب اسرائیل جنگ کے دوران گولان کی پہاڑیوں کو واپس لینے کی کوشش کی تھی لیکن وہ علاقہ دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔ اس کے بعد دونوں ممالک نے 1974 میں جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔