اوٹاوا
مغربی ایشیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر ایئر کینیڈا نے ٹورنٹو سے دبئی جانے والی اپنی تمام پروازیں یکم مئی تک معطل کر دی ہیں۔ ایئرلائن نے کہا ہے کہ جب محفوظ فضائی راستہ یقینی ہو جائے گا تب ہی پروازیں دوبارہ شروع کی جائیں گی۔ کمپنی نے یہ بھی کہا کہ مسافروں کو کینیڈا جانے کے متبادل فراہم کرنے کے لیے دہلی کے لیے اپنی پروازوں کی گنجائش میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔
ایئر کینیڈا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا كہ مشرقِ وسطیٰ میں بدامنی کے باعث ہماری ٹورنٹو–دبئی پروازیں کم از کم یکم مئی تک منسوخ کر دی گئی ہیں۔ جب پروازوں کا محفوظ طریقے سے دوبارہ آغاز ممکن ہوگا تو ہم بتدریج خدمات بحال کریں گے۔ ہم مسافروں کو کینیڈا جانے کے مزید اختیارات دینے کے لیے دہلی کے لیے اپنی گنجائش میں مسلسل اضافہ کر رہے ہیں۔ ادھر ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس نے کہا ہے کہ وہ 14 مارچ کو مغربی ایشیا کے لیے اور وہاں سے مجموعی طور پر 80 طے شدہ اور غیر طے شدہ پروازیں چلائیں گی۔
ایک پریس ریلیز کے مطابق دونوں ایئرلائنز 14 مارچ کو جدہ اور مسقط کے لیے اپنی طے شدہ پروازیں جاری رکھیں گی۔ اس دوران جدہ کے لیے مجموعی طور پر 10 پروازیں چلائی جائیں گی جبکہ ایئر انڈیا ایکسپریس مسقط کے لیے 8 طے شدہ پروازیں چلائے گی۔ اس کے علاوہ ایئر انڈیا دہلی سے جدہ کے لیے ایک رفت و آمد (راؤنڈ ٹرپ) اور ممبئی سے دو راؤنڈ ٹرپ پروازیں چلائے گی۔ ایئر انڈیا ایکسپریس کوژیکوڈ اور منگلورو سے جدہ کے لیے ایک ایک پرواز چلائے گی اور واپس بھی لائے گی۔
ایئر انڈیا ایکسپریس مسقط کے لیے بھی اپنی طے شدہ خدمات جاری رکھے گی، جن میں دہلی، کوچی، کوژیکوڈ اور ممبئی سے ایک ایک راؤنڈ ٹرپ پرواز شامل ہوگی۔طے شدہ پروازوں کے علاوہ ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے لیے اور وہاں سے مجموعی طور پر 62 غیر طے شدہ پروازیں بھی چلائیں گی۔ تاہم یہ پروازیں متعلقہ ہوائی اڈوں پر سلاٹس کی دستیابی اور دیگر موجودہ حالات پر منحصر ہوں گی۔
یہ پروازیں متعلقہ ہندوستانی اور مقامی ریگولیٹری حکام کی ضروری اجازت کے ساتھ چلائی جا رہی ہیں۔اس سے قبل قطر میں ہندوستانی سفارت خانے نے ایک مشورہ جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ تقریباً 500 ہندوستانی شہری قطر سے مختلف پروازوں کے ذریعے ہندوستان اور دنیا کے دیگر مقامات کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔
سفارت خانے نے جمعہ کو ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ یہ مسافر قطر ایئرویز کی پروازوں کے ذریعے کوچی اور دیگر مقامات تک پہنچے۔ ایئرلائن نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر قدرتی وجوہات سے وفات پانے والے دو ہندوستانی شہریوں کی میتیں بھی ان کے اہل خانہ کے ساتھ کوچی منتقل کیں۔
سفارت خانے کے مطابق قطر کی فضائی حدود جزوی طور پر کھلی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے قطر ایئرویز کی پروازیں محدود تعداد میں چل رہی ہیں۔یہ محدود پروازیں مغربی ایشیا میں تیزی سے بگڑتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کے بعد شروع ہوئی ہیں۔ اس بحران کی وجہ ایران کے میزائل اور ڈرون حملے ہیں جو خلیجی خطے میں امریکی فوجی اڈوں، سفارت خانوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ان حملوں سے متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، قطر، کویت، بحرین اور اردن جیسے ممالک متاثر ہوئے ہیں۔
اس تنازع نے عالمی توانائی کی فراہمی کو بھی شدید متاثر کیا ہے، خاص طور پر آبنائے ہرمز کے علاقے میں، جہاں سے دنیا کے تقریباً 20 فیصد تیل کی ترسیل ہوتی ہے۔