ماسکو۔ امریکہ کی جانب سے پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد روس کی تیل کی بڑی کمپنی لوک آئل نے اپنے غیر ملکی اثاثے فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ روسی سرکاری میڈیا کے مطابق ماسکو میں قائم ہیڈکوارٹر رکھنے والی کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے بین الاقوامی اثاثے بیچنے جا رہی ہے۔
کمپنی نے پیر کو جاری بیان میں کہا کہ ’’کمپنی اپنے بین الاقوامی اثاثے فروخت کرنے کے ارادے کا اعلان کرتی ہے۔ ممکنہ خریداروں سے بولیاں وصول کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔‘‘
یہ فروخت امریکی ادارے آفس آف فارن ایسیٹس کنٹرول کے جاری کردہ لائسنس کے تحت کی جا رہی ہے۔ کمپنی نے کہا کہ یہ قدم کچھ ممالک کی جانب سے کمپنی اور اس کی ذیلی کمپنیوں پر عائد کی گئی پابندیوں کے بعد اٹھایا گیا ہے۔
امریکی آفس آف فارن ایسیٹس کنٹرول نے کمپنی کو 21 نومبر تک کی مہلت دی ہے کہ وہ اپنے غیر ملکی کاروبار کو ختم کرے بصورت دیگر بھاری جرمانے کا سامنا کرے۔ لوک آئل نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو کمپنی لائسنس میں توسیع کے لیے درخواست دے گی تاکہ اس کے بین الاقوامی اثاثوں کے کام میں رکاوٹ نہ آئے۔
یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی تیل و گیس کمپنیوں لوک آئل اور روزنیفٹ پر پابندیاں عائد کیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ قدم روس کی جانب سے یوکرین میں جنگ ختم کرنے کے امن عمل میں سنجیدہ پیش رفت نہ کرنے کے باعث اٹھایا گیا ہے۔
امریکی محکمہ خزانہ نے بیان میں کہا کہ ان اقدامات سے روس کے توانائی کے شعبے پر دباؤ بڑھے گا اور کریملن کی جنگی مشین کے لیے آمدنی کے ذرائع محدود ہوں گے۔ امریکہ امن کے قیام کے لیے کوششیں جاری رکھے گا اور پائیدار امن روس کی نیک نیتی سے مذاکرات پر منحصر ہے۔ محکمہ خزانہ اپنے اختیارات امن عمل کی حمایت میں استعمال کرتا رہے گا۔
امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ خون ریزی رکی اور فوری جنگ بندی ہو۔ صدر پیوٹن کے اس بے معنی جنگ کو ختم نہ کرنے کے رویے کے باعث محکمہ خزانہ روس کی دو سب سے بڑی تیل کمپنیوں پر پابندیاں لگا رہا ہے جو کریملن کی جنگی مشین کو مالی مدد فراہم کرتی ہیں۔ اگر ضرورت پڑی تو مزید اقدامات کیے جائیں گے تاکہ صدر ٹرمپ کی امن کوششوں کو تقویت ملے۔ ہم اپنے اتحادیوں سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ ان پابندیوں میں شامل ہوں اور ان پر عمل کریں۔
امریکی آفس آف فارن ایسیٹس کنٹرول نے روسی کمپنیوں کے ساتھ کام کرنے والی دیگر بین الاقوامی کمپنیوں کو بھی ایک ماہ کی مہلت دی ہے تاکہ وہ تعلقات ختم کریں ورنہ انہیں بھی ثانوی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا جس کے تحت انہیں امریکی بینکوں، تاجروں، شپنگ کمپنیوں اور انشورنس اداروں تک رسائی سے محروم کر دیا جائے گا۔
لوک آئل روس اور بیرون ملک تیل و گیس کی تلاش، پیداوار، ریفائننگ، مارکیٹنگ اور تقسیم کے کاموں میں مصروف ہے۔ امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق لوک آئل کی کئی روسی ذیلی کمپنیاں توانائی کے شعبے میں کام کرنے کے باعث ایگزیکٹو آرڈر 14024 کے تحت فہرست میں شامل کی گئی ہیں۔
ان کمپنیوں میں لوک آئل پرم لمیٹڈ لائبیلٹی کمپنی شامل ہے جو روس میں تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار میں مصروف ہے۔ لوک آئل آئک اے لمیٹڈ، لوک آئل ویسٹ سائبیریا لمیٹڈ روس میں تیل و گیس کی پیداوار کرتے ہیں۔ لوک آئل کالیننگراڈ مورنیفٹ روس میں زمینی اور سمندری تیل و گیس کے ذخائر کی ترقی پر کام کرتی ہے۔
لوک آئل کی ذیلی کمپنی رشین انوویشن فیول اینڈ انرجی کمپنی روس میں سخت ذخائر سے ہائیڈروکاربن نکالنے کے لیے نئی ٹیکنالوجی اور آلات تیار کرتی ہے۔ اسی طرح ذیلی کمپنی یورال آئل روس میں تیل و گیس کے ذخائر کی ترقی میں مصروف ہے۔