ویڈیووائرل ہونے کے بعد،اغلام بازمولوی گرفتار

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
مفتی عزیز گرفتار
مفتی عزیز گرفتار

 

 

لاہور

پولیس نے مدرسے میں طالبعلم سے جنسی زیادتی کرنے والے مفتی عزیز الرحمٰن کو میانوالی سے گرفتار کر لیا، پولیس کے مطابق مفتی عزیز الرحمٰن کے 1 بیٹے کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ مفتی عزیز الرحمٰن اور ان کے بیٹے مبینہ زیادتی کی ویڈیوز سامنے آنے کے بعد سے روپوش تھے۔

مدرسے میں طالب علم سے مبینہ زیادتی میں ملوث مفتی عزیز الرحمٰن کو بالآخر میانوالی سے گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے 2 روز قبل ٹاؤن شپ میں چھاپہ مارا تھا، جہاں سے وہ پولیس کے پہنچنے سے پہلے ہی فرار ہو چکے تھے۔ پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع ملی کہ مفتی عزیزالرحمٰن میانوالی میں ہیں، جہاں چھاپہ مار کر مفتی عزیز اور ان کے ایک بیٹے کو پکڑ لیا گیا ہے۔

مفتی عزیز الرحمٰن کے 2 بیٹے تاحال مفرور ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ مفتی عزیز الرحمٰن اور ان کے بیٹوں کے خلاف صابر شاہ نامی طالب علم نے تھانہ صدر میں مقدمہ درج کرا رکھا ہے، جس میں مفتی عزیز الرحمٰن پر 3 سال تک زیادتی کا نشانہ بنانے اور ان کے بیٹوں کے خلاف دھمکیاں دینے کے الزامات لگائے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق مفتی عزیز الرحمٰن کی طالب علم سے مبینہ زیادتی کی ویڈیو چند روز قبل منظر عام پر آئی تھی۔ جس کے بعد مفتی عزیز الرحمٰن نے ایک ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ جب یہ معاملہ ہوا، وہ ہوش میں نہیں تھے، مگر ان کے اس بیان کے بعد مزید کئی ویڈیوز بھی سامنے آ گئیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مدعی طالب علم صابر شاہ محفوظ مقام پر ہے۔ دوسری جانب ویڈیوز سامنے آنے کے بعد مفتی عزیز الرحمٰن کو متعلقہ مدرسے سے نکال دیا گیا تھا جبکہ جمعیت علمائے اسلام نے بھی مفتی عزیز الرحمٰن کی رکنیت معطل کر دی تھی۔ (ایجنسی ان پٹ )