غزہ: جنگ بندی کے بعد عالمی امداد کا سلسلہ شروع

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
جنگ بندی کے بعد فلسطین میں عالمی امداد پہنچنے کا سلسلہ شروع
جنگ بندی کے بعد فلسطین میں عالمی امداد پہنچنے کا سلسلہ شروع

 

 

 دبئی 

غزہ میں 11 روز تک جاری رہنے والی اسرائیلی بمباری کے بعد اب حالات معمول پر آنے شروع ہو گیے ہیں-فریقین کے درمیان ہونے والی جنگ بندی کے بعد متاثرہ افراد کے لئے دنیا بھر سے امداد بھی پہنچنے لگی ہے۔

مغربی میڈیا کے مطابق ہزاروں بے گھر فلسطینی اپنے گھروں کو لوٹنا شروع ہو گئے ہیں جس کے بعد عالمی برادری کی توجہ غزہ کی پٹی کی تعمیر نو کی طرف مرکوز ہو گئی ہے ۔ یاد رہے کہ دو ہفتے قبل فلسطینیوں اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپ کے نتیجے میں غزہ پر اسرائیلی حملے شروع ہوئے ۔ بیت المقدس کے متعدد دیگر حصوں اور مغربی کنارے کے درمیان گزرگاہ پر بھی جھڑپیں ہوئیں۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ انہوں نے اسرائیلیوں سے کہا ہے کہ وہ یروشلم میں فرقہ وارانہ لڑائی ختم کریں اور غزہ کی تعمیر نو کے سلسلے میں منظم کوششیں کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں ابھی بھی دو ریاستی حل کی ضرورت ہے، یہ واحد جواب ہے۔

امدادی سامان لے جانے والی گاڑیوں کے قافلے اسرائیل کی جانب سے دوبارہ کھولے جانے کے بعد کرم شالوم کراسنگ کے راستے غزہ سے گزرنا شروع ہوئے جہاں اس سامان میں ضروری ادویہ، خوراک اور ایندھن شامل ہے۔

اقوام متحدہ کے سینٹرل ایمرجنسی رسپانس فنڈ نے انسانی بنیادوں پر ایک کروڑ 85 لاکھ ڈالر کے فنڈ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔

جمعہ کے روز ہزاروں باشندے کئی دن گھروں اور پناہ گاہوں میں بند رہنے کے بعد باہر نکلے اور پڑوسیوں سے ملاقات کی، نقصان اور تباہی کا اندازہ لگایا، سمندر کا دورہ کیا اور اپنے پیاروں کی تدفین کی۔

امدادی کارکنوں نے بتایا کہ وہ معمولی وسائل کے باوجود پوری تندہی سے کام کررہے ہیں تاکہ ملبے تلے دبے ہوئے زندہ افراد تک پہنچ سکیں۔