افغانستان :نائب صدر امراللہ صالح وادی پنجشیر میں

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 23-08-2021
نائب صدر امراللہ صالح
نائب صدر امراللہ صالح

 

 

کابل : افغانستان کے خود ساختہ جلاوطن صدر اشرف غنی گذشتہ ہفتے طالبان کے کابل پہنچتے ہی اپنے قریبی رفقا کے ساتھ ملک چھوڑ کر متحدہ عرب امارات چلے گئے تھے، تاہم انہی کے نائب صدر امراللہ صالح کے بارے میں یہ کہا جارہا تھا کہ وہ اس وقت وادی پنجشیر میں موجود ہیں۔

 آج صحافی یلدا حاکم کی طرف سے ٹوئٹر پر ایک تصویر شیئر کی گئی ہے جس سے یہ گمان ہوتا ہے کہ امراللہ صالح واقعی احمد شاہ مسعود کے علاقے پنجشیر میں موجود ہیں۔

یلدا حاکم نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’کابل سے صرف تین گھنٹے کی مسافت پر نائب صدر امراللہ صالح اور طالبان مخالف مزاحمتی گروہ کے جنگجو والی بالی کھیل رہے ہیں۔‘ اسی طرح ناطق ملکزادہ نامی ٹوئٹر صارف نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں امراللہ صالح کو دیگر لوگوں کے ساتھ والی بال کھیلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

تاہم کوئی بھی امراللہ صالح کی پنجشیر میں موجودگی کی آزادانہ تصدیق کرنے سے قاصر ہے۔ پنجشیر افغانستان کے 34 صوبوں میں سے ایک ہے جو کابل سے تقریباً تین گھنٹے کی مسافت پر واقع ہے۔

یہ صوبہ طالبان کے پچھلے دور 1996 سے لے کر 2001 تک میں بھی طالبان کے کنٹرول میں نہیں تھا اور ’شیر پنجشیر‘ کے نام سے مشہور احمد شاہ مسعود کی قیادت میں ناردن الائنس (شمالی اتحاد) طالبان کے خلاف جنگ اسی علاقے سے لڑتا تھا۔

احمد شاہ محسود کے صاحبزادے احمد مسعود اس علاقے میں موجود ہیں جنہوں نے کچھ دن قبل واشنگٹن پوسٹ میں ایک مضمون میں لکھا تھا کہ ’وہ اور ان جنگجو طالبان کے خلاف جنگ لڑنے کو تیار ہیں۔

 گذشتہ ہفتے امراللہ صالح نے ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’افغانستان کے آئین کے مطابق وہ ملک کے قانونی قائم مقام صدر ہیں۔ ۔

 ان کا کہنا تھا کہ ’افغانستان کے آئین کے مطابق ملک کے صدر کی غیر موجودگی، وفات، بھاگنے اور استعفے کی صورت میں اول نائب صدر ملک کا قائم مقام صدر بن جاتا ہے۔

اس وقت میں اپنے ملک کے اندر موجود ہوں اور میں ملک کا قانونی قائم مقام صدر ہوں۔ میں تمام لیڈروں سے ان کی حمایت حاصل کرنے اور اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے رابطہ کر رہا ہوں۔‘ اتوار کے روز احمد مسعود کے صاحبزادے کے ایک ترجمان نے رپورٹرز کو بتایا تھا کہ ’امراللہ صالح پنجشیر میں موجود ہیں۔‘