افغانستان میں بم دھماکہ،درجنوں طلبہ سمیت30 ہلاک

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
جائے واقعہ کامنظر
جائے واقعہ کامنظر

 

 

 

پل علم,

فغانستان کے صوبہ لوگر کے دارالحکومت پل علم میں جمعہ کے روز کار بم دھماکے میں کم از کم 30 افراد ہلاک اور 70 زخمی ہوگئے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ایک کار میں سوار ایک خودکش حملہ آور نے اس وقت بم دھماکہ کردیا جب لوگ شام کے ساڑھے چھ بجے روزہ کھول رہے تھے۔

ذرائع کے مطابق اس دھماکے سے 30 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ اس حادثے میں زخمی ہونے والے تقریباََ 70 افراد کو مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے جہاں کئی افراد کی حالت نازک بنی ہوئی ہے ۔

اس حملے کی فی الحال کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ صوبائی اسپتال کی عمارت اور ایمبولینس تباہ ہو گئی ۔ کئی طبی اہلکار بھی متاثر ہوئے ہیں ۔ زخمیوں کی امداد کے لئے پرائیوٹ اسپتالوں اور اسپتال کے اضلاع سے ایمبولینسیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں ۔

اس حادثے میں ہلاک شدگان اور زخمیوں میں زیادہ تر طالب علم تھے ۔ وہ یونیورسٹی کے داخلے کے امتحان میں شرکت کے بعد شام کو اسپتال کے چھوٹے سے ریستوران میں کھانا کھانے اور افطار کرنے کے لئے اکٹھا ہوئے تھے ۔

وزارت صحت کے ترجمان نے نامہ نگاروں سے کہا کہ کابل سے 12 سے زیادہ ایمبولینس کو فوری طور پر پل علم کے لئے روانہ کیا گیا ہے ۔ دھماکے کے بعد بجلی کے کھمبے گرنے سے علاقے میں بجلی کی سپلائی بند ہوگئی ہے ۔ (ایجنسی ان پٹ )