چائے والی’ زبیدہ بیگم:جس نےجمع پونجی کووڈ فنڈ میں د یدی ’

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 24-05-2021
زبیدہ بیگم
زبیدہ بیگم

 

 

 عبدالحئی /خان دہلی

کیرالہ میں کووڈ۔19 ویکسین چیلنج فنڈکا مقصد لوگو ں کو مفت میں ویکسین فراہم کرانا ہے۔ اس فنڈ کے لیے کئی لوگوں نے اپنی جمع پونجی چندے میں دے کر دوسرے کے لیے مثال قائم کی ہے۔ انہی میں سے ایک کیرالہ کی بزرگ خاتون زبیدہ بیگم بھی ہیں۔ وہ ایک چائے کی دکان کے سہارے اپنے گھر کا خرچ چلا تی ہیں۔

انہوں نے اپنی مالی تنگی کی پرواہ کیے بغیر کووڈ۔19ویکسین چیلنج فنڈ میں عطیہ دینے کے لیے اپنی چار بکریاں بیچ دیں،اس سے ملے 5؍ہزار روپے، انہوں نے سی ڈی ایم آر ایف میں عطیہ کر دیے۔ بزرگ زبیدہ بیگم نے پچھلے سال 20؍بکریاں بیچ کر اس سے ملنے والے پیسے کو فنڈ میں دے دیا تھا۔ اس سے انہیں پہچان ملی،اور 20؍مئی کو سرکار کے حلف برداری تقریب میں شامل ہونے کا موقع ملا۔ زبیدہ کو کولم کے کلکٹرنے فون کر کے اطلاع دی تھی کہ انہیں ایل ڈی ایف سرکار کی حلف برداری تقریب میں وی وی آئی پی دعوت نامہ ملا ہے اور انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں تھرواننتا پورم لے جانےکے لیے ایک کار بھی بھیجی جارہی ہے۔

زبیدہ نے بتایا کہ میں یہ سن کر حیران تھی، کیونکہ اس طرح سے کسی تقریب میں شامل ہونے کی انہیں کوئی امید نہیں تھی۔ زبیدہ اپنے گھر کا خرچ چلانے کے لیے چائے دکان کے علاوہ ہر سال بکریاں بھی پالتی ہیں۔ وہ اپنے شوہر کے ساتھ رہتی ہیں ، جن کی گزشتہ برس ہارٹ سرجری ہوئی تھی۔ ان کا ایک دل کا مریض بھائی بھی ان کے ساتھ رہتاہے۔ زبیدہ کے تین بچے ہیں جو شادی شدہ ہیں اوریومیہ مزدوری پر کام کرتے ہیں۔