شہلا عارف ، ملازمت ترک کرکے ٹاپ ڈیزائنر بننے کا سفر

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 11-10-2025
 شہلا عارف ، ملازمت ترک کرکے ٹاپ ڈیزائنر بننے کا سفر
شہلا عارف ، ملازمت ترک کرکے ٹاپ ڈیزائنر بننے کا سفر

 



سری نگر  (اے این آئی)
کشمیر کی بڑھتی ہوئی فیشن انڈسٹری میں شہلا عارف نے تخلیقی صلاحیت اور حوصلے کے ساتھ اپنی پہچان بنائی ہے۔ ان کا نام جرأت اور جذبے کی علامت بن چکا ہے۔ ایک وقت میں وہ سرکاری ملازمہ تھیں، لیکن اب وہ بطور فل ٹائم ڈیزائنر کام کر رہی ہیں۔شہلا سرکاری نوکری کر رہی تھیں جب انہوں نے اپنے شوق کے پیچھے چلنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے ایک بڑا خطرہ مول لیا اور اپنے خوابوں کے لیے  ملازمت سے استعفیٰ دے دیا۔ بچپن سے ہی شہلا کو تخلیق اور اسٹائلنگ سے محبت تھی۔ یہ شوق آہستہ آہستہ انہیں اپنے کیریئر کو دوبارہ شروع کرنے اور سب کچھ داؤ پر لگانے کی تحریک دینے لگا۔

شہلا نے کہا، میں اسکول کے زمانے سے ڈرائنگ، مجسمہ سازی اور ڈیزائننگ کی طرف مائل تھی۔ میں فائن آرٹس کا مطالعہ کرنا چاہتی تھی، لیکن ابتدا میں میرے والدین اس کی کیریئر کی ممکنہ راہوں کے بارے میں متردد تھے۔ آخرکار، انہوں نے فائن آرٹس کی اجازت دی، یہ کہتے ہوئے کہ اس سے نفسیات اور آرٹ تھراپی میں کیریئر کے مواقع کھلیں گے۔ اس لیے میں نے فائن آرٹس کا انتخاب کیا اور نفسیات کا مطالعہ بھی کیا۔

شہلا نے اپنا کاروبار سری نگر میں ایک چھوٹے کمرے سے شروع کیا۔ انہوں نے ایسے ڈیزائن آزماۓ جو روایتی کشمیری فن اور جدید جمالیات کو یکجا کرتے تھے۔انہوں نے یاد کرتے ہوئے کہا، میں خود کا باس بننا چاہتی تھی اور کچھ منفرد تخلیق کرنا چاہتی تھی، جو میری 10-4 والی نوکری میں ممکن نہیں تھا۔ اس لیے میں نے نوکری چھوڑ دی اور ایک چھوٹے درجے کی دکان کھولی۔ نہ آن لائن پروموشنز تھیں اور نہ آف لائن۔ کوئی فیس بک یا انسٹاگرام پیج بھی نہیں تھا۔

شہلا نے مزید کہا کہمیں نے خواتین کے لیے سوٹ سینے شروع کیے اور آہستہ آہستہ میرے کام کو توجہ ملنے لگی۔ کلائنٹس کو میرا کام پسند آیا۔ حالانکہ میں نے ڈیزائننگ میں کوئی پیشہ ورانہ کورس نہیں کیا۔ کشمیر کی ثقافت کی عکاسی کرنے والی منفرد تخلیقات تخلیق کرنے کی صلاحیت نے انہیں نوجوان نسل کی توجہ جلد حاصل کرائی۔ وہ فیشن کے ذریعے روایتی کشمیری ورثے کو جدید انداز میں زندہ کرنے کے لیے سراہا جانے لگیں۔

انہوں نے بتایا، میں نے سوچا کہ ہماری ثقافت کو اس طرح محفوظ اور زندہ رکھا جائے کہ ہماری آئندہ نسلیں اسے استعمال کر سکیں۔ اس لیے میں نے کچھ ڈیزائنز اور پیٹرنز کو ملا کر سادہ اور منفرد لباس کا امتزاج تیار کیا۔تاہم، یہ سفر آسان نہیں تھا۔ شہلا کو دوستوں اور خاندان کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا کہ وہ ایک محفوظ اور اچھی تنخواہ والی نوکری چھوڑ رہی ہیں، لیکن اس نے اپنے جذبے کے پیچھے چلنے اور فیشن انڈسٹری میں کامیابی حاصل کرنے سے باز نہیں آئیں۔

ان کا عزم، توجہ اور محنت رنگ لائی، اور آرڈرز آنا شروع ہو گئے۔ جلد ہی انہوں نے سری نگر میں ایک مکمل ڈیزائنر اسٹوڈیو قائم کیا۔ اب ان کے پاس جادوئی اور دلکش برائیڈل ویئر سے لے کر روزمرہ کے جدید لباس تک کا وسیع مجموعہ موجود ہے۔ ان کے اسٹوڈیو اور مجموعے نے نوجوانوں کی توجہ حاصل کی اور وسیع سطح پر پہچان حاصل کی۔سوشل میڈیا نے ڈیزائنر اسٹوڈیو کی تشہیر میں اہم کردار ادا کیا، جس نے انہیں وسیع ناظرین کے سامنے اپنے ہنر کو دکھانے کا پلیٹ فارم فراہم کیا اور ان کے برانڈ کو کشمیر اور اس سے آگے کے کلائنٹس تک پہنچنے میں مدد دی۔

شہلا کے ڈیزائن خلیجی ممالک اور مشرق وسطیٰ میں بھی مقبول ہوئے، جس سے انہیں بین الاقوامی کلائنٹس حاصل ہوئے۔ بین الاقوامی کامیابی کے علاوہ، شہلا نے فیشن انڈسٹری میں قدم رکھنے کی خواہش رکھنے والی نوجوان خواتین کو کام اور ترقی کے مواقع بھی فراہم کیے۔