شروع میں انہوں نے تنقید کی...اب سب سے زیادہ تعریف کرتے ہیں": کشمیری گلوکارہ مسرت النسا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 13-09-2025
شروع میں انہوں نے تنقید کی...اب سب سے زیادہ تعریف کرتے ہیں
شروع میں انہوں نے تنقید کی...اب سب سے زیادہ تعریف کرتے ہیں": کشمیری گلوکارہ مسرت النسا

 



سری نگر ;(اے این آئی)گلوکارہ مسرت النسا نے حال ہی میں ریلیز ہونے والی او ٹی ٹی فلم "Songs of Paradise"میں اپنی جاندار گائیکی کے ذریعے سامعین کے دل جیت لیے ہیں۔ یہ فلم کشمیری نغمہ خواں راج بیگم کی زندگی سے متاثر ایک سوانحی کہانی ہے۔کشمیری گلوکارہ کے طور پر مسرت النسا نے بتایا کہ جب انہوں نے گلوکاری کو بطور پیشہ اپنانے کا فیصلہ کیا تو انہیں بھی کئی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔ فلم میں دکھائی گئی راج بیگم کی جدوجہد کو وہ آج بھی کشمیری خواتین گلوکاراؤں کے لیے حقیقت قرار دیتی ہیں۔

ابتدائی جدوجہد کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئےمسرت نے اے این آئی کو بتایاکہ"بہت جدوجہد رہی۔ جیسے راج بیگم کو بے شمار تنقیدیں سہنی پڑیں، آج بھی کشمیری خواتین گلوکاراؤں کو اسی کا سامنا ہے۔ مجھے بھی بہت کچھ سننا پڑا۔ ابتدا میں لوگ کہتے تھے کہ یہ کیوں کر رہی ہو؟ اس میں کیا کریئر ہے؟ کشمیری میں گانا کوئی پیشہ نہیں سمجھا جاتا۔

لیکن فلم "Songs of Paradise"سے ملی کامیابی کے بعد اب حالات بدل گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ تنقید کرنے والوں کا ردعمل اب بہت اچھا ہے۔ وہ کچھ نہیں کہتے بلکہ بہت تعریف کرتے ہیں۔ اب کہتے ہیں کہ میں نے صحیح پیشہ چنا ہے۔ ابتدا میں وہی لوگ سب سے زیادہ تنقید کرتے تھے، لیکن اب سب سے زیادہ تعریف بھی وہی کرتے ہیں۔

فلم "Songs of Paradise"کی کہانی ایک کشمیری لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو خواتین گلوکاراؤں کے خلاف رائج دقیانوسی تصورات کو توڑنے کے لیے سفر کا آغاز کرتی ہے۔مسرت النسا کا ماننا ہے کہ اب حالات میں نمایاں تبدیلی آ رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ اب چیزیں معمول پر آ رہی ہیں۔ آج کئی کشمیری گلوکارائیں گارہی ہیں۔ لڑکیاں آگے بڑھ رہی ہیں، والدین کو چاہیے کہ اپنے بچوں کا ساتھ دیں کیونکہ دنیا آگے بڑھ رہی ہے، تو لڑکیاں کیوں پیچھے رہیں؟ اگر لڑکیاں ہر شعبے میں آگے بڑھ رہی ہیں تو اس میدان میں بھی انہیں آگے آنا چاہیےدل چورانگانے سے شہرت پانے والی مسرت نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو موسیقی کے شعبے میں آگے بڑھنے کا موقع دیں، خاص طور پر کشمیر میں۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے کشمیر میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے۔ بس خاندان سوچتا ہے کہ نہ جانے آگے کیا ہوگا، مگر ایسا کچھ نہیں ہے۔ اپنے بچوں کو موقع دیں۔ آپ کے بچے آپ کا نام روشن کر سکتے ہیں۔آئندہ منصوبوں کے بارے میں بات کرتے ہوئےمسرت النسا نے کہا کہ وہ اپنی گائیکی کے ذریعے کشمیری زبان کو فروغ دینا چاہتی ہیں۔ انہوں نے پنجابی موسیقی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری گلوکاروں کو بھی اپنی زبان کو عالمی سطح پر پہنچانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ میرا پورا فوکس اپنی زبان کو آگے بڑھانے پر ہے۔ میں پنجابی، ہندی اور انگریزی میں بھی گاتی ہوں لیکن ہمیشہ کوشش کرتی ہوں کہ کشمیری گانے گاؤں تاکہ ہماری زبان آگے بڑھے۔ آپ نے خود دیکھا ہوگا کہ پنجابی موسیقی پوری دنیا میں پھیل رہی ہے۔ اس کی وجہ یہی ہے کہ وہاں کے فنکار اپنی زبان کو فروغ دے رہے ہیں۔مسرت نے مزید کہاکہ گانا ہی وہ چیز ہے جو دنیا کو جوڑتا ہے۔ اس لیے ہمیں بھی کوشش کرنی چاہیے کہ اپنی زبان کو دنیا بھر میں متعارف کرائیں۔ اس وقت میری بھرپور کوشش یہی ہے کہ کشمیری زبان کو آگے لے جاؤں۔’Songs of Paradise‘میں ان کا گایا ہوا نغمہ دل چوران، جسے بھجن سوپوری نے کمپوز کیا تھا، انہیں عالمی سطح پر شہرت دلا چکا ہے۔