پندرہ سالہ بیباک افغان لڑکی2021 کی بااثرخواتین میں شامل

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 05-12-2021
ستودہ فروتن
ستودہ فروتن

 

 

کابل: پندرہ سالہ افغان لڑکی 2021 کی بااثر خواتین میں شامل ہوگئیں، ستودہ فروتن کو برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے 2021 کی 25 بااثر خواتین کی فہرست میں شامل کیا ہے۔

ستودہ نے طالبان کی نئی حکومت کی جانب سے لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی کے خلاف آواز اٹھائی تھی۔ 25 بااثر خواتین میں سوڈان کی سیاستدان خاتون مریم المہدی اور آئی ایم ایف کی چیف اکانومسٹ گیتا گوپیناتھ سمیت دیگر خواتین بھی شامل ہیں۔

ان تمام خواتین نے اپنی اپنی فیلڈ میں نمایاں کارنامے انجام دیے ہیں۔ 15 سالہ افغان طالبہ ستودہ فروتن کا نام اس سال کی 25 بااثر لڑکیوں/خواتین میں اعلیٰ کامیابیاں حاصل کرنے والوں کی بین الاقوامی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

اس نوعمر لڑکی کا نام "ایف ٹی کی 2021 کی 25 بااثر خواتین" میں شامل کیا گیا تھا جب اس نے طالبان حکومت کی طرف سے 7-12 کی کلاسوں میں لڑکیوں کے سکولوں میں داخلہ پر پابندی کے فیصلے کے خلاف موقف اختیار کیا تھا۔

ستمبر میں، حکومت نے صرف لڑکوں کو اسکول جانے کی اجازت دی تھی۔ انہوں نے لڑکیوں کو یہ کہتے ہوئے روک دیا کہ جب تک کوئی مناسب ڈھانچہ نہیں بن جاتا انہیں اپنی تعلیم کا انتظار کرنا پڑے گا۔ 21 اکتوبر کو پیغمبر اسلام (ص) کے یوم ولادت کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے،

فروتن نے بے خوف ہوکر طالبان حکام سے کہا کہ وہ اپنے اسکول دوبارہ کھولیں۔ "آج، لڑکیوں کی نمائندہ کے طور پر، میں ایک پیغام دینا چاہتی ہوں جو ہمارے دلوں میں ہے۔ ہم سب جانتے ہیں کہ ہرات علم کا شہر ہے۔ اسکولوں کو لڑکیوں کے لیے کیوں بند کیا جائے؟،"

تقریب کے دوران تقریباً 200 سامعین کے سامنے اس نے تقریرکیا تھا۔ اس کی تقریر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی اور لوگوں کی جانب سے اس طرح کا خطرہ مول لینے پر تعریف کی گئی تھی۔