انیسہ گوہر:انڈین اکنامک سروس میں گیارہواں رینک، خاندان میں خوشی کی لہر

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 31-12-2022
انیسہ گوہر:انڈین اکنامک سروس میں گیارہواں رینک، خاندان میں خوشی کی لہر
انیسہ گوہر:انڈین اکنامک سروس میں گیارہواں رینک، خاندان میں خوشی کی لہر

 

 

گورکھپور: ابھی چند دن قبل مرزاپور کی ثانیہ مرزا نے ایئرفورس کی پائلٹ بن کر سرخیاں بٹوری تھیں۔ اب گورکھپور کی انیسہ گوہر نے انڈین اکنامک سروس (آئی ایس ایس ) امتحان میں ملک میں 11 واں رینک حاصل کیاہے۔ انہوں نے جہاں اپنے شہر اور ریاست کا نام روشن کیا ہے، وہیں دوسری طرف ان طلبہ کو بھی پیغام دیا ہے جو حالات کا رونا روتے ہیں اور تعلیم کی طرف توجہ نہیں دیتے ہیں۔ انیسہ فی الحال آئی آئی ٹی کھڑگپور سے خواتین کو بااختیار بنانے کے موضوع پر تحقیقی کام کر رہی ہیں۔ بیٹی کی کامیابی سے اہل خانہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے احباب اور ملنے جلنے والے خاندان کو مبارکبادیاں پیش کر رہے ہیں۔

انیسہ کا تعلق ایک متوسط ​​گھرانے سے ہے۔ اس کے والد سنت کبیر نگر کی ایک تحصیل میں پیشکار ہیں۔ دیوریا ضلع کے کماریا سے تعلق رکھنے والی احمد صدیقی کی بیٹی انیسہ گوہر کی اس کامیابی سے جہاں پورا خاندان خوش ہے وہیں گاؤں اور اہل علاقہ بھی فخر محسوس کر رہے ہیں۔

awaz

اہل محلہ کا کہنا ہے کہ بیٹی کی کامیابی پر ہم سب خوش ہیں۔ گھر والوں کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے کا منہ بھی میٹھا کر کے خوشیاں منا رہے ہیں۔ گورکھپور کے شاستری نگر علاقے میں اپنے خاندان کے ساتھ رہنے والی انیسہ گوہر نے بتایا کہ یہ ان کی تیسری کوشش تھی، جس میں انہیں کامیابی ملی۔

واضح ہوکہ انیسہ کی ابتدائی تعلیم سے لے کر بی ایس سی تک کی تعلیم گورکھپور میں ہوئی ہے۔ انہوں نے سال 2019 میں آئی آئی ٹی روڑکی سے ایم ایس سی اکنامکس کیا۔ جس کے بعد وہ آئی آئی ٹی کھڑگپور سے خواتین کو بااختیار بنانے میں تحقیقی کام کر رہی ہیں۔ اس دوران وہ یو پی ایس سی کے امتحانات میں بیٹھتی رہی ہیں۔ بالآخر انیسہ کی محنت اور لگن رنگ لائی۔

انیسہ کی توجہ ملک کی اقتصادی پالیسیوں پر ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ میں آئی اے ایس نہیں بننا چاہتی تھی۔ میں ملک کی اقتصادی پالیسیوں پر کام کرنا چاہتی تھی اسی لیے میں نے اپنے آپشن کے طور پر آئی ای ایس کا انتخاب کیا۔

ملک کو معاشی طاقت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انیسہ کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانا، زراعت اور صحت کے شعبے کو معاشی طور پر مضبوط کرنا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اقتصادی پالیسیاں بنانے کا حصہ بھی بننا چاہتی تھیں۔

انیسہ کے والد احمد صدیقی سنت کبیر نگر کی تحصیل مہداول میں پیشکار ہیں۔ وہ بتاتے ہیں کہ دیوریا چھوڑ کر گورکھپور آکر آباد ہونے کا مقصد بچوں کو اچھی تعلیم فراہم کرنا تھا۔ انیسہ کی والدہ کا نام خوشبوالنسا ہے جو کہ ایک گھریلو خاتون ہیں۔

ان کے بڑے بھائی عتیق الرحمن مکینیکل انجینئر ہیں۔ چھوٹے بھائی نے آئی آئی ٹی کھڑگپور سے کمپیوٹر سائنس میں ایم ٹیک کیا ہے۔ ایک اور چھوٹا بھائی شرف الدین صدیقی ہندوستانی فضائیہ میں غازی آباد میں تعینات ہے۔ سب سے چھوٹی بہن ثمن پروین ،آئی آئی ٹی ڈی ایم جودھپور سے ماسٹر ان ڈیزائن کا کورس کر رہی ہے۔ انیسہ اپنی کامیابی کا سہرا خاندانی ماحول اور والدین کی لگن کے ساتھ صحیح رہنمائی کو دیتی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ میری کامیابی میں اساتذہ اور دوستوں کی حوصلہ افزائی کا بھی بڑا کردار ہے۔ انیسہ اس سوال پر جذباتی ہو جاتی ہیں کہ اس کامیابی کے پیچھے سب سے اہم کردار کس کا ہے۔ آنکھوں میں آنسو لیے وہ کہتی ہیں کہ اس کامیابی کے پیچھے سب سے بڑی قربانی اگر کسی نے دی ہے تو وہ میرا بڑا بھائی ہے۔