انسانیت کی سحری - کوٹا میں ونود کی ٹیم کر رہی ہے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی شمع روشن

Story by  ملک اصغر ہاشمی | Posted by  [email protected] | Date 25-02-2026
 انسانیت کی سحری -  کوٹا میں ونود کی ٹیم کر رہی ہے  فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی شمع روشن
انسانیت کی سحری - کوٹا میں ونود کی ٹیم کر رہی ہے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی شمع روشن

 



ملک اصغر ہاشمی نئی دہلی

کہا جاتا ہے کہ مذہب انسان کو بانٹتا نہیں بلکہ جوڑنا سکھاتا ہے۔ جب دنیا بھر میں فاصلے بڑھ رہے ہوں تو راجستھان کا شہر کوٹا ایسی مثال قائم کر رہا ہے جسے دیکھ کر ہر ہندوستانی کا سر فخر سے بلند ہو جائے۔ راجستھان کی یہ کوچنگ نگری صرف ڈاکٹر اور انجینئر ہی تیار نہیں کر رہی بلکہ یہاں انسانیت کا وہ سبق بھی پڑھایا جا رہا ہے جو کسی بھی ڈگری سے کہیں زیادہ قیمتی ہے۔ رمضان کے مقدس مہینے میں یہاں کی سڑکوں پر رات کی خاموشی میں جو منظر دکھائی دیتا ہے وہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی ایک بے مثال اور دل کو چھو لینے والی داستان ہے۔

کوٹا کے وجیان نگر کی گلیوں میں جب دنیا گہری نیند میں سو رہی ہوتی ہے تب ونود کمار اور ان کی ٹیم کے لیے دن کا آغاز ہوتا ہے۔ رات ٹھیک دس بجتے ہی ایک بڑے کچن میں تیاری شروع ہو جاتی ہے۔ چولہے جل اٹھتے ہیں برتنوں کی آواز گونجتی ہے اور فضا میں تازہ کھانے کی خوشبو پھیل جاتی ہے۔ یہ تیاری کسی جشن کی نہیں بلکہ ان سیکڑوں مسلم طلبہ کے لیے سحری تیار کرنے کی ہے جو اپنے گھروں سے دور یہاں روشن مستقبل کے خواب لے کر آئے ہیں۔

اس پوری مہم کو ایس زیڈ قادر خان نے اپنے وی لاگ کے ذریعے اجاگر کیا جس نے سوشل میڈیا پر لوگوں کے دل جیت لیے۔ کوٹا کوچنگ اداروں کا مرکز مانا جاتا ہے جہاں ملک بھر سے طلبہ میڈیکل اور انجینئرنگ کی تیاری کے لیے آتے ہیں۔ پڑھائی کا دباؤ اس قدر زیادہ ہوتا ہے کہ وہ دن رات کتابوں میں مصروف رہتے ہیں۔ رمضان کے دوران جب عبادت اور روزوں کا سلسلہ جاری ہوتا ہے تو وقت پر سحری اور افطار کا انتظام ایک بڑا مسئلہ بن جاتا ہے خاص طور پر ان طلبہ کے لیے جو پی جی یا ہاسٹل میں رہتے ہیں جہاں دیر رات کچن کی سہولت دستیاب نہیں ہوتی۔

ایسے میں ونود کمار کی قیادت میں مہم نامی تنظیم ایک فرشتہ صفت کردار کے طور پر سامنے آئی ہے۔ وجیان نگر میں قائم اس ادارے کے دو ہاسٹل ہیں جہاں لڑکے اور لڑکیاں تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ رمضان شروع ہوتے ہی مہم کا ہیلپ ڈیسک فعال ہو جاتا ہے۔ ونود کمار کی ٹیم میں صرف ملازمین ہی نہیں بلکہ شہر کے دانشور سرکاری افسران اور معروف تاجر بھی شامل ہیں۔ یہ سب اپنی سماجی حیثیت کو ایک طرف رکھ کر رات ساڑھے دس بجے سے صبح چار بجے تک خدمت میں مصروف رہتے ہیں۔

حیرت اور خوشی کی بات یہ ہے کہ یہاں تیار ہونے والا کھانا مکمل طور پر مفت فراہم کیا جاتا ہے۔ روزانہ پانچ سو سے چھ سو طلبہ کے لیے سحری تیار کی جاتی ہے۔ ایک پیکٹ کی لاگت تقریباً چالیس روپے آتی ہے۔ اس طرح ٹیم روزانہ پچیس سے تیس ہزار روپے خرچ کرتی ہے لیکن کسی طالب علم سے ایک پیسہ بھی نہیں لیا جاتا۔ یہ تمام اخراجات مقامی لوگوں کے تعاون اور ٹیم کی ذاتی محنت سے پورے کیے جاتے ہیں۔

جب کھانا تیار ہو جاتا ہے تو اسے تین پہیہ گاڑیوں میں رکھ کر شہر کے ان علاقوں میں پہنچایا جاتا ہے جہاں طلبہ بڑی تعداد میں رہتے ہیں۔ رات کے اندھیرے میں جب گاڑیاں پہنچتی ہیں تو طلبہ اپنے برتن لے کر باہر آتے ہیں اور محبت کے ساتھ انہیں سحری دی جاتی ہے۔ یہ منظر صرف بھوک مٹانے کا نہیں بلکہ اعتماد اور بھائی چارے کو مضبوط کرنے کا ہوتا ہے۔

ایس زیڈ قادر خان کے مطابق یہ خدمت صرف طلبہ تک محدود نہیں۔ اگر سحری کے پیکٹ بچ جائیں تو انہیں ضائع نہیں کیا جاتا بلکہ ٹیم کے افراد سڑکوں پر نکل کر بلا تفریق مذہب چوراہوں پر سوئے بے سہارا افراد اور اسپتالوں کے باہر موجود تیمارداروں میں تقسیم کر دیتے ہیں۔

مہم کئی برسوں سے یہ خدمت انجام دے رہی ہے اور اب اس کی گونج آس پاس کے شہروں تک پہنچ چکی ہے۔ پڑوسی شہروں کے لوگ بھی اس نیکی میں حصہ لینے کے لیے کوٹا آتے ہیں۔ کوئی سبزیاں کاٹنے میں مدد کرتا ہے تو کوئی پیکنگ میں ہاتھ بٹاتا ہے۔

مولانا ابوالکلام آزاد کا تبدیلی مذہب اور مسلم اقلیت کے بارے میں نظریہ

رمضان کی یہ سحری صرف ایک کھانا نہیں بلکہ اس ہندوستان کی تصویر ہے جہاں ونود اور قادر شانہ بشانہ کھڑے ہو کر ایک دوسرے کی خوشیوں اور ضرورتوں کا خیال رکھتے ہیں۔ کوٹا کی یہ کہانی ہمیں سکھاتی ہے کہ جب نیت صاف ہو اور دل میں انسانیت کا احترام ہو تو ایسا معاشرہ بنایا جا سکتا ہے جہاں کوئی بچہ بھوکا نہ سوئے اور کوئی خواب سہولت کی کمی سے ادھورا نہ رہ جائے۔

کوٹا کی یہ سحری آج پورے ملک کے لیے بھائی چارے اور بے لوث خدمت کا پیغام بن چکی ہے۔ ونود کمار اور ان کی ٹیم کا جذبہ اس حقیقت کو ثابت کرتا ہے کہ انسانیت کا مذہب سب سے بڑا ہے۔