ملک اصغر ہاشمی / نئی دہلی
کیا آپ یقین کر سکتے ہیں کہ محمد رفیع، جن کی آواز کو دنیا بھر میں ’’خدا کی آواز‘‘ کہا جاتا ہے، انہیں بھی کبھی نو سال تک زبردستی خاموش رہنے پر مجبور کر دیا گیا تھا؟ وہ شخص جس کی گائیکی نے کروڑوں دلوں کو چھوا، جسے سن کر کئی نسلوں نے گلوکار بننے کا خواب دیکھا-اُس رفیع صاحب کو بھی بالی ووڈ کی سازشوں کا شکار ہونا پڑا۔
یہ کوئی قیاس آرائی نہیں بلکہ اُس دور کے معروف گلوکار سریش واڈکر کا انکشاف ہے۔ ایک بین الاقوامی میڈیا چینل کو دیے گئے ایک گھنٹے طویل انٹرویو میں سریش واڈکر نے وہ سچ سامنے رکھا ہے، جسے جان کر ہر موسیقی کے عاشق کا دل دہل جائے گا۔
واڈکر کہتے ہیں کہ سوچئے، رفیع صاحب جیسے عظیم گلوکار کو آٹھ سے نو سال تک گانے کا موقع نہیں دیا گیا۔ وہ میوزک ڈائریکٹرز، جو ان کی مثالیں دیا کرتے تھے، وہی لوگ انہیں خاموش کر کے بیٹھ گئے۔ اتنا بڑا فنکار، جسے لوگ ’اللہ میاں کی آواز‘ کہتے ہیں، اسے گھر بٹھا دیا گیا۔‘‘
انٹرویو میں سریش واڈکر بتاتے ہیں کہ رفیع صاحب کو جان بوجھ کر پسِ پردہ کر دیا گیا تاکہ ابھرتے ہوئے کچھ گلوکاروں کو موقع دیا جا سکے۔ وہ کہتے ہیں کہ رفیع صاحب اُن گلوکاروں سے کہیں بہتر گاتے تھے، مگر شاید یہی اُن کی سب سے بڑی ’غلطی‘ بن گئی۔ لوگوں نے حسد میں آکر انہیں نظرانداز کر دیا۔ اس درد کو بیان کرتے ہوئے واڈکر کی آواز میں ایک تکلیف نمایاں محسوس ہوتی ہے۔
وہ مزید کہتے ہیں کہ ایک ہی گلوکار کو سو میں سے اٹھانوے گانے دے دیتے ہو، پھر کہتے ہو وہ ’لکی سنگر‘ ہے۔ لکی کیسے نہیں ہوگا، جب سارے موقعے اُسی کو ملیں گے؟ باقی کیا گھاس کاٹنے آئے ہیں؟یہ صرف رفیع صاحب کی بات نہیں ہے۔ سریش واڈکر خود بھی اس جانبداری کا شکار ہوئے۔ گلوکاروں کے ساتھ یہ سلوک ایک عام رویہ بن چکا تھا۔بات چیت کے دوران واڈکر یہ بھی کہتے ہیں کہ ہر سال سو گانے بنتے ہیں۔ اگر پچاس اپنے پسندیدہ گلوکار کو دیتے ہو، تو باقی پچاس دیگر گلوکاروں کو بھی دو تاکہ سب کا ’چائے پانی‘ چلتا رہے۔ یہ کیا بات ہوئی کہ ہر طرف صرف ایک ہی نام گونج رہا ہو؟
واڈکر کے یہ الفاظ ظاہر کرتے ہیں کہ فلمی صنعت میں فنکاروں کے ساتھ کس حد تک سیاست کی جاتی ہے۔ وہ مانتے ہیں کہ بالی ووڈ ایک ’’بددُعاؤں سے گھری‘‘ انڈسٹری ہے۔ ان کے مطابق، ’’اتنی منفی سوچ یہاں ہے کہ جب سو میں سے پچاس لوگ آپ کو بددعائیں دیں گے، تو وہ اثر تو کرے گا ہی۔‘‘
سریش واڈکر اور محمد رفیع کے درمیان گہری قلبی وابستگی بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔ وہ بتاتے ہیں کہ ایک بار جب انہوں نے رفیع صاحب کے ساتھ قوالی گائی، تو رفیع صاحب کے سالے نے فون کر کے بتایا کہ رفیع صاحب اُن کی گائیکی سے بے حد متاثر ہوئے تھے۔ یہ واقعہ آج بھی واڈکر کے لیے باعثِ فخر ہے۔
انٹرویو کے آخر میں سریش واڈکر انتہائی جذباتی ہو کر کہتے ہیں:
’’رفیع صاحب صرف ایک گلوکار نہیں تھے، وہ واقعی خدا کی آواز تھے۔ اُن جیسا نہ کوئی ہوا ہے، نہ ہو گا۔ ہم جیسے سیکڑوں گلوکاروں نے اُنہیں سن سن کر ہی موسیقی سیکھی ہے۔‘‘
آج جب ہم محمد رفیع کی برسی پر اُنہیں یاد کرتے ہیں، تو یہ سوال بھی اُٹھتا ہے-کیا یہ وہی ملک ہے جہاں ’خدا کی آواز‘ کو بھی نو سال تک خاموش کر دیا گیا؟رفیع صاحب کی آواز آج بھی گونجتی ہے-ہر دل میں، ہر نغمے میں۔مگر یہ یاد بھی ہمیشہ زندہ رہنی چاہیے کہ فن اور فنکار کو خاموش کر دینا، کسی بھی مہذب معاشرے کی سب سے بڑی ناانصافی ہے۔
رفیع صاحب، آپ کی سادگی، انکساری اور سُروں سے بھرپور دنیا کو ’’آواز دَ وائس‘‘ کا سلام۔