ملک اصغر ہاشمی
ہریانہ کا جدید اور تیز رفتار ترقی کرتا شہر گروگرام عموماً اپنی بلند عمارتوں۔ کارپوریٹ کلچر اور پرتعیش طرزِ زندگی کے لیے جانا جاتا ہے۔ تاہم یہ شہر وقتاً فوقتاً جمعہ کی نماز کے معاملے پر بھی قومی میڈیا اور سوشل میڈیا میں موضوعِ بحث بنتا رہا ہے۔ اس بار بھی گروگرام سرخیوں میں ہے لیکن وجہ کسی تنازع یا کشیدگی کے بجائے باہمی تعاون۔ صفائی اور عوامی شراکت داری کی ایک نئی مثال ہے۔
اس مرتبہ معاملہ عوامی مقامات پر نماز روکنے کا نہیں بلکہ اس بات کا ہے کہ آئندہ بقرعید اور ہر جمعہ کی نماز کو کس طرح بغیر کسی رکاوٹ۔ تنازع اور بدانتظامی کے پُرامن انداز میں ادا کرایا جائے۔ اس مثبت تبدیلی کے پس منظر میں ہریانہ شہری ترقیاتی اتھارٹی یعنی ایچ ایس وی پی کے ڈی ٹی پی انفورسمنٹ اور نوڈل افسر آر ایس باٹھ کی کوششوں کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
مسجدوں کی کمی اور کھلے میدان کا متبادل
گروگرام میں مسلم آبادی خاصی بڑی ہے لیکن اس تناسب سے مساجد کی تعداد ناکافی ہے۔ اسی وجہ سے کارپوریٹ سیکٹر اور دیگر اداروں میں کام کرنے والے ہزاروں افراد کو سڑک کنارے۔ فٹ پاتھوں اور عوامی پارکوں میں جمعہ کی نماز ادا کرنی پڑتی تھی جس کے باعث ٹریفک جام اور مقامی سطح پر کئی مسائل پیدا ہوتے تھے۔
ان حالات کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے تقریباً پانچ چھ برس قبل کھلے عوامی مقامات پر نماز ادا کرنے پر پابندی عائد کردی تھی۔ تاہم اس کے ساتھ ایک متبادل انتظام بھی کیا گیا اور سیکٹر 29 میں ہڈا سٹی سینٹر میٹرو اسٹیشن کے قریب تقریباً چالیس ایکڑ پر مشتمل ایک سرکاری میدان کا ایک حصہ نماز کے لیے مختص کردیا گیا۔ تب سے ہر جمعہ۔ عید اور بقرعید کی نماز اسی مقام پر پُرامن طور پر ادا کی جا رہی ہے۔

صفائی کے مسئلے نے پیدا کی نئی سوچ
وقت گزرنے کے ساتھ اس میدان میں صفائی کے مسائل بڑھنے لگے۔ بڑی تعداد میں نمازیوں کے جمع ہونے کے سبب کچرا جمع ہونے لگا اور دیکھ بھال کا نظام کمزور پڑ گیا۔ ایسے میں کچھ باشعور مسلم شہریوں نے خود آگے بڑھ کر انتظامیہ سے تعاون کی اپیل کی اور میدان کی صفائی میں سرکاری مدد طلب کی۔
ایچ ایس وی پی کے انفورسمنٹ شعبے نے اس مثبت پہل کا خیر مقدم کیا۔ نوڈل افسر آر ایس باٹھ نے فوری طور پر صفائی مہم کی منظوری دی اور متعلقہ ٹیموں کو تعاون کی ہدایت جاری کی۔ اس مہم میں افسر رام آریہ نے بھی اہم کردار ادا کیا اور نمازیوں و سرکاری عملے کے درمیان بہتر تال میل قائم کیا۔
’’شہر کو صاف رکھنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے‘‘
آر ایس باٹھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گروگرام جیسے بین الاقوامی معیار کے شہر کو صاف ستھرا اور تجاوزات سے پاک رکھنا صرف انتظامیہ کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شہری کا اخلاقی فرض بھی ہے۔ ان کے مطابق جب عوام خود شہر کی بہتری کے لیے آگے آتے ہیں تو انتظامیہ کو بھی ایسی مہمات کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ صفائی مہم کے دوران وہ خود بھی موقع پر پہنچے اور افسران و نمازیوں کے ساتھ مل کر صفائی کے کام میں حصہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ایک ذمہ دار افسر میدان میں اتر کر کام کرتا ہے تو عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہوتا ہے۔
تجاوزات اور ریڑھی والوں کو انتباہ
آر ایس باٹھ نے کہا کہ جمعہ اور عید کے مواقع پر ہزاروں افراد کی آمد سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بعض ریڑھی والے اور دکاندار میدان کے اطراف غیرقانونی قبضے کی کوشش کرتے ہیں اور کچرا بھی وہیں پھینک دیتے ہیں۔صفائی مہم کے دوران ایسے تمام افراد کو سخت تنبیہ کی گئی کہ مذہبی اجتماعات کی آڑ میں سرکاری زمین پر قبضہ نہ کیا جائے۔ ساتھ ہی یہ ہدایت بھی دی گئی کہ نماز کے فوراً بعد استعمال شدہ برتن اور دیگر کچرا ڈسٹ بن میں ڈالا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انتظامیہ مندروں اور گردواروں کے اطراف صفائی کے معاملے میں بھی یکساں سنجیدہ ہے۔
’بلڈوزر مین‘ کی نئی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل
گروگرام میں آر ایس باٹھ کو غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف سخت کارروائیوں کی وجہ سے ’’بلڈوزر مین‘‘ کہا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب وہ صفائی مہم میں عوام کے ساتھ شریک نظر آئے تو سوشل میڈیا پر ان کی نئی اور نرم شبیہ کو کافی سراہا گیا۔انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر صفائی مہم کی ویڈیو بھی شیئر کی جس میں لکھا کہ مسلم سماج نے سیکٹر 29 میں ہر جمعہ نماز کے بعد صفائی کی ذمہ داری لینے کا فیصلہ کیا اور ایچ ایس وی پی سے تعاون مانگا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شراکت داری اور انفورسمنٹ کے امتزاج سے گروگرام ایک منفرد مثال بن چکا ہے۔
سوشل میڈیا پر مثبت ردِعمل
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر بڑی تعداد میں مثبت تبصرے سامنے آئے۔ کئی صارفین نے آر ایس باٹھ کے اندازِ کار اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی تعریف کی۔ایک صارف شویتا سنگھ نے لکھا کہ ’’سر آپ کے کام کرنے کا انداز بہت پسند آیا۔‘‘ جبکہ وقار نامی صارف نے کہا کہ ’’اگر ملک بدلنا ہے تو خود کو بدلنا ہوگا اور صفائی کا خیال رکھنا ہوگا۔‘‘ محمد ثاقب نے آر ایس باٹھ کو سلام پیش کیا جبکہ کچھ صارفین نے شہر کے دیگر علاقوں میں بھی تجاوزات ہٹانے کا مطالبہ کیا۔یقینی طور پر گروگرام کا یہ ماڈل ملک کے دیگر شہروں کے لیے بھی ایک مثال بن سکتا ہے جہاں قانون کے نفاذ کے ساتھ ساتھ عوامی تعاون۔ صفائی اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دے کر تنازعات کو مثبت ماحول میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔