بھوپال میں موت کے بعد دو ہندوؤں کو زندگی دے گئی مسلم خاتون

Story by  ملک اصغر ہاشمی | Posted by  [email protected] | Date 08-06-2026
بھوپال میں موت کے بعد دو ہندوؤں کو زندگی دے گئی مسلم خاتون
بھوپال میں موت کے بعد دو ہندوؤں کو زندگی دے گئی مسلم خاتون

 



ملک اصغر ہاشمی / نئی دہلی

کیا انسانیت مذہب سے بڑی ہوسکتی ہے؟ بھوپال سے سامنے آنے والا ایک دل کو چھو لینے والا واقعہ اس سوال کا مضبوط جواب ’’ہاں‘‘ میں دیتا ہے۔ ایسے وقت میں جب مذہب اور شناخت کے نام پر ہونے والی بحثیں اکثر سماج کو تقسیم کرتی دکھائی دیتی ہیں۔ کیرالہ کی ایک مسلم خاتون ڈاکٹر نے اپنی موت کے بعد ایسی مثال قائم کی جس نے نہ صرف دو خاندانوں کی زندگی روشن کردی بلکہ انسانیت۔ گنگا جمنی تہذیب اور سماجی ہم آہنگی کی نئی مثال بھی پیش کی۔

مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں ایک مسلم خاتون ڈاکٹر کے اعضا عطیہ کرنے سے دو ہندو مریضوں کو نئی زندگی ملی ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ یہ فیصلہ ایسے خاندان نے کیا جس کے سامنے اچانک موت کا گہرا صدمہ تھا۔ لیکن اس درد کے باوجود انہوں نے انسانیت کو ترجیح دی۔ اس واقعے نے سوشل میڈیا پر بھی جذباتی بحث چھیڑ دی ہے اور ہزاروں لوگ اسے ’’انسانیت کی سب سے بڑی مثال‘‘ قرار دے رہے ہیں۔

کیرالہ کی رہنے والی 42 سالہ آیوروید ڈاکٹر ساجنا ایس اے گزشتہ تقریباً چھ ماہ سے بھوپال میں خدمات انجام دے رہی تھیں۔ اطلاعات کے مطابق 15 مئی 2026 کو انہیں شدید برین ہیمریج یعنی سب اراکنوئڈ ہیمریج کی حالت میں بھوپال کے بنسل اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ڈاکٹروں کی تمام کوششوں کے باوجود ان کی حالت مسلسل بگڑتی گئی اور علاج کے دوران انہیں برین اسٹیم ڈیڈ قرار دے دیا گیا۔

خاندان کے لیے یہ لمحہ انتہائی تکلیف دہ تھا۔ ایک طرف اپنے عزیز کو کھونے کا غم اور دوسری طرف اچانک پیدا ہونے والی طبی صورتحال۔ لیکن اسی مشکل وقت میں خاندان نے ایسا فیصلہ کیا جس کی آج پورے ملک میں ستائش ہو رہی ہے۔ اسپتال انتظامیہ اور ٹرانسپلانٹ ٹیم کی کونسلنگ کے بعد خاندان نے اعضا عطیہ کرنے پر رضامندی دے دی۔

بتایا گیا کہ ساجنا ایس اے کے جگر اور گردوں کی کامیاب پیوندکاری کی گئی۔ ایک جگر اور ایک گردہ اسی اسپتال میں ٹرانسپلانٹ کیا گیا جبکہ دوسرا گردہ بھوپال کے ایک دوسرے نجی اسپتال میں ایک ضرورت مند مریض کو دیا گیا۔ یہ پوری کارروائی نیشنل آرگن اینڈ ٹشو ٹرانسپلانٹ آرگنائزیشن یعنی نوٹو کے رہنما اصولوں اور مجاز کمیٹی کی نگرانی میں مکمل کی گئی۔

بنسل اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ایس کے ترویدی نے اس واقعے کا ذکر کرتے ہوئے ایک نہایت جذباتی بات شیئر کی۔ انہوں نے بتایا کہ جب خاندان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ اعضا حاصل کرنے والے شخص کے مذہب یا شناخت کے بارے میں کوئی ترجیح رکھتے ہیں تو ساجنا کے شوہر۔ جو بنگلورو میں آئی ٹی منیجر ہیں۔ نے نہایت سادگی سے جواب دیا ’’جس انسان کو ضرورت ہو اسے دے دیجیے۔‘‘یہی ایک جملہ اس پورے واقعے کی روح بن گیا۔ نہ کوئی مذہب۔ نہ ذات۔ نہ شناخت۔ صرف انسانیت۔

ساجنا ایس اے کی میت جب بھوپال کے بنسل اسپتال سے آخری سفر کے لیے روانہ ہوئی تو منظر انتہائی جذباتی تھا۔ اسپتال کا عملہ۔ ڈاکٹر۔ مریضوں کے اہل خانہ اور مقامی انتظامیہ کے افسران انہیں آخری سلام پیش کرنے کے لیے موجود تھے۔ پولیس نے انہیں گارڈ آف آنر دیا اور پورے احترام کے ساتھ ان کی میت ترواننت پورم روانہ کی گئی۔اسپتال انتظامیہ۔ ضلع انتظامیہ۔ ایس اے ایم کالج اور یونائیٹڈ ملیالی ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے خاندان کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔ اسپتال عملے نے خاندان کو ایک یادگاری نشان دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف اعزاز نہیں بلکہ اس خاتون کی ہمدردی اور انسانیت کو یاد رکھنے کی ایک کوشش ہے جس نے موت کے بعد بھی دوسروں کو زندگی دی۔

اس واقعے کا ایک سماجی اور مذہبی پہلو بھی زیر بحث ہے۔ عام طور پر مسلم سماج میں اعضا عطیہ کرنے کے حوالے سے مختلف مذہبی تعبیرات سامنے آتی رہی ہیں۔ کئی لوگ اب بھی اس بارے میں تذبذب کا شکار رہتے ہیں کہ اسلام میں آرگن ڈونیشن جائز ہے یا نہیں۔ تاہم متعدد اسلامی علما کا ماننا ہے کہ اگر کسی انسان کی جان بچانے کے مقصد سے اعضا عطیہ کیے جائیں تو یہ انسانیت کی خدمت کے دائرے میں آتا ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز اور پوسٹس میں بھی اسی پہلو پر وسیع بحث دیکھی جا رہی ہے۔ بھوپال کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور انسٹاگرام پیجز پر شیئر کی گئی ویڈیوز کو لاکھوں بار دیکھا گیا جبکہ ہزاروں افراد نے جذباتی تبصرے کیے۔

کئی صارفین نے لکھا کہ ’’انسانیت ہی سب سے بڑا مذہب ہے‘‘ جبکہ بعض نے اس واقعے کو ہندو مسلم اتحاد اور ہندوستان کی مشترکہ ثقافت کی علامت قرار دیا۔ ایک صارف نے لکھا ’’جان لینا آسان ہے لیکن کسی کو زندگی دینا سب سے بڑا عطیہ ہے۔‘‘ ایک اور تبصرے میں کہا گیا ’’جس نے ایک انسان کی جان بچائی اس نے پوری انسانیت کو بچا لیا۔‘‘

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ واقعہ ایسے صوبے میں پیش آیا ہے جہاں کی سیاست پر اکثر ہندو مسلم پولرائزیشن کے الزامات لگتے رہے ہیں۔ لیکن بھوپال میں جو تصویر سامنے آئی اس نے سیاسی بحثوں سے ہٹ کر سماج کا انسانی چہرہ دکھایا۔ ایک مسلم خاتون کا اعضا عطیہ کرنا۔ ہندو مریضوں کو نئی زندگی ملنا۔ اسپتال میں باوقار الوداعی تقریب اور انتظامیہ کی موجودگی نے مل کر ایسا پیغام دیا جسے لوگ ’’گنگا جمنی تہذیب‘‘ کی زندہ مثال قرار دے رہے ہیں۔

مدھیہ پردیش میں موت کے بعد اعضا عطیہ کرنے کی شرح اب بھی کافی کم مانی جاتی ہے۔ ماہرین کے مطابق ریاست میں ہر سال بمشکل دو درجن ایسے معاملات سامنے آتے ہیں۔ اس کی بڑی وجہ وقت پر برین اسٹیم ڈیڈ کی شناخت نہ ہونا۔ ٹراما سینٹروں کے درمیان رابطے کی کمی اور عوام میں بیداری کا فقدان بتایا جاتا ہے۔ ایسے میں ساجنا ایس اے کے خاندان کا یہ فیصلہ نہ صرف متاثر کن ہے بلکہ مستقبل میں اعضا عطیہ کرنے کے حوالے سے سماج میں بیداری پیدا کرنے والا قدم بھی سمجھا جا رہا ہے۔

آج جب سوشل میڈیا پر نفرت اور مذہبی بحثیں اکثر سرخیوں میں رہتی ہیں تب بھوپال کا یہ واقعہ یاد دلاتا ہے کہ ہندوستان کی اصل شناخت اب بھی انسانیت۔ مشترکہ وراثت اور ایک دوسرے کے لیے کھڑے ہونے کی روایت میں موجود ہے۔ ساجنا ایس اے اب اس دنیا میں نہیں رہیں لیکن ان کا فیصلہ دو خاندانوں کی دھڑکنوں میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔شاید یہی وجہ ہے کہ سوشل میڈیا پر لوگ ایک ہی بات لکھ رہے ہیں ’’وہ چلی گئیں لیکن جاتے جاتے دو گھروں میں زندگی چھوڑ گئیں۔‘‘