سینئر کھلاڑیوں کا احترام ضروری ہے۔ گزشتہ دو برس میں یہی ہماری سب سے بڑی کمی رہی۔ اجنکیا رہانے

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 06-08-2026
سینئر کھلاڑیوں کا احترام ضروری ہے۔ گزشتہ دو برس میں یہی ہماری سب سے بڑی کمی رہی۔ اجنکیا رہانے
سینئر کھلاڑیوں کا احترام ضروری ہے۔ گزشتہ دو برس میں یہی ہماری سب سے بڑی کمی رہی۔ اجنکیا رہانے

 



لندن: سابق ہندوستانی کرکٹ کھلاڑی اجنکیا رہانے نے گزشتہ دو برسوں کے دوران ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم کی گرتی کارکردگی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں سات سے آٹھ تجربہ کار کھلاڑیوں کی موجودگی ناگزیر ہوتی ہے۔ ان کے مطابق ایک کے بعد ایک سینئر کھلاڑیوں کی رخصتی ہی دو مرتبہ عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل تک پہنچنے والی ٹیم کے لیے سب سے بڑا مسئلہ بن گئی ہے۔

حالیہ دنوں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے رہانے نے یہ بات "اسٹک ٹو کرکٹ" نامی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ 2023 میں عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں آسٹریلیا سے شکست کے بعد ہندوستانی ٹیم نے بتدریج اپنے سینئر کھلاڑیوں سے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا۔رہانے اور چیتیشور پجارا سب سے پہلے ٹیم سے باہر ہوئے۔ اس کے بعد روہت شرما۔ وراٹ کوہلی اور روی چندرن اشون نے بھی تقریباً چھ ماہ کے اندر بین الاقوامی کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کر لی۔ یہ فیصلے ایسے وقت میں سامنے آئے جب 2024 میں نیوزی لینڈ نے اپنے دورۂ ہند میں میزبان ٹیم کو 3۔0 سے شکست دی اور پھر بارڈر۔ گاوسکر ٹرافی میں آسٹریلیا نے 4۔1 سے کامیابی حاصل کی۔

ان دونوں سیریز کے دوران روہت۔ وراٹ اور اشون کی فارم میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ بعد ازاں عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025۔27 کے نئے دور سے قبل ان تینوں نے یکے بعد دیگرے ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا۔ اگست 2026 تک روہت شرما اور وراٹ کوہلی کے علاوہ اس دور کے تقریباً تمام بڑے کھلاڑی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں جبکہ روہت اور وراٹ اب صرف ایک روزہ کرکٹ کھیل رہے ہیں۔2010 کی دہائی کی مضبوط بیٹنگ لائن میں اب صرف کے ایل راہل اور رویندر جڈیجا ہی تجربہ کار کھلاڑیوں کے طور پر باقی رہ گئے ہیں۔ جڈیجا بھی اب آل راؤنڈر کے بجائے ماہر بلے باز کے طور پر اپنی جگہ مضبوط کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

ٹیم کی نئی قیادت شبمن گل۔ یشسوی جیسوال اور رشبھ پنت کے ہاتھ میں ہے جبکہ سائی سدرشن۔ دیودت پڈیکل۔ سرفراز خان۔ واشنگٹن سندر اور نتیش کمار ریڈی جیسے نوجوان کھلاڑیوں کو بھی مواقع دیے جا رہے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے خلاف 2024 میں ناکامی کے بعد گزشتہ برس جنوبی افریقہ نے بھی ہند کو اس کی سرزمین پر 2۔0 سے شکست دی۔ 1999۔2000 کے سیزن کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب ہند اپنے میدان پر کسی ٹیسٹ سیریز میں مکمل طور پر ناکام رہا۔اس وقت عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی درجہ بندی میں ہند پانچویں مقام پر ہے اور اسے سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے دوروں کے علاوہ آسٹریلیا کے خلاف گھریلو سیریز بھی کھیلنی ہے۔ ایسے میں فائنل تک رسائی کا سفر مزید دشوار دکھائی دے رہا ہے۔

رہانے نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کے شائقین حقیقی معنوں میں کھیل سے محبت کرتے ہیں۔ گزشتہ دو برسوں میں کئی نئے کھلاڑی ٹیم میں آئے ہیں لیکن میری رائے میں ٹیسٹ کرکٹ میں سات سے آٹھ سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ صرف دو یا تین نوجوان کھلاڑی ہونے چاہییں۔ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ تقریباً پوری ٹیم نئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم میں اب شاید ہی کوئی سینئر کھلاڑی باقی رہ گیا ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں تجربہ کار کھلاڑیوں کی موجودگی بے حد ضروری ہوتی ہے۔ سینئر کھلاڑیوں کا احترام کیا جانا چاہیے۔ ایک ساتھ تمام تجربہ کار کھلاڑیوں کا چلے جانا ہی اصل مسئلہ ثابت ہوا ہے۔

ہند اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز 15 اگست سے گال میں ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 23 سے 27 اگست تک کولمبو کے سنہلیز اسپورٹس کلب میدان میں کھیلا جائے گا۔سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم: شبمن گل۔ کپتان۔ کے ایل راہل۔ نائب کپتان۔ یشسوی جیسوال۔ رشبھ پنت۔ وکٹ کیپر۔ سائی سدرشن۔ فٹنس منظوری سے مشروط۔ دھرو جوریل۔ وکٹ کیپر۔ رویندر جڈیجا۔ کلدیپ یادو۔ مناو سوتھر۔ محمد سراج۔ پرسدھ کرشنا۔ گرنور برار۔ دیودت پڈیکل۔ سارنش جین اور اوقیب نبی۔