آپ کے ہاتھوں پر خون ہے:آسٹریلیائی وزیراعظم پر مائیکل سلیٹرکا الزام

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 04-05-2021
ایک نیا تنازعہ
ایک نیا تنازعہ

 

 

آواز دی وائس ۔ نئی دہلی

دنیا کورونا کی وبا سے پریشان ہے،حیران ہے،صدمہ میں ہے اور بچاو کے راستے تلاش کررہی ہے۔ اسی جدوجہد کے دوران ایک تنازعہ سامنے آیا ہے ۔یہ ہے آسٹریلیا کی حکومت اور اس کے کرکٹرز کے درمیان ۔مسئلہ ہے آسٹریلیائی کرکٹرز کی ہندوستان سے وطن واپسی کا۔جو اس وقت ہندوستان میں انڈین پریمئیر لیگ میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ ملک میں کورونا کی خوفناک لہر نے پوری دنیا میں توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔اب آسٹریلیا نے ہندوستان سے آنے والوں کےلئے ملک کے دروازے بند کردئیے ہیں۔ساتھ ہی ہندوستان سے واپسی کرنے والوں کو مجرمانہ کیس کے تحت گرفتار کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ جس نے آسٹریلیائی کرکٹرز کے سامنے ایک بڑا بحران پیدا کردیا ہے۔حکومت اور کرکٹرز آمنے سامنے ہیں۔

آپ کے ہاتھوں پر خون ہے

 آسٹریلیا کی حکومت نے چند دنوں قبل ہندوستان سے کرکٹرز کی واپسی کے معاملہ پر یہ کہہ کر سب کو دنگ کردیا تھا کہ یہ ملک کےلئے نہیں کھیل رہے ہیں۔ اب سابق آسٹریلوی کرکٹر مائیکل سلیٹر نے اپنی حکومت کو اس اقدام پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے کہ کسی نے ہندوستان سے سفر پر پابندی کی خلاف ورزی کی تو اسے جیل جانا پڑے گا۔مائیکل سلیٹر نے پیر کے روز آسٹریلوی وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے ہاتھوں پر خون ہے۔

مائیکل سلیٹر نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ’اگر حکومت کو آسٹریلیا میں رہنے والوں کی فکر ہے تو اسے ہم کو جانے دینا چاہیے۔ یہ ذلت ہے، وزیراعظم آپ کے ہاتھوں پر خون لگا ہے۔ آپ کی ہمت کیسے ہوئی ہمارے ساتھ ایسا سلوک کرنے کی

 واپسی جرم ہے

 آسٹریلیا نے سنیچر کے روز اعلان کیا تھا کہ انڈیا، جو بری طرح کورونا کی لپیٹ میں ہے، سے اگر کوئی آسٹریلیا آیا تو اسے پانچ سال سلاخوں کے پیچھے گزارنا پڑیں گے۔ آسٹریلیا کی جانب سے یہ دھمکی اس وقت سامنے آئی جب کچھ مسافروں کی جانب سے اِن ڈائریکٹ پروازیں لینے کی کوشش کی گئی۔ ان میں کرکٹرز ایڈم زمپا اور کین رچرڈسن بھی شامل تھے، جنہوں نے پابندی کی وجہ سے اپنے پریمیئر کلبس چھوڑے۔ سلیٹر آج کل ایک ٹیلی ویژن کے تجزیہ کار کے طور پر جانے جاتے ہیں انہوں نے کیسز کی تعداد بہت زیادہ بڑھنے اور ٹورنامنٹ چھوڑنے سے قبل آئی پی ایل کے لئے کمنٹری بھی کی۔

ایک آسٹریلوی اخبار کے مطابق انہوں نے مالدیپ کا سفر کیا وہاں وہ انتظار کر رہے ہیں کہ وہ کب اپنے وطن پہنچیں گے۔ ناقدین نے آسٹریلوی وزیر اعظم سکاٹ موریسن کی حکومت کو اپنے شہریوں کو بے یارومددگار چھوڑنے پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ موریسن نے ہزاروں شہریوں اور آئی پی ایل کی وجہ سے انڈیا میں موجود کرکٹر کی جانب سے چارٹرڈ طیاروں کی درخواستیں بھی رد کر دی ہیں۔ہندوستان سےکیسز ملک میں نہ آنے دینے کی غرض سے لگائی جانے والی سفری پابندیاں پہلے مرحلے میں 15 مئی تک جاری رہیں گی۔