خواتین ورلڈ کپ :فاتح کو 4.48 ملین امریکی ڈالر،ایک ریکارڈ بنے گا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 01-09-2025
خواتین ورلڈ کپ :فاتح کو 4.48 ملین امریکی ڈالر،ایک ریکارڈ  بنے گا
خواتین ورلڈ کپ :فاتح کو 4.48 ملین امریکی ڈالر،ایک ریکارڈ بنے گا

 



نئی دہلی 1 ستمبر (اے این آئی): انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے خواتین کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے ریکارڈ 13.88 ملین امریکی ڈالرکی انعامی رقم کا اعلان کیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ بھارت اور سری لنکا میں 30 ستمبر سے 2 نومبر تک منعقد ہوگا اور دونوں میزبان ممالک ایونٹ کا افتتاحی میچ کھیلیں گے۔

آئی سی سی کے مطابق پیر کو اعلان کردہ یہ انعامی رقم 2022 میں نیوزی لینڈ میں کھیلے گئے گزشتہ ایڈیشن کے مقابلے میں 297 فیصد زیادہہے، جہاں صرف 3.5 ملین ڈالر انعامی رقم رکھی گئی تھی۔ یہ رقم دو سال قبل بھارت میں کھیلے گئے مردوں کے ورلڈ کپ (10 ملین ڈالر) سے بھی زیادہ ہے۔

آئی سی سی کے بیان میں کہا گیا،انعامی رقم میں اضافہ خواتین کے کھیل کی ترقی پر آئی سی سی کی حکمت عملی کے عین مطابق ہے۔ اسی تسلسل میں 2024 کے ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل مرد و خواتین کرکٹرز کو یکساں معاوضے دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا۔

13ویں ایڈیشنکے فاتح کو 4.48 ملین ڈالرملیں گے، جو 2022 میں آسٹریلیا کو ملنے والے 1.32 ملین ڈالر کے مقابلے میں 239 فیصد زیادہہیں۔ گزشتہ مردوں کے ورلڈ کپ کا فاتح صرف 4 ملین ڈالر کا حق دار تھا۔

رنر اپ کو 2.24 ملین ڈالرملیں گے (2022 میں انگلینڈ کو 600,000 ڈالر ملے تھے)۔ دونوں سیمی فائنل میں شکست کھانے والی ٹیمیں 1.12 ملین ڈالرلے کر وطن واپس جائیں گی، جو 2022 کے 300,000 ڈالر کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔

گروپ اسٹیج میں ہر جیت پر ٹیم کو 34,314 ڈالردیے جائیں گے۔ پانچویں اور چھٹی پوزیشن پر آنے والی ٹیموں کو 700,000 ڈالر، جبکہ ساتویں اور آٹھویں پوزیشن پر آنے والی ٹیموں کو 280,000 ڈالرملیں گے۔ ہر شریک ٹیم کو کم از کم 250,000 ڈالرکی ضمانت دی گئی ہے۔

آئی سی سی چیئرمین جے شاہ نے کہاکہ  یہ اعلان خواتین کرکٹ کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ انعامی رقم میں چار گنا اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ خواتین کرکٹ کو طویل المدتی ترقی کے لیے اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ ہمارا پیغام واضح ہے: خواتین کرکٹرز کو یہ جان لینا چاہیے کہ اگر وہ اس کھیل کو پیشہ ورانہ طور پر اپناتی ہیں تو انہیں مردوں کے برابر سمجھا جائے گا۔"

انہوں نے مزید کہاکہ یہ اقدام ہمارے اس عزم کو اجاگر کرتا ہے کہ ہم ایک عالمی معیار کا ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ پیش کریں گے اور نئی نسل کو متاثر کریں گے۔ خواتین کرکٹ تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور اس قدم سے اس میں مزید رفتار آئے گی۔ ہم تمام اسٹیک ہولڈرز، مداحوں، میڈیا، پارٹنرز اور رکن ممالک سے اپیل کرتے ہیں کہ خواتین کے کھیل کو آگے بڑھانے اور اس کا جائز مقام دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔"