واشنگٹن ڈی سی:امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ 2028 کے سمر اولمپکس میں مردوں کو خواتین کے کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دے گا۔ انہوں نے کھیلوں میں صنفی پالیسی سے متعلق اپنی حکومت کے موقف کو ایک بار پھر دہرایا۔اس معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ انہوں نے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت صرف دو جنسوں کو تسلیم کرتی ہے اور اس پالیسی کا اطلاق امریکہ میں ہونے والے بین الاقوامی مقابلوں پر بھی ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ میں مردوں کو خواتین کے کھیلوں سے باہر رکھ رہا ہوں۔ میں نے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے ہیں جس میں اعلان کیا گیا ہے کہ صرف دو جنسیں ہیں مرد اور عورت۔ یہ کتنا پیچیدہ ہے۔ ہم نے دنیا کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ امریکہ 2028 کے اولمپکس میں مردوں کو خواتین کے مقابلے میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دے گا۔
نومبر 2025 میں لاس اینجلس میں مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا تفصیلی شیڈول جاری کیا گیا تھا جس کے مطابق پہلا میڈل مقابلہ ٹرائیتھلون میں ہوگا۔لاس اینجلس اولمپکس کی افتتاحی تقریب 14 جولائی کو ہوگی جبکہ اختتامی تقریب 30 جولائی کو منعقد کی جائے گی۔ یہ اولمپکس اب تک کے سب سے بڑے مقابلے ہوں گے جن میں 51 کھیل شامل ہوں گے اور 49 مقابلے 18 مختلف مقامات پر منعقد ہوں گے جو لاس اینجلس اور اوکلاہوما سٹی تک پھیلے ہوں گے۔
ایل اے 28 کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رینالڈ ہوور نے کہا کہ جنوری 2026 میں اولمپکس کے ٹکٹوں کی رجسٹریشن شروع ہونے والی ہے اس لیے اب وقت ہے کہ لوگ منصوبہ بندی کریں کہ وہ کون سے مقابلے دیکھنا چاہتے ہیں اور کون سے کھیل ان کے قریب منعقد ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر کے کھلاڑیوں اور شائقین کے پاس اب وہ تمام معلومات موجود ہیں جن کی بنیاد پر وہ ایک یادگار اولمپک تجربے کی منصوبہ بندی کر سکتے ہیں۔اولمپکس کی افتتاحی تقریب 14 جولائی 2028 کو رات 8 بجے مشرقی وقت اور شام 5 بجے پیسیفک وقت پر ہوگی جبکہ اختتامی تقریب 30 جولائی 2028 کو رات 9 بجے مشرقی وقت اور شام 6 بجے پیسیفک وقت پر منعقد ہوگی۔