کلکتہ :ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے سابق صدر سورو گنگولی نے ہندستان کی نئی ون ڈے ٹیم کے کپتان شبمن گِل کو نیک تمنائیں دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بہترین کھلاڑی ہیں اور ہندستانی ٹیم اس وقت شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔شبمن گِل کی کپتانی کا پہلا امتحان آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز سے شروع ہوگا، جو 19 اکتوبر سے شروع ہورہی ہے۔ اس سیریز میں روہت شرما اور ویرات کوہلی بھی مارچ میں چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کے بعد پہلی بار ٹیم میں واپسی کریں گے۔
بیٹنگ کے سابق عظیم کھلاڑی گنگولی نے گِل کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا میں اسے مبارکباد دیتا ہوں۔ اس نے انگلینڈ میں ہندستان کی قیادت اچھی طرح کی تھی۔ وہ ایک اچھا کھلاڑی ہے اور مستقبل میں بھی بہترین کارکردگی دکھاتا رہے گا کیونکہ ہندستانی ٹیم مضبوط ہے۔ یہ ٹیم خود کارکردگی کی بنیاد پر منتخب ہوئی ہے۔ تمام کھلاڑی اچھا کھیل رہے ہیں، اسی لیے انہیں موقع ملا ہے۔
شبمن گِل اب دو فارمیٹس میں ہندستان کے کپتان بن چکے ہیں۔ روہت شرما کے ٹیسٹ کرکٹ سے رخصت ہونے کے بعد گِل کو سرخ گیند (ٹیسٹ) کی قیادت بھی سونپی گئی تھی۔ اینڈرسن-ٹنڈولکر ٹرافی کے دوران اپنے پہلے ٹیسٹ کپتانی کے چیلنج میں گِل نے مثال قائم کی اور ہندستان کو 2-2 کی سیریز ڈرا کے ساتھ وطن واپس لایا۔
شبمن گِل نے اپنی نئی ذمہ داری کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا:"مجھے ون ڈے کپتانی کے بارے میں کچھ پہلے ہی پتا چلا تھا۔ یہ یقیناً ایک بڑی ذمہ داری اور اس سے بھی بڑا اعزاز ہے۔ میں اس فارمیٹ میں اپنے ملک کی قیادت کے لیے بے حد پُرجوش ہوں۔ گزشتہ چند ماہ میرے لیے بہت دلچسپ رہے ہیں، لیکن میں مستقبل کی طرف دیکھ رہا ہوں۔"انہوں نے مزید کہا:میں چاہتا ہوں کہ حال پر توجہ دوں اور ماضی میں حاصل کی گئی کامیابیوں میں نہ کھو جاؤں۔ میں صرف آگے دیکھنا چاہتا ہوں اور آنے والے مہینوں میں ہر مقابلہ جیتنا چاہتا ہوں۔"
آسٹریلیا کے خلاف ہندستان کی ون ڈے ٹیم:
شبمن گِل (کپتان)، روہت شرما، ویرات کوہلی، شریاس ایّر (نائب کپتان)، اکشر پٹیل، کے ایل راہل (وکٹ کیپر)، نیتیش کمار ریڈی، واشنگٹن سندر، کلدیپ یادو، ہرشت رانا، محمد سراج، ارشدیپ سنگھ، پرسِدھ کرشنا، دھرو جریئل (وکٹ کیپر)، یشسوی جیسوال۔