ٹرمپ فیفا عالمی کپ 2026 کے فائنل میں شرکت کریں گے۔ وائٹ ہاؤس کی تصدیق

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 17-07-2026
ٹرمپ فیفا عالمی کپ 2026 کے فائنل میں شرکت کریں گے۔ وائٹ ہاؤس کی تصدیق
ٹرمپ فیفا عالمی کپ 2026 کے فائنل میں شرکت کریں گے۔ وائٹ ہاؤس کی تصدیق

 



واشنگٹن۔ وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اتوار کو نیو یارک۔نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فیفا عالمی کپ 2026 کے فائنل میں شرکت کریں گے جہاں ارجنٹینا اور اسپین کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے جمعرات کو پریس بریفنگ کے دوران صدر کے اختتامی ہفتے کے پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ٹرمپ سب سے پہلے نیویارک شہر میں واقع ٹرمپ ٹاور میں فیفا کی استقبالیہ تقریب میں شرکت کریں گے۔ اس کے بعد وہ نیو جرسی روانہ ہوں گے جہاں عالمی کپ کے فائنل کا مشاہدہ کریں گے۔

کیرولین لیویٹ نے کہا کہ صدر جمعہ کو نیویارک میں فیفا کی تقریب میں شریک ہوں گے جبکہ اتوار کو اسپین اور ارجنٹینا کے درمیان عالمی کپ کے فائنل میں موجود رہیں گے۔امریکہ۔ کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہونے والے فیفا عالمی کپ 2026 کا فیصلہ کن مقابلہ نیو جرسی کے نیو یارک۔نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

پریس سیکریٹری نے اس عالمی کپ کو امریکی تاریخ کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا۔ سب سے محفوظ اور سب سے کامیاب عالمی کپ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ٹورنامنٹ نے دنیا کے سامنے امریکہ کی شاندار میزبانی کی صلاحیت کو ثابت کیا ہے۔ ان کے مطابق صدر ٹرمپ کی شرکت اس کامیاب عالمی کپ کا موزوں اختتام ہوگی۔

گزشتہ ماہ فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے بھی اعلان کیا تھا کہ وہ صدر ٹرمپ کے ساتھ مل کر عالمی کپ کا فائنل دیکھیں گے اور فاتح ٹیم کو مشترکہ طور پر ٹرافی پیش کریں گے۔انفانٹینو نے فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ فائنل کا لطف اٹھائیں گے اور دونوں مل کر فاتح ٹیم کو ٹرافی دیں گے۔

ذرائع کے مطابق امریکی صدر کو پہلے ہی آگاہ کر دیا گیا تھا کہ فیفا چاہتا ہے کہ وہ فاتح ٹیم کو ٹرافی پیش کریں۔ اختتامی تقریب میں میکسیکو اور کینیڈا کے اعلیٰ حکام کی شرکت بھی متوقع ہے۔گزشتہ برس فیفا کلب عالمی کپ کے دوران بھی ٹرمپ اس وقت توجہ کا مرکز بن گئے تھے جب وہ چیلسی کے کپتان ریس جیمز کے ساتھ پوڈیم پر ہی کھڑے رہے جبکہ چیلسی ٹرافی وصول کر رہی تھی۔ اس موقع پر چیلسی کے کھلاڑی کول پالمر حیران دکھائی دیے جبکہ ابتدا میں جیانی انفانٹینو نے ٹرمپ کو پوڈیم سے ہٹانے کی کوشش کی لیکن بعد میں انہیں وہیں رکنے کا اشارہ دیا۔

فیفا کے معمول کے طریقۂ کار کے مطابق عالمی کپ کی ٹرافی پہلے ایک مخصوص چبوترے پر رکھی جاتی ہے اور پھر فاتح ٹیم اسے اسٹیج پر لے جا کر باضابطہ طور پر وصول کرتی ہے۔ارجنٹینا نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو 1-2 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی جبکہ اسپین نے فرانس کو 0-2 سے ہراتے ہوئے فیصلہ کن مقابلے کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ دونوں ٹیمیں اتوار 19 جولائی کو عالمی چیمپئن بننے کے لیے مدمقابل ہوں گی۔