میسی کی والدہ کو اپنے مرحوم شوہر جارج کے الفاظ یاد آگئے

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 01-09-2026
 میسی کی والدہ کو اپنے مرحوم شوہر جارج کے الفاظ یاد آگئے
میسی کی والدہ کو اپنے مرحوم شوہر جارج کے الفاظ یاد آگئے

 



بیونس آئرس:لیونل میسی کے بین الاقوامی فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کے بعد ان کی 39 سالہ والدہ سیلیا میسی نے ایک جذباتی بیان میں اپنے مرحوم شوہر جارج میسی اور اپنے بیٹے کے فٹ بال کے سفر کے درمیان گہرے تعلق کو یاد کیا ہے۔امریکا ٹی وی کے مطابق سیلیا میسی کا بیان ایک خبر پیش کرنے والے نے پڑھ کر سنایا۔ اس بیان میں قومی ٹیم سے فٹ بال کے عظیم کھلاڑی کی رخصتی کے اس جذباتی لمحے کا ذکر کیا گیا جو ان کے والد کے انتقال کے چند ہفتوں بعد سامنے آیا۔

جارج میسی کا 8 اگست کو ارجنٹینا کے شہر روزاریو میں 68 برس کی عمر میں انتقال ہوگیا تھا۔ اپنے خاندان کے غم اور میسی کے کیریئر کو اپنے شوہر کی زندگی میں حاصل مرکزی حیثیت کو یاد کرتے ہوئے سیلیا نے بتایا کہ ان کے مرحوم شوہر اکثر سوچا کرتے تھے کہ میسی کے بین الاقوامی فٹ بال سے الگ ہونے کے بعد ان کی زندگی کیسی ہوگی۔ اتفاق سے ان کا انتقال اور میسی کی ریٹائرمنٹ تقریباً ایک ہی وقت میں ہوگئے۔سیلیا میسی نے امریکا ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ میں اب بھی رو رہی ہوں۔ اگرچہ ہمیں پہلے سے معلوم تھا لیکن پورا خاندان غمزدہ ہے۔ لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ وہ خوش ہے۔ اس کے والد یعنی میرے شوہر جارج اکثر کہا کرتے تھے کہ جب وہ کھیلنا چھوڑ دے گا تو میں کیا کروں گا۔ اور پھر یہ سب کچھ ایک ساتھ ہی ہوگیا۔

میسی نے پیر کے روز بین الاقوامی فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے ارجنٹینا کی قومی ٹیم کے ساتھ اپنے ایک عظیم اور یادگار کیریئر کا اختتام کردیا۔ ان کا یہ فیصلہ 2026 کے فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں اسپین کے ہاتھوں ارجنٹینا کی 0-1 کی شکست کے ایک ماہ سے زائد عرصے بعد سامنے آیا۔میسی نے اپنے فیصلے سے متعلق بیان فائنل کے دو دن بعد تحریر کیا تھا اور اپنے والد کے انتقال کے بعد اسے حتمی شکل دی۔ انہوں نے کہا کہ اپنے فیصلے پر انہیں گہرا فخر اور اطمینان ہے۔ میسی کے مطابق اپنے والد کی حالیہ وفات نے انہیں اگلی نسل کے لیے جگہ خالی کرنے کے فیصلے پر پہلے سے بھی زیادہ پختہ کردیا۔

میسی نے کہا کہ فائنل کے بعد گزرنے والے اس تمام وقت اور بہت زیادہ غور و فکر کے بعد میں سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ میں قومی ٹیم سے ریٹائر ہورہا ہوں۔ یہ ایک ایسا فیصلہ ہے جس نے مجھے تکلیف دی ہے اور اب بھی دل کی گہرائیوں میں درد دیتا ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ یہی صحیح وقت ہے۔ میں قسم کھا کر کہتا ہوں کہ میں نے ہمیشہ اپنا سب کچھ دیا۔ صرف گزشتہ چند برسوں میں نہیں جب ہم نے سب کچھ جیت لیا بلکہ اس سے پہلے بھی۔ میں نے ہمیشہ اس جرسی کے لیے جدوجہد کی اور اپنا سب کچھ دیا تاکہ آپ کو خوشی دے سکوں اور آپ کو فٹ بال کے ذریعے ارجنٹائن سے تعلق رکھنے پر فخر محسوس ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ اب زیادہ وقت باقی نہیں ہے اور زندگی کے مختلف ابواب اختتام کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ یہ ایک ایسا باب ہے جس کا اختتام مجھے بہت زیادہ تکلیف دے رہا ہے۔ میں قومی ٹیم کا حصہ بننے سے محبت کرتا تھا اور کرتا ہوں اور ہمیشہ کرتا رہوں گا۔ میں نے اپنا سب کچھ دیا اور اب میرے پاس دینے کے لیے کچھ باقی نہیں ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ بہترین نوجوان کھلاڑی سامنے آرہے ہیں اور وہ یہاں ہونے کے مستحق ہیں۔

میسی نے اپنے خاندان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ ان کے ساتھ رہا اور اس خوبصورت مگر مشکل سفر میں ان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ میں سکون اور فخر کے ساتھ رخصت ہورہا ہوں کیونکہ مجھے معلوم ہے کہ میں اور میرے ساتھیوں نے مل کر آپ کو وہ لمحات دیے جن کا ہم نے کبھی خواب دیکھا تھا۔انہوں نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ مجھے ارجنٹائن میں پیدا کرنے کے لیے میں خدا کا شکر گزار ہوں۔ ارجنٹائن زندہ باد۔ میں نے یہ الفاظ فائنل کے دو دن بعد 21 جولائی کو لکھے تھے۔ آج میرے والد کے ساتھ جو کچھ ہوا اس کے بعد میں پہلے سے بھی زیادہ اپنے اس فیصلے پر قائم اور مطمئن ہوں۔

میسی اپنے ملک کی جانب سے سب سے زیادہ میچ کھیلنے والے اور سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے ارجنٹینا کے لیے 203 میچوں میں 124 گول کیے۔ 2006 سے 2026 تک کے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں انہوں نے چھ فیفا ورلڈ کپ مقابلوں میں شرکت کی اور 34 میچوں میں 21 گول کیے۔2026 کے ورلڈ کپ میں میسی نے 8 گول کیے اور 4 گول میں مدد فراہم کی۔ انہوں نے ارجنٹینا کو 2021 کے کوپا امریکا۔ قطر میں 2022 کے فیفا ورلڈ کپ اور 2024 کے کوپا امریکا میں تاریخی فتوحات دلانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔اگرچہ میسی کے بین الاقوامی فٹ بال کے شاندار باب کا اختتام ہوگیا ہے لیکن وہ کلب فٹ بال میں اپنا سفر جاری رکھیں گے اور میجر لیگ ساکر کے کلب انٹر میامی کے لیے کھیلتے رہیں گے۔