کرسٹ چرچ (نیوزی لینڈ)۔ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والی تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے لیے 15 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ سیریز کا آغاز اتوار 16 نومبر کو کرسٹ چرچ کے ہیگلے اوول میں ہوگا۔ نمایاں طور پر بلے باز جان کیمبل کو چھ سال بعد ون ڈے ٹیم میں دوبارہ شامل کیا گیا ہے۔
32 سالہ کیمبل نے اب تک صرف چھ ون ڈے میچ کھیلے ہیں۔ ان کا آخری میچ 2019 میں آئرلینڈ کے خلاف ڈبلن میں ہوا تھا جہاں انہوں نے 179 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ اسی میچ میں انہوں نے شائے ہوپ کے ساتھ 365 رنز کی افتتاحی شراکت قائم کی تھی جو مردوں کے ون ڈے کرکٹ میں کسی بھی وکٹ کے لیے دوسری سب سے بڑی شراکت ہے۔
کیمبل کو ٹیسٹ کرکٹ میں مسلسل شاندار کارکردگی کے بعد ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ انہوں نے گزشتہ ماہ دہلی میں ہندوستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں سنچری اسکور کی تھی۔ پچھلے سیزن میں انہوں نے سوپر 50 کپ میں جمیکا کے لیے سب سے زیادہ 278 رنز بنائے تھے۔
فاسٹ بولر جوہان لین اور آل راؤنڈر شامار اسپرنگر کو پہلی مرتبہ ون ڈے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ اسی طرح فاسٹ بولر میتھیو فورڈ جو حال ہی میں کندھے کی انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں واپس آئے تھے، انہیں بھی موقع دیا گیا ہے۔
ان کھلاڑیوں کو اسپنرز اکیل حسین، گڈاکیش موتی اور زخمی فاسٹ بولر رامون سمنڈز کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ انجری کی وجہ سے اہم بولرز الزاری جوزف، شامار جوزف اور جیڈیا بلیڈز انتخاب کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔
سیریز کے تین ون ڈے میچ 16، 19 اور 22 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز دسمبر میں شروع ہوگی۔
ویسٹ انڈیز کو حال ہی میں مکمل ہونے والی ٹی 20 سیریز میں 3-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ویسٹ انڈیز کی ون ڈے ٹیم: شائے ہوپ (کپتان)، الک اتھنازے، اکییم آگسٹے، جان کیمبل، کیسی کارٹی، روسٹن چیز، میتھیو فورڈ، جسٹن گریوز، عامر جینگو، جوہان لین، کھاری پیئر، شرفین ردر فورڈ، جیدن سیلز، روماریو شیفرڈ، شامار اسپرنگر۔