مغربی بنگال: حفاظتی خدشات کے باعث لیونل میسی کا 70 فٹ بلند مجسمہ ہٹا دیا گیا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 02-06-2026
مغربی بنگال: حفاظتی خدشات کے باعث لیونل میسی کا 70 فٹ بلند مجسمہ ہٹا دیا گیا
مغربی بنگال: حفاظتی خدشات کے باعث لیونل میسی کا 70 فٹ بلند مجسمہ ہٹا دیا گیا

 



کولکتہ:مغربی بنگال میں فٹ بال کے عظیم کھلاڑی لیونل میسی کا 70 فٹ بلند مجسمہ مقامی لوگوں کی جانب سے حفاظتی خدشات ظاہر کیے جانے کے بعد ہٹا دیا گیا۔ یہ مجسمہ کولکتہ کے لیک ٹاؤن علاقے میں وی آئی پی روڈ کے کنارے نصب کیا گیا تھا۔ پیر کے روز رہائشیوں نے شکایت کی کہ تیز ہوا کے دوران مجسمہ ہل رہا ہے اور اس کے گرنے کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔

میسی کا یہ 70 فٹ بلند مجسمہ گزشتہ سال دسمبر میں ان کے ہندوستانی دورے سے قبل نصب کیا گیا تھا۔ مجسمے میں میسی کو 2022 فیفا ورلڈ کپ کی ٹرافی تھامے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ اسے فٹ بال شائقین نے اپنے پسندیدہ کھلاڑی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تیار کیا تھا۔

میسی نے گزشتہ سال اپنے ہندوستانی دورے کے دوران مغربی بنگال۔ حیدرآباد۔ ممبئی اور دہلی کا دورہ کیا تھا۔ ان کے ساتھ انٹر میامی کے ساتھی کھلاڑی لوئس سواریز اور روڈریگو ڈی پال بھی موجود تھے۔

مقامی رہائشیوں نے محکمہ تعمیرات عامہ سے شکایت کی کہ مجسمہ غیر مستحکم دکھائی دیتا ہے۔ اس کے بعد حکام نے معائنہ کیا۔ جانچ میں معلوم ہوا کہ مجسمے کی ساختی مضبوطی متاثر ہو چکی ہے اور کسی ممکنہ حادثے سے پہلے اسے ہٹانا ضروری ہے۔

مغربی بنگال کے رکن اسمبلی شردوت مکھرجی نے کہا کہ ارجنٹائنی فٹ بال لیجنڈ کا مجسمہ غیر محفوظ پایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دیکھا ہے کہ مجسمہ ہوا میں جھول رہا ہے۔

یہ یادگار 27 دنوں میں تیار کی گئی تھی۔ حکام اب مجسمے کو دوبارہ نصب کرنے کے لیے کسی متبادل مقام کی تلاش میں ہیں۔

دریں اثنا ایک ہفتہ قبل میسی کے گوٹ ٹور کے مرکزی منتظم ستادرو دتہ نے مغربی بنگال کے سابق وزیر کھیل اروپ بسواس کے خلاف شکایت درج کرائی تھی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کولکتہ میں میسی کے پروگرام کے ٹکٹوں کا غلط استعمال کیا گیا اور منتظمین پر خصوصی رسائی کارڈ جاری کرنے کے لیے دباؤ ڈالا گیا۔

میسی کے کولکتہ پروگرام میں اس وقت ہنگامہ آرائی پیدا ہوگئی تھی جب سالٹ لیک اسٹیڈیم میں مہنگے ٹکٹ خریدنے والے شائقین نے یہ الزام لگایا کہ میسی پروگرام سے جلدی روانہ ہوگئے اور انہیں ان کی ایک جھلک بھی دیکھنے کا موقع نہیں ملا۔ اس کے بعد بعض شائقین نے بوتلیں پھینکیں اور مختلف حصوں کے درمیان موجود دروازے توڑنے کی کوشش کی۔

مشتعل شائقین نے اسٹیڈیم کے اندر توڑ پھوڑ بھی کی۔ ان کا الزام تھا کہ پروگرام کے انتظامات ناقص تھے اور اہم شخصیات اور سیاست دانوں نے میسی تک رسائی پر قبضہ جما رکھا تھا۔

صورتحال اس وقت مزید کشیدہ ہوگئی جب کچھ افراد نے ممنوعہ علاقوں میں داخل ہو کر خیموں اور گول پوسٹ سمیت پروگرام کے دیگر انتظامات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ بعد ازاں پولیس نے مداخلت کی اور ہلکی طاقت استعمال کرتے ہوئے ہجوم کو منتشر کرکے حالات پر قابو پایا۔