دبئی :پاکستان کے وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے ایشیا کپ میں ہندوستان کے خلاف سات وکٹوں کی یکطرفہ شکست کے بعد کپتان سلمان علی آغا کی پوسٹ میچ پریزنٹیشن میں غیر حاضری کی وضاحت کی۔ انہوں نے بالواسطہ طور پر اشارہ دیا کہ روایتی پوسٹ میچ ہینڈ شیک سے ہندوستانکے انکار نے اس میں کردار ادا کیا۔
میچ سے قبل ٹاس کے دوران بھی ایک غیر معمولی منظر دیکھنے کو ملا، جب ہندوستانکے کپتان سوریا کمار یادو اور پاکستان کے کپتان سلمان نے نہ تو روایتی ہینڈ شیک کیا، نہ ہی آنکھ سے آنکھ ملائی اور نہ ہی ایک دوسرے سے بات چیت کی۔
ہندوستان کے اس رویے کو جموں و کشمیر کے پہلگام دہشت گرد حملے کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے، جس میں 22 اپریل کو پاکستان اسپانسرڈ دہشت گردوں نے 26 سیاحوں کو ہلاک کر دیا تھا۔ہندوستان نے محض 128 رنز کے ہدف کو آسانی سے حاصل کیا، اور سوریا کمار یادو کے ایک بلند و بالا چھکے کے بعد وہ اپنے ساتھی شیوَم دوبے کے ساتھ سیدھا ڈریسنگ روم لوٹ گئے۔ پوسٹ میچ پریزنٹیشن کے دوران سلمان آغا کہیں نظر نہ آئے، جس نے سوالات کو جنم دیا۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس میں کوچ مائیک ہیسن نے اس خاموشی کو توڑا اور کہا ہم ہاتھ ملانے کے لئے تیار تھے۔ ظاہر ہے ہم اس بات پر مایوس ہیں کہ ہمارے حریف نے ایسا نہیں کیا۔ ہم آگے بڑھے تاکہ ہاتھ ملا سکیں، لیکن وہ پہلے ہی ڈریسنگ روم جا چکے تھے۔ یہ میچ کے اختتام کا ایک مایوس کن طریقہ تھا۔ ہم ہاتھ ملانا چاہتے تھے، ہم پرجوش تھے کہ آخر میں ہاتھ ملائیں، لیکن ایسا نہیں ہوا اور بس یہی سب کچھ تھا۔دوسری طرف ہندوستان کے کپتان سوریا کمار یادو نے اس موقف پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مختصر سا پیغام دیا کہ میری رائے میں زندگی کی کچھ چیزیں اسپورٹس مین اسپرٹ سے بھی بڑھ کر ہوتی ہیں۔