نئی دہلی
گجرات ٹائٹنز کے کرکٹ ڈائریکٹر وکرم سولنکی نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے نریندر مودی اسٹیڈیم کی پچ پر مناسب اسکور کا ’’غلط اندازہ‘‘ لگایا، جس کے نتیجے میں ٹیم کو آئی پی ایل 2026 کے فائنل میں رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) کے ہاتھوں پانچ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔گجرات ٹائٹنز نے پہلے بیٹنگ کی دعوت ملنے پر آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنائے۔ آر سی بی نے 18 اوورز میں ہدف حاصل کر کے مسلسل دوسری بار آئی پی ایل کا خطاب اپنے نام کر لیا۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس میں سولنکی نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ ہم نے اس پچ پر مناسب اسکور کا اندازہ لگانے میں تھوڑی غلطی کی۔ مجھے نہیں لگتا کہ اس پچ پر 200 سے زیادہ رنز بنائے جا سکتے تھے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم تقریباً 180 رنز بنا لیتے تو میرا ماننا ہے کہ ان کے لیے اس ہدف کا تعاقب کرنا مشکل ہوتا۔ میرا خیال ہے کہ ہم شاید 20 سے 25 رنز کم رہ گئے، لیکن کھلاڑیوں نے جس جذبے کا مظاہرہ کیا اس سے میچ آخری لمحوں تک دلچسپ بنا رہا۔
سولنکی نے مزید کہا کہ ہمارے پاس بھی آر سی بی کے سامنے چیلنج پیش کرنے کے مواقع آئے، لیکن آج ان کی ٹیم بہتر تھی اور میرے خیال میں حقیقت بس اتنی ہی ہے۔گجرات ٹائٹنز کے لیے گزشتہ چند دن کافی مصروف رہے۔ ٹیم نے دھرم شالہ میں آر سی بی کے خلاف پہلا کوالیفائر کھیلا تھا۔ اس میچ میں شکست کے بعد اسے راجستھان رائلز کے خلاف دوسرا کوالیفائر کھیلنے کے لیے ملّاں پور جانا پڑا۔ اس کے بعد خراب موسم کے باعث ٹیم ہفتے کی شام ہی فائنل کے مقام پر پہنچ سکی تھی۔
تاہم سولنکی نے اس کے باوجود تسلیم کیا کہ آر سی بی جیت کی مستحق تھی۔انہوں نے کہا کہ جہاں تک ہمارے پورے مہم کی بات ہے، ایک ٹیم کے طور پر ہمیں اپنی کارکردگی اور کامیابیوں پر بے حد فخر ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہم ایک قدم اور آگے جانا چاہتے تھے۔
سولنکی نے مزید کہاکہ لیکن حقیقت یہ ہے کہ آر سی بی نے ہمیں شکست دی ہے اور ہم انہیں مبارک باد دیتے ہیں، تاہم ہمیں اپنے پورے مہم پر بھی فخر ہونا چاہیے۔