اندور مدھیہ پردیش:۔ وراٹ کوہلی کی شاندار سنچری اور نچلے نمبر کے بلے باز ہرشت رانا کے ساتھ 99 رن کی شراکت داری بھی بھارت کو جیت نہ دلا سکی اور نیوزی لینڈ نے اندور میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ون ڈے میں ٹیم انڈیا کو شکست دے کر ہندوستان میں اپنی تاریخ کی پہلی ون ڈے سیریز جیت لی
۔ ڈیرل مچل کی ناقابل شکست 137 اور گلین فلپس کی 106 رن کی اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ نے 337 رن بنائے۔ جواب میں بھارت کی شروعات خراب رہی اور اسکور 71 پر چار وکٹ گر چکی تھیں۔ اس کے بعد وراٹ اور نتیش کمار ریڈی نے 88 رن جوڑے جبکہ وراٹ اور ہرشت رانا کے درمیان 99 رن کی اہم شراکت ہوئی جس سے میچ میں جان آئی۔ وراٹ کوہلی نے 108 گیندوں پر 124 رن کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 10 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے اور اندور کے تماشائیوں کو محظوظ کیا۔ تاہم ان کے آؤٹ ہوتے ہی بھارتی اننگز بکھر گئی اور پوری ٹیم 46 اوور میں 296 رن پر سمٹ گئی جس سے نیوزی لینڈ نے میچ جیت کر سیریز 2۔1 سے اپنے نام کر لی۔
رن چیز کے دوران روہت شرما اور شبھمن گل نے شروعات کی مگر جلد ہی وکٹیں گر گئیں۔ گل 23 رن بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شریاس ایئر اور کے ایل راہل بھی ناکام رہے۔ وراٹ نے ابتدا سے جارحانہ بیٹنگ کی اور اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ نتیش کمار ریڈی نے بھی 53 رن کی اننگز کھیلی لیکن ان کے آؤٹ ہونے کے بعد دباؤ بڑھ گیا۔ ہرشت رانا نے آخر میں 52 رن بنا کر امید جگائی مگر زیک فالکس نے انہیں آؤٹ کر کے میچ کا رخ بدل دیا۔ آخرکار وراٹ بھی کیچ آؤٹ ہو گئے اور بھارت جیت سے محروم ہو گیا۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ کی شروعات بھی خراب رہی تھی اور دونوں اوپنرز جلد آؤٹ ہو گئے تھے۔ اس کے بعد ڈیرل مچل اور گلین فلپس نے 219 رن کی شاندار شراکت قائم کی۔ مچل نے 131 گیندوں پر 137 رن بنائے جبکہ فلپس نے 88 گیندوں پر 106 رن اسکور کیے۔ آخری اوورز میں مائیکل بریسویل کے تیز رنوں کی بدولت نیوزی لینڈ 337 تک پہنچا۔ بھارت کی جانب سے ارشدیپ سنگھ اور ہرشت رانا نے تین تین وکٹ حاصل کیں لیکن ان کی کوششیں کافی ثابت نہ ہو سکیں۔