کوہلی نے ڈریوڈ کو پیچھے چھوڑ ا، ایک روزہ کرکٹ کا تاریخی ریکارڈ اپنے نام کر لیا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 17-07-2026
وراٹ کوہلی نے راہل ڈریوڈ کو پیچھے چھوڑ کر سِینا ممالک میں ایک روزہ کرکٹ کا تاریخی ریکارڈ اپنے نام کر لیا
وراٹ کوہلی نے راہل ڈریوڈ کو پیچھے چھوڑ کر سِینا ممالک میں ایک روزہ کرکٹ کا تاریخی ریکارڈ اپنے نام کر لیا

 



کارڈف۔ وراٹ کوہلی نے اپنے شاندار ایک روزہ کریئر میں ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کرتے ہوئے جنوبی افریقہ۔ انگلینڈ۔ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا پر مشتمل سِینا ممالک میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والے ہندوستانی بلے باز کا اعزاز حاصل کر لیا۔ انگلینڈ کے خلاف جاری تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں کوہلی نے نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے سِینا ممالک میں اپنی 30 ویں ایک روزہ نصف سنچری مکمل کی اور راہل ڈریوڈ کا ریکارڈ توڑ دیا۔

اب وراٹ کوہلی سِینا ممالک میں سب سے زیادہ ایک روزہ نصف سنچریاں بنانے والے ہندوستانی بلے باز بن گئے ہیں۔ اس فہرست میں راہل ڈریوڈ 29 نصف سنچریوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ سچن ٹنڈولکر 25۔ مہندر سنگھ دھونی 24 اور محمد اظہر الدین 17 نصف سنچریوں کے ساتھ ان کے بعد ہیں۔

صرف ایک روزہ کرکٹ میں ہندوستان کی نمائندگی کرنے والے وراٹ کوہلی نے کارڈف میں 66 گیندوں پر 65 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔

سیریز کا پہلا میچ 6 وکٹوں سے جیتنے والی ہندوستانی ٹیم دوسرے ایک روزہ میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صوفیہ گارڈنز کارڈف میں 44 اوورز میں 233 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ وراٹ کوہلی اور شریاس ایئر کی نصف سنچریوں کے باوجود ہندوستانی ٹیم اپنی مضبوط شروعات کو بڑے اسکور میں تبدیل نہ کر سکی کیونکہ انگلینڈ کے تیز گیند باز مسلسل وقفوں سے وکٹیں حاصل کرتے رہے۔

ہندوستان نے سیمرز کے لیے سازگار وکٹ پر محتاط آغاز کیا۔ روہت شرما نے 26 اور کپتان شبھمن گل نے 31 رنز بنائے۔ ناساز طبیعت کے باعث کے ایل راہل کی جگہ ٹیم میں شامل ایشان کشن صرف ایک رن بنا سکے۔

اس کے بعد وراٹ کوہلی اور شریاس ایئر نے اہم شراکت قائم کر کے اننگز کو سنبھالا۔ کوہلی نے روانی کے ساتھ 65 رنز بنائے لیکن جوفرا آرچر کا شکار بن گئے۔

کوہلی کے آؤٹ ہونے کے بعد ہندوستانی مڈل آرڈر دباؤ کا شکار ہو گیا۔ شیوَم دوبے۔ اکشر پٹیل اور واشنگٹن سندر کوئی بھی دوہرے ہندسے تک نہ پہنچ سکے۔

دوسری جانب شریاس ایئر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 71 گیندوں پر 66 رنز اسکور کیے جبکہ جسپریت بمراہ نے ناٹ آؤٹ 20 رنز بنا کر ٹیم کا مجموعہ 233 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر نے 42 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ گس ایٹکنسن نے بھی 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ واپسی کرنے والے ثاقب محمود نے 2 وکٹیں لے کر ہندوستان کو محدود اسکور تک روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انگلینڈ کو سیریز برابر کرنے کے لیے 234 رنز کا ہدف ملا ہے۔