ممبئی: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی ہیم اسٹرنگ انجری کے باعث افغانستان کے خلاف گھریلو سرزمین پر کھیلی جانے والی ایک روزہ بین الاقوامی سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ یہ اطلاع بی سی سی آئی ذرائع نے دی ہے۔
وراٹ کوہلی آئی پی ایل فائنل میں گجرات ٹائٹنز کے خلاف میچ کے آخری مراحل میں دوڑتے ہوئے تکلیف محسوس کرتے دکھائی دیے تھے۔ تاہم انہوں نے 42 گیندوں پر ناقابلِ شکست 75 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر رائل چیلنجرز بنگلورو کو 156 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
ہندوستان اور افغانستان کے درمیان 3 میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز 13 جون سے شروع ہوگی۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان نیو چندی گڑھ میں ایک واحد ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔
دوسری جانب سابق کپتان روہت شرما اگرچہ ون ڈے اسکواڈ میں شامل ہیں لیکن ان کی شرکت بھی فٹنس سے مشروط ہے اور ان کے سیریز میں کھیلنے پر شکوک پائے جا رہے ہیں۔
وراٹ کوہلی نے آئی پی ایل سیزن کا اختتام 16 اننگز میں 675 رنز کے ساتھ کیا۔ وہ رائل چیلنجرز بنگلورو کے سب سے کامیاب بلے باز اور مجموعی طور پر ٹورنامنٹ کے چوتھے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے۔ انہوں نے 56.25 کی اوسط اور 165.84 کے اسٹرائیک ریٹ سے ایک سنچری اور 5 نصف سنچریاں اسکور کیں۔ ان کا بہترین اسکور ناقابلِ شکست 105 رنز رہا۔
37 سالہ وراٹ کوہلی ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین بلے بازوں میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے 299 اننگز میں 14,797 رنز بنائے ہیں اور اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ 54 سنچریاں بنانے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا ہوا ہے۔ ان کی اوسط 58.71 جبکہ بہترین اسکور 183 رنز ہے۔
وراٹ اب صرف ون ڈے کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے 2024 میں ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ اختیار کر لی تھی جبکہ گزشتہ سال مئی میں ٹیسٹ کرکٹ کو بھی خیرباد کہہ دیا تھا۔
گزشتہ سال سے اب تک وہ 16 ون ڈے میچوں میں 891 رنز بنا چکے ہیں۔ اس دوران انہوں نے 4 سنچریاں اور 5 نصف سنچریاں اسکور کیں جبکہ ان کا بہترین اسکور 135 رنز رہا۔ انہوں نے گزشتہ سال ہندوستان کی چیمپئنز ٹرافی جیت میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔