اسٹیو وا - کوہلی "ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا سب سے عظیم کھلاڑی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 07-11-2025
اسٹیو وا - کوہلی
اسٹیو وا - کوہلی "ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا سب سے عظیم کھلاڑی

 



 نیو دہلی- کوئنزلینڈ: آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیو وا نے ہندوستانی بیٹنگ اسٹار ویرات کوہلی کی زبردست تعریف کرتے ہوئے انہیں ’’ون ڈے کرکٹ کے تاریخ کے سب سے عظیم کھلاڑی‘‘ اور ’’ایک نسل میں صرف ایک بار پیدا ہونے والا کرکٹر‘‘ قرار دیا۔

بدھ کے روز 37 سال کے ہونے والے ویرات کوہلی نے 2008 میں دہلی کی گلیوں سے انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم رکھا تھا۔ تب سے وہ ایسی بلندیوں پر پہنچے ہیں جہاں بہت کم کھلاڑی پہنچ پاتے ہیں۔ ایک ورلڈ کپ اور دو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اپنے نام کرنے والے کوہلی نے ون ڈے کرکٹ کے معیار ہی بدل دیے۔

ون ڈے کرکٹ کے اس لیجنڈ بیٹر نے اب تک 305 میچوں میں 14,255 رنز بنائے ہیں اور 51 سنچریوں کے ساتھ وہ اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے کھلاڑی ہیں۔ وہ سب سے تیزی سے 8 ہزار سے لے کر 14 ہزار رنز کے سنگ میل تک پہنچنے والے بیٹر بھی ہیں۔

اسٹیو وا نے کہا، ’’ویرات کوہلی اور روہت شرما دونوں ہی آل ٹائم گریٹ کھلاڑی ہیں۔ ویرات شاید دنیا کے سب سے بڑے ون ڈے پلیئر ہیں۔ ہر کوئی انہیں کھیلتے دیکھنا چاہتا ہے۔‘‘

گزشتہ ماہ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ون ڈے میں ویرات کوہلی نے ایک کلاسک اننگ کھیل کر شائقین کو ایک بار پھر متاثر کیا۔ روہت شرما نے 125 گیندوں پر 121 ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگ کھیلی، جب کہ کوہلی نے 81 گیندوں پر پرسکون 74 رنز بنا کر ٹیم کو 9 وکٹ سے جیت دلائی۔

ویرات اور روہت دونوں نے گزشتہ سال بارباڈوس میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے کے بعد اس فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ ان کی غیر موجودگی میں جاری پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ہندوستان کی نئی ٹیم سے اسٹیو وا خاصے متاثر ہیں۔

انہوں نے کہا، ’’جب تک وہ ہندوستان کے لیے کھیل رہے ہیں، یہ خوشی کی بات ہے۔ اب ٹیم میں کئی نئے اور دلچسپ کھلاڑی ہیں۔ کھیل کو آگے بڑھنا ہی ہوتا ہے۔ لیکن ویرات کوہلی جیسے کھلاڑی واقعی صدی میں ایک بار پیدا ہوتے ہیں، اور جب موقع ملے تو انہیں کھیلتے دیکھنا کسی نعمت سے کم نہیں۔‘‘