چنئی : جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے میچ میں امریکا نے نیدرلینڈز کو 93 رنز سے شکست دے کر تاریخ رقم کر دی اور ڈچ ٹیم کے خلاف اپنی پہلی ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی فتح حاصل کی۔
سائیتجا مکھمالا کی 51 گیندوں پر شاندار 79 رنز کی اننگز کی بدولت امریکا نے 196 رنز 6 وکٹوں کے نقصان پر بنائے۔ جواب میں نیدرلینڈز کی پوری ٹیم صرف 103 رنز پر 15.5 اوورز میں ڈھیر ہوگئی۔
ہرمیت سنگھ نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں 21 رنز کے عوض حاصل کیں جبکہ شیڈلی فان شالکویک نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد محسن نے بھی دو وکٹیں لے کر اہم کردار ادا کیا۔
نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تاہم امریکا نے پاور پلے میں 53 رنز بنا کر مضبوط آغاز کیا جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پہلے چھ اوورز کا ان کا سب سے بڑا اسکور تھا۔
اوپنرز شایان جہانگیر نے 20 اور کپتان مونانک پٹیل نے 36 رنز بنا کر ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ مکھمالا نے اپنی جارحانہ بیٹنگ سے میچ کا رخ بدل دیا جبکہ شبھم رنجانے نے 24 گیندوں پر 48 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر اسکور کو 196 تک پہنچایا۔
ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی ٹیم ابتدا ہی سے دباؤ کا شکار رہی۔ نوستھش کینجیگے نے پہلی ہی گیند پر وکٹ حاصل کی جبکہ ہرمیت سنگھ نے میکس او ڈاؤڈ اور باس ڈی لیڈے سمیت اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اسکاٹ ایڈورڈز بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔
باس ڈی لیڈے نے اگرچہ 3 وکٹیں لے کر کچھ مزاحمت دکھائی مگر مجموعی طور پر دن نیدرلینڈز کے لیے مایوس کن ثابت ہوا۔ امریکا کی ہمہ جہت کارکردگی نے انہیں ٹورنامنٹ میں ایک یادگار کامیابی دلائی۔