نئی دہلی :ھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور سابق کرکٹر گوتم گمبھیر نے کوچ کے نام نہاد لامحدود اختیارات سے متعلق ایک پراسرار پیغام جاری کیا جس نے کرکٹ حلقوں میں بحث چھیڑ دی۔ یہ ردعمل کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور کی جانب سے ناگپور میں پہلی ٹی ٹوئنٹی کے دوران ملاقات کے بعد شیئر کی گئی تصویر پر آیا جس میں تھرور نے گمبھیر کو وزیر اعظم کے بعد ملک کی دوسری مشکل ترین ذمہ داری نبھانے والا شخص قرار دیا تھا۔
ششی تھرور نے ایکس پر لکھا کہ ناگپور میں اپنے پرانے دوست گوتم گمبھیر سے کھل کر بات چیت ہوئی جو وزیر اعظم کے بعد بھارت کی سب سے مشکل ذمہ داری سنبھال رہے ہیں۔ وہ روزانہ لاکھوں لوگوں کی تنقید کا سامنا کرتے ہیں لیکن پرسکون رہتے ہیں اور اعتماد کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں۔ ان کی خاموش جدوجہد اور قیادت قابل تعریف ہے اور آج سے کامیابی کی خواہش ہے۔
اس کے جواب میں گوتم گمبھیر نے کہا کہ بہت شکریہ ڈاکٹر ششی تھرور۔ جب گرد و غبار بیٹھ جائے گا تو کوچ کے نام نہاد لامحدود اختیارات سے متعلق سچ اور منطق سب کے سامنے آ جائے گی۔ تب تک میں اس بات پر مسکرا رہا ہوں کہ مجھے اپنے ہی بہترین لوگوں کے مقابل کھڑا کیا جا رہا ہے۔
گوتم گمبھیر کے اس بیان سے یہ سوال کھڑا ہو گیا ہے کہ بھارتی ٹیم کے نظام میں انہیں اصل میں کتنے اختیارات حاصل ہیں۔ دو ہزار چوبیس میں ہیڈ کوچ بننے کے بعد سے انہیں سوشل میڈیا پر سخت تنقید اور ٹرولنگ کا سامنا ہے۔ شائقین اکثر یہ سوال کرتے ہیں کہ وہ کس حد تک فیصلے کرنے کی طاقت رکھتے ہیں اور سینئر اور نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ ان کا رویہ کیسا ہے۔
سوشل میڈیا پر بعض افراد نے الزام لگایا ہے کہ گمبھیر شبمن گل اور ہرشیت رانا جیسے کھلاڑیوں کو آگے بڑھانے میں اپنا اثر استعمال کر رہے ہیں جبکہ رشبھ پنت ارشدیپ سنگھ اور کلدیپ یادو جیسے کھلاڑیوں کے ساتھ مناسب برتاؤ نہیں ہو رہا۔ اسی طرح ان پر یہ بھی تنقید ہوئی کہ انہوں نے آئی پی ایل سے وابستہ کوچز کو ٹیم مینجمنٹ میں شامل کیا۔
گمبھیر کے الفاظ میں اپنے ہی لوگوں کے مقابل کھڑا کیے جانے کا جملہ اس طرف بھی اشارہ سمجھا جا رہا ہے کہ کچھ شائقین انہیں روہت شرما اور وراٹ کوہلی جیسے بڑے ستاروں کو دو ہزار ستائیس کے ورلڈ کپ سے پہلے کنارے لگانے کی کوشش سے جوڑ رہے ہیں کیونکہ گمبھیر بھارتی کرکٹ میں سپر اسٹار کلچر ختم کرنے کے حامی رہے ہیں۔
ہیڈ کوچ کی حیثیت سے گمبھیر کا سفر اتار چڑھاؤ سے بھرا رہا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی میں انہوں نے ایشیا کپ جیتا اور اب تک کوئی سیریز نہیں ہاری جس سے ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے مضبوط دعویدار بن گئی ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں انگلینڈ میں سیریز برابر کرنے اور بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے خلاف کامیابی ملی لیکن نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز میں شکست نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔
ون ڈے میں بھی ان کا ریکارڈ ملا جلا رہا ہے۔ ایک طرف انہوں نے چیمپئنز ٹرافی جیتی تو دوسری جانب سری لنکا آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ اس پس منظر میں گمبھیر کا حالیہ بیان بھارتی کرکٹ میں کوچ کے کردار اور اختیارات پر نئی بحث کو جنم دے رہا ہے۔