روہت شرما 350 سے زیادہ چھکوں کا کارنامہ معمولی نہیں۔ اشون

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 02-12-2025
روہت شرما 350 سے زیادہ چھکوں کا کارنامہ  معمولی  نہیں۔ اشون
روہت شرما 350 سے زیادہ چھکوں کا کارنامہ معمولی نہیں۔ اشون

 



نئی دہلی:ہندوستان کے تجربہ کار اسپنر روی چندرن ایشون کا کہنا ہے کہ روہت شرما کا چھکے لگانے والا انداز جس انداز سے بدلا ہے وہ حیرت انگیز ہے۔ روہت نے سابق پاکستانی کپتان شاہد آفریدی کا ریکارڈ توڑ کر ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے باز کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔روہت نے یہ سنگ میل جنوبی افریقہ کے خلاف رانچی میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں حاصل کیا جہاں انہوں نے اپنا 352 واں چھکا لگایا۔ اس طرح انہوں نے آفریدی کے 351 چھکوں کا ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیا جو 2015 سے قائم تھا۔ایشون نے ہندوستان کی گزشتہ برسوں میں جارحانہ بیٹنگ حکمت عملی کا کریڈٹ بھی روہت شرما اور سابق ہیڈ کوچ راہل دراوڑ کو دیا۔ انہوں نے کہا

روہت شرما کا بطور کپتان اور بطور کھلاڑی بدل جانا غیر معمولی ہے۔ اگر ہم ان کے ابتدائی کیریئر کو دیکھیں تو پہلے 30 سے 40 ون ڈے میچوں میں وہ چھکے لگانے والے بلے باز نہیں تھے۔ لیکن آج وہ شاہد آفریدی کو پیچھے چھوڑ چکے ہیں۔ آفریدی پاکستان کے لئے وائٹ بال کرکٹ کے اصل پاور ہٹر تھے اور روہت نے ان کا سنگ میل عبور کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ دوہزار تیرہ چودہ میں آسٹریلیا کے خلاف روہت کے ڈبل سنچری کے بعد ان کا بالز پر سکس کا تناسب 27 رہا۔انہوں نے بتایا کہ وائٹ بال کپتانی ملنے کے بعد یہ تناسب کم ہو کر 17 رہ گیا ہے جو بہت بڑی تبدیلی ہے۔ یہ اس بات کی بھی مثال ہے کہ روہت کپتان کی حیثیت سے کس طرح اپنی روش ٹیم پر واضح کرتے ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میں ہندوستان کی بیٹنگ میں جو تیزی آئی اس میں روہت اور راہل بھائی دونوں کا بڑا کردار ہے۔ راہل بھائی نے مضبوط بنیاد رکھی اور روہت نے مثال قائم کی۔ اسی سوچ نے وقت کے ساتھ ہندوستان کی بیٹنگ کو بالکل بدل دیا۔

روکو کی جوڑی نے رانچی میں ایک بار پھر شاندار کھیل پیش کیا۔ ویرات کوہلی نے اپنی 52 ویں ون ڈے سنچری اسکور کی جبکہ روہت نے سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔ دونوں کی بیٹنگ نے ہندوستان کو جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ون ڈے میں 17 رنز کی جیت دلائی۔روہت اور ویرات نے دوسری وکٹ کے لئے 136 رنز کی شراکت قائم کی۔ روہت نے 51 گیندوں پر 57 رنز بنائے جن میں پانچ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ انہوں نے اننگز کے 19 ویں اوور میں اپنی 60 ویں ون ڈے نصف سنچری مکمل کی۔وہ سنچری کی طرف بڑھ رہے تھے لیکن 22 ویں اوور میں جانسن کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے۔ اس جیت کے ساتھ ہندوستان نے تین میچوں کی سیریز میں 1۔0 کی برتری حاصل کر لی۔