ہند۔انگلینڈ : تیسرا ٹیسٹ احمدآباد میں

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 23-02-2021
دنیا کا سب سے بڑا کرکٹ اسٹیڈیم
دنیا کا سب سے بڑا کرکٹ اسٹیڈیم

 

 

احمدآباد ۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان بدھ سے موٹیرا اسٹیڈیم میں تیسرا ٹیسٹ شروع ہورہا ہے۔ جو کہ گلابی بال سے کھلا جائے گا۔جو کہ دنیا کا سب سے بڑا کرکٹ اسٹیڈیم ہے۔ یاد رہے کہ  ہندوستان نے انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 317 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی جبکہ پہلے ٹیسٹ میں جو روٹ کی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت انگلینڈ نے کامیابی حاصل کی تھی۔چار ٹیسٹ میچز کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔

انگلینڈ کے اسٹار بلے باز اور ٹیسٹ ٹیم کے کپتان جو روٹ کہا ہے کہ پنک بال ٹسٹ میں حالات سے فائدہ اٹھانا انگلینڈ کا مقصد ہے انگلینڈ کے کپتان کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ پنک بال ٹیسٹ تیزگیندبازوں اور انگلینڈ کے لئے فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے ۔روٹ نے یہ بھی تسلیم کیا کہ احمدآباد کی پچ پر کچھ مخصوص حالات میں اسپن گیندبازوں کو بھی مدد ملے گی۔

انگلش گیند باز مارک ووڈ نے کہا کہ ان کی ٹیم اس ٹیسٹ میچ سے بہت پرجوش ہے۔ سیریز کے تیسرے میچ میں ہندوستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں دنیا کے سب سے بڑے اسٹیڈیم میں کھیلیں گی۔ پہلی بار ایک بین الاقوامی میچ احمد آباد کے موتیرا اسٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے، جس میں مداحوں کی صلاحیت1 لاکھ 10 ہزار ہے۔ سیریز میں ہندوستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں 1-1 سے برابر ہیں۔ ہندوستان کو آئی سی سی ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کے لئے سیریز کے دو میچوں کے فرق سے جیتنا ہے۔

کولکاتہ میں بنگلہ دیش کے خلاف ہندوستان نے پہلا ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلاتھا۔ یہ انگلینڈ کے خلاف کھیلا جانے والا ہندوستان میں دوسرا پنک بال ٹیسٹ ہوگا۔

دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ نئے تاریخی اسٹیڈیم کے ساتھ ساتھ یہ میچ ہندوستانی فاسٹ گیند بازایشانت شرما کے لئے بھی خاص ہے۔ ایشانت اپنے ٹیسٹ کیریئر کا 100 واں ٹیسٹ میچ کھیلیں گے ۔ ہندوستانی آل راؤنڈر کپل دیو کے بعد ایشانت دوسرے فاسٹ گیند باز ہوں گے ،ایشانت نے انگلینڈ کے خلاف موجودہ سیریز میں ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 300 وکٹیں بھی پوری کیں۔ 32 سالہ ایشانت نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز بنگلہ دیش کے خلاف 2007 میں راہل دراوڈ کی کپتانی میں کیا تھا۔

اب تک کھیلے گئے 99 ٹیسٹ میچوں میں وہ 302 وکٹیں اپنے نام کرچکے ہیں۔ 74 رنز پر 7 وکٹ ان کی عمدہ کارکردگی ہے۔ ایشانت ٹیسٹ میچ کی اننگز میں 11 مرتبہ 5 وکٹیں لے چکے ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ ایشانت نے اب تک صرف ایک پنک بال ٹیسٹ میچ کھیلا ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف کولکاتہ کے ایڈن گارڈن میں کھیلے گئے اس میچ میں ایشانت نے عمدہ بولنگ کی اور نو وکٹ اپنے نام کیے ۔

اس پنک بال ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 22 رن دے کر 5 اور دوسری اننگز میں 56 رن دے کر 4 وکٹ حاصل کی۔اگر ایشانت موتیرا میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ میں ہندوستانی ٹیم میں شامل ہوتے ہیں تو وہ 100 واں ٹیسٹ میچ کھیلنے والے 12 ویں ہندوستانی کھلاڑی بن جائیں گے ۔ ہندوستان سے اب تک سچن تندولکر (200) ، راہل دراوڈ (163) ، وی وی ایس لکشمن (134) ، انیل کمبلے (132) ، کپل دیو (131) ، سنیل گواسکر (125) ، دلیپ وینگسکر (116) ، سورو گنگولی ( 113) ، وریندر سہواگ (103) اور ہربھجن سنگھ (103) نے 100 یا اس سے زیادہ ٹیسٹ کھیلے ہیں۔

یا د رہے کہ اس سے قبل تیسرے اور چوتھے ٹیسٹ میچ کے لئے ٹیم کا اعلان کردیا گیا تھا، فاسٹ گیبد باز امیش یادو کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔امیش یادو کی ٹیم میں شمولیت فٹنس ٹیسٹ سے مشروط ہے، انہیں شاردل ٹھاکر کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ شاردل ٹھاکر کو وجے ہزارے ٹرافی کے لئےریلیز کیا گیا ہے۔

ٹیم میں ویرات کوہلی کپتان، اجنکیا رہانے نائب کپتان، روہت شرما، مینک اگروال، شبھمن گل، چیتیشور پجارا، کے ایل راہل، ہاردک پانڈیا، رشبھ پنت، ردھیمان ساہا، روی چندر ایشون، اکشر پٹیل، سندر، ایشانت شرما، جسپریت بمرا اور محمد سراج شامل ہیں۔