نئی دہلی۔ پاکستان کے سابق فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے اپنے سابق کپتان اور دوست عمران خان کی صحت اور انہیں فراہم کیے جانے والے علاج پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قید سابق وزیر اعظم کو طبی سہولیات فراہم کرنا سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر ترجیح ہونی چاہیے۔
دی ایتھلیٹک سے گفتگو کرتے ہوئے اکرم نے بتایا کہ وہ 3 سال سے عمران خان سے بات نہیں کر سکے ہیں اور انہوں نے اعتراف کیا کہ انہیں عظیم آل راؤنڈر کی بہت یاد آتی ہے۔اکرم نے کہا کہ وہ میرے دوست ہیں۔ مجھے ان کی بہت یاد آتی ہے۔ میں نے 3 سال سے ان سے بات نہیں کی ہے۔ سیاسی طور پر ان کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے وہ انتہائی افسوسناک ہے۔ عدالت کا فیصلہ اپنی جگہ ہے لیکن جہاں تک ان کی صحت کا تعلق ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔
اکرم نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد عمران خان کے ساتھ اپنی قریبی دوستی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تشویش سیاسی مقاصد کے بجائے ذاتی دوستی کی وجہ سے ہے۔انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی وہ اور میں مسلسل رابطے میں تھے۔ میں ان کے پاس جاتا تھا اور ان کے ساتھ وقت گزارتا تھا۔ مجھے ان سے بات کرنا یاد آتا ہے۔ سیاست سے قطع نظر مجھے بحیثیت دوست ان کی مجموعی طور پر بہت یاد آتی ہے۔
پاکستان میں عمران خان کی صحت کی صورتحال مسلسل تنازع کا اہم موضوع بنی ہوئی ہے۔ سپریم کورٹ کے عمران خان کو اسلام آباد کے شفا اسپتال منتقل کرنے کے حکم کے باوجود انہیں مختصر طور پر سرکاری پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز لے جایا گیا جہاں ان کا طبی معائنہ کیا گیا۔ اس کے فوراً بعد انہیں واپس جیل منتقل کر دیا گیا۔ان کے خاندان میں ان کی بہنوں اور بیٹوں نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے اور عمران خان کے ذاتی معالج کو ان تک رسائی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس صورتحال نے کرکٹ کی عالمی برادری کی بھی خاصی توجہ حاصل کی ہے۔ 22 سابق بین الاقوامی کپتانوں نے جن میں سنیل گواسکر۔ کپل دیو۔ ایلن بارڈر۔ کلائیو لائیڈ۔ الیسٹر کک اور ارجنا راناتنگا شامل ہیں۔ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کو مشترکہ خط لکھ کر عمران خان کو مناسب طبی سہولیات فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔
آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز اور ویسٹ انڈیز کے عظیم کھلاڑی برائن لارا بھی عمران خان کی صحت اور خیریت کے حوالے سے عوامی طور پر اپنی حمایت کا اظہار کر چکے ہیں۔اسکائی اسپورٹس نے انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میچ کے دوران عمران خان کے بیٹوں سلیمان اور قاسم کا انٹرویو نشر کیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے براڈکاسٹر کے خلاف شکایت درج کرائی جس کے بعد نشریات میں مختصر تاخیر ہوئی۔ تاہم یہ حصہ بالآخر منصوبے کے مطابق نشر کر دیا گیا۔
اسکائی اسپورٹس کے پروگرام پر پیدا ہونے والے تنازع پر بات کرتے ہوئے اکرم نے عمران خان کی جیل کی صورتحال کے بارے میں مختلف دعووں کا ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد پاکستان میں کچھ ہنگامہ ہوا۔ پھر میں نے پڑھا کہ پاکستانی حکومت نے عمران خان کی ملاقاتوں کی تعداد اور ان کی تمام فون کالز کے اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔ لیکن اس وقت یہ یقین کرنا مشکل ہے اور یہ جاننا بھی مشکل ہے کہ کس بات پر یقین کیا جائے۔
اپنی گفتگو کے اختتام پر اکرم نے ایک بار پھر زور دیا کہ عدالتی کارروائی سے قطع نظر عمران خان کے بنیادی انسانی حقوق اور صحت کا تحفظ کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ اور دیگر جگہوں پر عمران کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے ایک تحریک چل رہی ہے لیکن یہاں پاکستان میں۔ مجھے یقین نہیں ہے۔ میں ایک ایسے شخص کی حیثیت سے دل کی بات کر رہا ہوں جو ان کی بحیثیت انسان فکر مند ہے۔ وہ سزا یافتہ ہوں یا نہ ہوں۔ جیل میں ہوں یا نہ ہوں۔ ہمیں ان کی صحت کا تحفظ کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں نہیں معلوم کہ اصل میں کیا ہو رہا ہے۔ حکومت کہہ رہی ہے کہ بظاہر ان کی صحت ٹھیک ہے۔ لیکن میں پریشان ہوں۔ مجھے ان کی بہت یاد آتی ہے۔