احمد آباد
سابق ہندوستانی کرکٹر سچن تندولکر نے پیر کے روز احمد آباد میں واقع ایس آر ٹی 10 آلٹیوول سینٹر آف ایکسیلینس اسپورٹس اکیڈمی میں نوجوانوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ تیاری، نظم و ضبط اور محنت پر زور دیں اور شارٹ کٹ تلاش کرنے سے گریز کریں۔ انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو آزادی دیں۔
ایس آر ٹی 10 آلٹیوول سینٹر آف ایکسیلینس اسپورٹس اکیڈمی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سچن تندولکر نے نوجوان کرکٹروں سے کہا کہ کامیابی کی کوئی ضمانت نہیں ہوتی، لیکن مضبوط تیاری اور نظم و ضبط انسان کے اپنے اختیار میں ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صلاحیت خدا کی عطا ہوتی ہے، مگر اس صلاحیت کو محنت، توجہ اور یکسوئی کے ساتھ کس طرح نکھارا جاتا ہے، یہی نتائج کا تعین کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں یہاں موجود تمام بچوں سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ہر بار کھیلنے جاؤ گے تو کامیابی ضروری نہیں ملے گی، لیکن ہر بار پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اتر سکتے ہو۔ کامیابی کبھی یقینی نہیں ہوتی۔ مگر تمہاری تیاری، تمہارا نظم و ضبط اور تمہاری توجہ تمہارے اپنے ہاتھ میں ہے۔ صلاحیت خدا کی دی ہوئی نعمت ہے، لیکن اس صلاحیت کو کیسے استعمال کرنا ہے، یہ تمہارے اختیار میں ہے۔ میں نے کئی باصلاحیت کرکٹر دیکھے، مگر ان کے نتائج اتنے اچھے نہیں رہے۔
سچن تندولکر نے زور دے کر کہا کہ اگر کسی کو ہندوستان کے لیے کھیلنا ہے تو اسے بہت سی قربانیاں دینی ہوں گی، کیونکہ کامیابی کے لیے کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا، ’’اگر تم ہندوستان کے لیے کھیلنا چاہتے ہو تو تمہیں کچھ خاص چیزیں اپنانا ہوں گی۔ کامیابی کا کوئی مختصر راستہ نہیں ہوتا۔ اگر تم شارٹ کٹ اختیار کرو گے تو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو جاؤ گے، کیونکہ کرکٹ سب کے سامنے میدان میں کھیلی جاتی ہے۔ اس لیے کبھی شارٹ کٹ مت اپنانا۔
انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے سفر کی شروعات صرف دماغ سے نہیں بلکہ دل سے ہونی چاہیے۔تندولکر نے کہا کہ اگر تم کسی چیز کے لیے واقعی پُرجوش ہو تو وہ جذبہ دل میں بستا ہے۔
سچن تندولکر نے یہ بھی کہا کہ کامیابی وقت، محنت اور صبر مانگتی ہے، اور کوئی چیز راتوں رات حاصل نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ والدین اور کوچز کو چاہیے کہ وہ بچوں کے خوابوں کی حمایت کریں، ان کی حوصلہ افزائی کریں اور انہیں آزادی بھی دیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بات سمجھ لیجیے کہ کچھ بھی راتوں رات نہیں ہوتا۔ ہم سب چاہتے ہیں کہ ہمارے بچے کامیاب ہوں، لیکن اس کے لیے سخت محنت ضروری ہے۔ سب سے بڑھ کر بچوں کو آزادی دینا بہت اہم ہے۔ آزادی اور حوصلہ افزائی ایک بہترین امتزاج ہے، کیونکہ اسی سے اچھے نتائج حاصل ہوتے ہیں۔
سچن تندولکر نے والدین سے وعدہ لینے کی کوشش کی کہ وہ اپنے بچوں پر غیر ضروری دباؤ نہیں ڈالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ناکامی دراصل سیکھنے کی بنیاد ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں والدین سے ایک وعدہ چاہتا ہوں کہ آپ اپنے بچوں پر دباؤ نہیں ڈالیں گے۔ ناکامی ہی کامیابی کی بنیاد بنتی ہے۔ جب تک آپ صبر کے ساتھ انہیں سمجھاتے اور سکھاتے رہیں گے، سب ٹھیک رہے گا۔ نیت سب سے زیادہ اہم ہوتی ہے۔ ہر بلے باز آؤٹ ہوتا ہے اور ہر گیند باز رنز دیتا ہے، یہ کرکٹ کا معمول ہے۔
آخر میں سچن تندولکر نے کہا کہ ہندوستان ایک کھیل پسند ملک ضرور ہے، مگر اب اسے ایک کھیلنے والا ملک بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ یہ محسوس کرتا رہا ہوں کہ ہندوستان کھیلوں سے محبت کرنے والی قوم ہے، مگر ہمیں اسے کھیلنے والی قوم میں تبدیل کرنا ہوگا۔