ٹی20 ورلڈ کپ میں ہیٹ ٹرک اور اولمپک گولڈ ٹیم ہند کا ہدف: سوریہ کمار یادو

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 16-03-2026
ٹی20 ورلڈ کپ میں  ہیٹ ٹرک اور اولمپک گولڈ ٹیم ہند کا ہدف: سوریہ کمار یادو
ٹی20 ورلڈ کپ میں ہیٹ ٹرک اور اولمپک گولڈ ٹیم ہند کا ہدف: سوریہ کمار یادو

 



نئی دہلی :ہندستانی مردوں کی ٹی20 ٹیم کے کپتان سوریہ کمار یادو نے 2028 کے ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے اور مسلسل تیسری بار عالمی خطاب حاصل کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم 2028 لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کے مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے کا بھی ہدف رکھتی ہے۔

بی سی سی آئی کے نمن ایوارڈز کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے 2026 کے ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان نے کہا کہ ہندستان کی ٹیم لگاتار تیسرا ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے کی کوشش کرے گی اور ساتھ ہی 2028 کے اولمپکس میں بھی سونے کا تمغہ حاصل کرنے کا ہدف رکھے گی۔ انہوں نے اولمپکس میں کرکٹ کی شمولیت کو ایک اہم اور خوش آئند پیش رفت قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک بڑی بات ہے کہ اتنا بڑا عالمی مقابلہ ہو رہا ہے اور کرکٹ کو اس میں جگہ مل رہی ہے۔ یقیناً یہ ایک خاص لمحہ ہوگا۔ 2028 میں دو بڑے ایونٹ ہوں گے۔ ایک ٹی20 ورلڈ کپ اور دوسرا اولمپکس۔ اگر ہم مسلسل دو بار جیت سکتے ہیں تو پھر تیسری بار کیوں نہیں اور یقیناً اولمپک گولڈ بھی ہمارا ہدف ہوگا۔

ہندستان کی وائٹ بال کرکٹ میں برتری کے بارے میں سوال کے جواب میں سوریہ کمار یادو نے کہا کہ اصل پیش رفت 2024 کے آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ کی جیت سے ہوئی جس نے ٹیم کو عالمی خطاب جیتنے کا ذائقہ چکھایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کے بعد آنے والی کامیابیاں جیسے 2025 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں خواتین ٹیم کا ون ڈے ورلڈ کپ جیتنا اور 2026 میں مردوں کی ٹیم کا ٹی20 ورلڈ کپ جیتنا اس رفتار کو مزید مضبوط کر چکی ہیں۔

ان کے مطابق ٹیم نے جب ایک بار آئی سی سی ٹرافی جیتنے کا تجربہ حاصل کر لیا تو اب پیچھے مڑ کر دیکھنے کا سوال نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب یہ کامیابیوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے تو کوشش یہی ہوگی کہ زیادہ سے زیادہ آئی سی سی ٹرافیاں جیتی جائیں۔