ٹیم انڈیا نے تاریخ رقم کی، پہلا اسکواش ورلڈ کپ ٹائٹل جیتا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 15-12-2025
ٹیم انڈیا نے تاریخ رقم کی، پہلا اسکواش ورلڈ کپ ٹائٹل جیتا
ٹیم انڈیا نے تاریخ رقم کی، پہلا اسکواش ورلڈ کپ ٹائٹل جیتا

 



چینئی:ہندوستانی اسکواش ٹیم نے اتوار کے روز تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی بار اسکواش ورلڈ کپ کا خطاب جیت لیا۔ چینئی میں کھیلے گئے فائنل میں ٹیم نے ٹاپ سیڈ ہانگ کانگ کو شکست دی۔یہ کامیابی اسکواش ورلڈ کپ میں ہندوستان کی بڑی پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔ اس سے قبل ٹیم کی بہترین کارکردگی 2023 کے ایڈیشن میں کانسی کا تمغہ تھی۔

پورے ٹورنامنٹ میں ہندوستانی ٹیم کا غلبہ رہا اور اس نے ٹرافی جیتنے کے سفر میں ایک بھی میچ نہیں ہارا۔گروپ مرحلے میں ہندوستان نے سوئٹزرلینڈ اور برازیل کو 4-0 سے شکست دی۔ کوارٹر فائنل میں جنوبی افریقہ کو 3-0 سے ہرایا۔ اس کے بعد سیمی فائنل میں دفاعی اور دو بار کے چیمپئن مصر کو بھی 3-0 سے شکست دی۔اتوار کو فائنل میں 79 ویں رینک کی تجربہ کار جوشنا چنپا نے خواتین سنگلز کے ابتدائی مقابلے میں عالمی نمبر 37 لی کا یی کو 3-1 سے شکست دے کر ہندوستان کو برتری دلائی۔

ایشین گیمز کے تمغہ یافتہ اور عالمی نمبر 29 مرد سنگلز کھلاڑی ابھیے سنگھ نے عالمی نمبر 42 الیکس لاو کو 3-0 سے شکست دے کر برتری دگنی کر دی۔ یہ مقابلہ 19 منٹ میں مکمل ہوا۔17 سالہ انہت سنگھ نے عالمی نمبر 31 ٹماٹو ہو کے خلاف شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 3-0 سے کامیابی حاصل کی۔ اس فتح کے بعد ٹیم کو مردوں کے قومی چیمپئن ویلاون سینتھل کمار کو میدان میں اتارنے کی ضرورت نہیں پڑی اور ہندوستان نے تاریخی کلین سویپ مکمل کیا۔

ابھیے سنگھ نے کہا کہ یہ ایک ناقابل یقین شام ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عظیم ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ یہ کامیابی حاصل کرنے پر خود کو خوش نصیب محسوس کرتے ہیں اور یہ سال کا شاندار اختتام ہے۔اس جیت کے ساتھ ہندوستان آسٹریلیا انگلینڈ اور مصر کے بعد اسکواش ورلڈ کپ جیتنے والا چوتھا ملک بن گیا ہے۔ یہ کامیابی اس لیے بھی خاص سمجھی جا رہی ہے کیونکہ اسکواش 2028 لاس اینجلس اولمپکس میں پہلی بار اولمپک کھیل کے طور پر شامل ہونے جا رہا ہے۔